لیڈيز فرسٹ کا نعرہ تو لگایا جاتا ہے مگر میری ماں سب سے لاسٹ میں کھانا کھاتی ہے، ایک ٹوئٹ جس نے لوگوں کی سوچ ظاہر کر دی

image
 
عام طور پر اکثر گھرانوں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کھانے کے وقت باورچی خانے کے اندر سے گرم گرم پھلکے اڑتے ہوئے آرہے ہوتے ہیں اور گھر کے سب لوگ مزے لے لے کر کھا رہے ہوتے ہیں اور جب سالن ٹھنڈا ہو چکا ہوتا ہے تب ماں اپنا پسینہ پونچھتے ہوئے آخری پھلکا لے کر آتی ہیں اور اسی ٹھنڈے سالن کے ساتھ کھانے بیٹھ جاتی ہیں-
 
اس حوالے سے اگر کبھی ماں کو زور بھی دیا جائے کہ سارے پھلکے ایک ہی بار بنا کر سب کے ساتھ آکر کھانا کھا لیں تو ان کا یہی کہنا ہوتا ہے اس طرح مزہ نہیں آتا تم سب لوگ بیٹھو میں بنا بنا کر دے رہی ہوں-
 
عورت کی فطرت
ماضی کی نسبت اب حالات بدل گئے ہیں اب لڑکیوں کو بیٹوں کے بعد کھانا دینے کا رواج خال خال ہی نظر آتا ہے اور گھر کی ماں کا بعد میں کھانا کھانے کا مطلب سالن کی کمی کے بجائے اس کی فطرت میں محبت کی زیادتی ہے-
 
اسی بات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی ماں سے محبت کرنے والی ایک لڑکی نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں اس نے لکھا کہ دنیا بھر میں لیڈیز فرسٹ کا نعرہ لگایا جاتا ہے مگر میری ماں تو سب سے لاسٹ میں کھانا کھاتی ہے-
 
 
ٹوئٹ پر لوگوں کا ردعمل
اس کے اس ٹوئٹ پر مختلف لوگوں کی مختلف رائے سامنے آئی جس نے ان کے مزاج اور تربیت کو ظاہر کیا- کچھ لوگوں نے اس بات کو قبول کیا کہ واقعی ایسا ہے کہ ہماری مائیں ہمارے بعد کھانا کھاتی ہیں اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا رواج ہے مگر اس کو اب تبدیل ہو جانا چاہیے-
 
جب کہ کسی کا کہنا تھا کہ یہ غلامی کی ایک رسم ہے جس کے تحت عورت اپنے شوہر کے ساتھ بیٹھ کر کھانا نہیں کھاسکتی ہے وہ کھانا پکا تو ضرور سکتی ہے مگر ساتھ بیٹھ کر کھانے کا رواج نہیں ہے مگر اس رواج کو اب تبدیل ہو جانا چاہیے-
 
نیا زمانہ نیا رواج
جب کہ اس حوالے سے کچھ لوگوں کا یہ کہنا تھا کہ ان کے گھروں میں اس فرسودہ رسم کا خاتمہ ہو چکا ہے اور گھر کے سب افراد ایک ساتھ بیٹھ کر کھاتے ہیں- البتہ اگر کبھی گھر کے بچے پہلے کھانا کھا بھی لیں تو ماں باپ لازمی طور پر ساتھ نہ صرف کھانا کھاتے ہیں بلکہ چائے بھی پیتے ہیں-
 
عورت کو پاؤں کی جوتی ماننے والے لوگ
اس ٹوئٹ کے جواب میں کچھ افراد ایسے بھی تھے جن کا یہ ماننا تھا کہ اگر ماں آخر میں کھانا کھاتی ہے تو کوئی احسان نہیں ہے- یہ صدیوں سے چلی آتی رسم ہے اور اس سے اس کی بیٹیوں کو بھی سبق سیکھنا چاہیے جبکہ کچھ افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ گھر سنبھالنا عورت کی ذمہ داری ہے اور یہ اس کا فرض ہے کہ وہ گھر کے سب افراد کو کھانا بنا کر دے کیوں کہ مرد گھر سے باہر کے کام کرتا ہے- اس وجہ سے اگر اس نے دیر سے کھانا کھا لیا تو اس میں اعتراض کی کوئی بات نہیں ہے-
 
image
 
اپنی ماں کو خود ساتھ بٹھا کر کھلاؤ ٹوئٹ کے بجائے
جب کہ کچھ افراد نے مشورہ دینے کا حق ادا کرتے ہوئے اسی لڑکی کو مشورہ دے ڈالا کہ اگر اپنی ماں کی اتنی فکر ہے تو اس کو خود اپنے ساتھ بٹھا کر کھانا کھلا دیا کرو- اس کے اوپر تنقید کرنے کے بجائے اور دوسروں کو سنانے کے بجائے اپنے گھر کو درست کرو
 
بہرحال ! یہاں یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ محبت اور کئير کا ایک اصول ہوتا ہے کہ اگر کوئی آپ کی کئير کر رہا ہے تو جواب میں آپ کو بھی اس کا خیال رکھنا چاہیے اور اگر ماں اپنی فطرت کے سبب سب سے آخر میں کھانا کھاتی ہے تو گھر کے کسی ایک فرد کو ان کے ساتھ انتظار کر لینا چاہیے یا کم از کم ان کو بھی گرم کھانا سرو کر دینا چاہیے-
YOU MAY ALSO LIKE: