جدید دور کا نوجوان لندن چھوڑ کر پاکستان آیا - باپ کا جنازہ خود پڑھانے پر عامر لیاقت کے بیٹے کی تعریفیں

image
 
" حضرت ابوہریرۃ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرکار دو عالم صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا۔ جب انسان مر جاتا ہے تو اس کے عمل کے ثواب کا سلسلہ اس سے منقطع ہوجاتا ہے مگر تین چیزوں کے ثواب کا سلسلہ باقی رہتا ہے
(١) صدقہ جاریہ
(٢) علم جس سے نفع حاصل کیا جائے
(٣) صالح اولاد جو مرنے کے بعد اس کے لئے دعا کرے۔" (صحیح مسلم)
 
عامر لیاقت کا انتقال
پاکستان کے معروف ٹی وی اینکر اور سیاست دان عامر لیاقت حسین 9 جون کو اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے، ان کے انتقال پر پورے ملک میں مداحوں میں ایک افسوس کی لہر دوڑ گئی، کیا مخالف کیا حامی سبھی عامر لیاقت کی وفات پر افسردہ دکھائی دیئے۔عامر لیاقت کی وفات پر کئی تنازعات بھی دیکھنے میں آئے لیکن ان کی نماز جنازہ کے مناظر نے دیکھنے والوں کو عامر لیاقت کی تعریف کرنے پر مجبور کردیا کیونکہ مرحوم کا جنازہ ان کے بیٹے نے خود پڑھایا جبکہ مرحوم کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔
 
image
 
بچوں کو پیغام
عامر لیاقت نے 3 شادیاں کیں لیکن تینوں ناکام رہی جبکہ پہلی بیوی بشریٰ اقبال سے ان کے دو بچے احمد اور دعا ہیں، اپنے آخری پیغام میں عامر لیاقت حسین نے اپنے بچوں کے نام پیغام میں لکھا کہ میرے بچوں اب تم بڑے ہو گئے ہو، دعا تم لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنس سے پڑھ کر ایک شاندار مقام حاصل کرو گی اور احمد صاحب تم بڑے انجینئر بنو گے، تمہارا باپ بے قصور تھا لیکن تم نہ پہلے سمجھے اور نہ اب سمجھو گے اور اس کی وجہ بدترین سوشل میڈیا ہے جس کے سامنے اگر تم اپنا سچا روپ رکھو گے تو وہ بغیر کسی رکاوٹ کے تم کو شیطان کہہ کر پکارتے ہیں۔
 
رکن قومی اسمبلی نے اپنی بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دعا! آپ میری عزت کریں یا نہ کریں، آپ کے پچھلے اسکول کے استاد نے مجھے اپنی کلاس میں ڈیڈ مین کہا تھا اور آپ نے وقتاً فوقتاً خاموشی اختیار کی یا اپنے باپ کو برا کہا، میں آپ سے ہمیشہ محبت کروں گا۔ مجھ پر کچھ قرض ہیں ان کو جلد ادا کروں گا ابھی میرے پاس پیسے ختم ہو گئے ہیں اور ملک چھوڑ جاؤں گا۔
 
عامر لیاقت نے دونوں بچوں کو اہم مشورہ دیا کہ کسی بھی قیمت پر اپنی ماں کی عزت کرنا نہ چھوڑنا اور جب بھی اسے ضرورت ہو ان کا خیال رکھنا۔یہ بھی واضح کردوں کہ میں نے اسے طلاق نہیں دی تھی اور وہ اب بھی میری بیوی ہے لیکن اس نے اپنی خوشی سے اپنے نام کے ساتھ عامر ہٹایا ہے، وہ ایک شاندار کردار کی خاتون، پرہیزگار اور مثالی علم رکھنے والی ہیں وہ ایک عظیم ماں ہے لیکن بدترین بیوی ہے۔
 
عامر لیاقت کا مزید کہنا تھا کہ لوگ نہیں جانتے کہ 20 برسوں کے بعد میں نے دوسری بیوی کا انتخاب کیوں کیا؟ ، یہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے اور میں آپ کی والدہ کو بھی اجازت نہیں دوں گا اور کسی کو بھی اجازت نہیں دوں گا کہ میرے خاندان کی رازداری پر حملہ کرے، میں آپ دونوں سے ہمیشہ محبت کرتا رہوں گا۔
 
image
 
اکلوتا بیٹا احمد
عامر لیاقت کا اکلوتا بیٹا احمد لندن میں بسلسلہ تعلیم مقیم ہے تاہم والد کی وفات کی وجہ سے وطن واپس آنا پڑا اور سب سے اچھی بات تو یہ ہے کہ احمد نے اپنے والد کا جنازہ خود پڑھایا اور دیکھنے والوں کیلئے ایک روشن مثال قائم کی۔
 
قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ کافر مان ہے { اِنَّمَا اَمْوَالُکمُ ْ وَاَوْلَادُکُمْ فِتْنَۃٌ} بیشک اموال و اولاد تمہارے لئے فتنہ( آزمائش کا ذریعہ) ہیں۔ اسی طرح ایک جگہ فرمایا{ یٰاَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوُاْ لَا تُلْہِکُمْ اَمْوالُکُمْ وَلَا اَ وْلاَدُکمُ ْ عَنْ ذِکْرِ اللّٰہِ}
 
اے ایمان والو! تمہارے مال اور تمہاری اولاد کہیں تمہیں اللہ کے ذکر سے غافل نہ کردیں ۔
 
قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی شخص کی اخروی نجات کے لئے اس کا تنہا صوم و صلوٰۃ کا پابند ہو جانا کافی نہیں ہے۔ بلکہ اس کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ جس طرح اس نے خود صوم و صلوٰۃ کی پابندی کی اور احکام شرعیہ پر عمل کیا، اسی طرح وہ اپنے بچوں اور اپنے ماتحتوں کو بھی اس کا پابند بنائے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا {یٰا اَیُّہَالَّذِیْنَ آمَنُوْا قُوْ ا اَنْفُسَکُمْ وَاَہْلِیْکُمْ نَاراً} اے ایمان والو!بچاؤ اپنے کو اور اپنوں کو اس آگ (نار جہنم ) سے جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہوںگے ۔
 
عامر لیاقت حسین کے بیٹے نے آج کے جدید دور کا نوجوان ہونے اور لندن میں تعلیم کے باوجود اسلامی تعلیمات اور والد کی تربیت کا عملی نمونہ پیش کیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر اہل اسلام اپنی اولاد کی ایسی تربیت کرے کیونکہ نیک صالح اولاد ہی انسان کا سرمایہ حیات ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE: