کبھی کبھار خود چائے بناکر پلائیں۔۔۔ خوشگوار ازدواجی زندگی کے وہ راز جو ہر میاں بیوی کیلئے جاننا ضروری ہیں

image
 
میاں بیوی کا رشتہ ہمیشہ سے ہی کبھی کھٹا کبھی میٹھا، کبھی تلخ تو کبھی شیریں رہا ہے، کئی جوڑے اپنے رشتے کو ہمیشہ رومانوی اور پرجوش رکھتے ہیں لیکن بعض جوڑوں کو دیکھ کر شدید حیرت کا احساس ہوتا ہے کہ حد درجہ مخالف سوچ کے حامل دو لوگ ایک ساتھ کیسے رہتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو خوشگوار ازدواجی زندگی کے حوالے سے چند اہم باتیں بتاتے ہیں جن کی مدد سے آپ بھی اپنے بے رنگ رشتے کو خوبصورت بناسکتے ہیں۔
 
احترام
باہمی احترام ایک مضبوط رشتے کا سب سے اہم حصہ ہے جو اعتماد، شکر گزاری اور وفاداری کی ایک طاقتور بنیاد بناتا ہے۔ اب یہاں سوال یہ ہے کہ اپنے ساتھی کا احترام کیسے کریں؟ سب سے پہلے شکریہ ادا کرنے کی عادت اپنائیں،یہاں تک کہ چھوٹی چیزوں کے لیے بھی ایک دوسرے کو کریڈٹ دیں۔ چیخنے چلانے کے بجائے اپنے ساتھی کے ساتھ تحمل اور عزت سے بات کریں تو یقیناً آپ کے رشتے میں اعتماد اور مضبوطی پیدا ہوگی۔
 
ساتھ وقت گزاریں
میاں بیوی کے رشتے میں دوری ایک دوسرے کو وقت نہ دینے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے کیونکہ جب دونوں فریق ایک دوسرے کو وقت دینا کم کردیتے ہیں تو یہ خوبصورت رشتہ اپنی وقعت کھونے لگتا ہے لیکن اگر آپ اپنے ساتھی کو وقت دیں، اس سے بات کریں اور یہ ضروری نہیں کہ باہر جاکر آپ ساتھ وقت گزاریں بلکہ گھر میں بھی چند لمحوں کیلئے آپ دونوں ساتھ بیٹھ کر دنیا و مافیا کے بجائے ایک دوسرے کی بات کریں تو آپ کے درمیان حائل خلیج کم ہوسکتی ہے اور آپ کو اپنے ساتھی کے بارے میں مزید جاننے کا موقع مل سکتا ہے۔
 
image
 
چھوٹی چھوٹی خوشیاں
خوشی کا تعلق پیسوں سے نہیں جذبات سے ہوتا ہے، یہ ضروری نہیں کہ آپ اپنی اہلیہ کو سونے کی چوڑیاں دینگے تو ہی وہ خوش ہوں گی بلکہ اگر آپ کا تعلق مضبوط ہے تو وہ پھولوں کے گجروں سے بھی خوش ہوجائیں گی۔ کوشش کریں کہ باہر سے گھر جاتے وقت اہلیہ کیلئے چھوٹی موٹی چیزیں لیکر جایا کریں۔ ہنسی مذاق کریں، ممکن ہو تو کبھی خود چائے بناکر پلائیں تو یقیناً چھوٹے چھوٹے کاموں سے آپ بڑی خوشیاں حاصل کرسکتے ہیں۔
 
بحث کو طول نہ دیں
اکثر میاں بیوی کے درمیان چھوٹی چھوٹی باتیں بحث میں تبدیل ہوکر جھگڑے میں بدل جاتی ہیں اور گھر کا ماحول کشیدہ ہوجاتا ہے۔ کوشش کریں کہ کسی بھی معاملے پر مختصر اور بامعنی بات کریں اور اس کو سمیٹنے کی کوشش کریں کیونکہ بات کو جتنا زیادہ طول دینگے تنازعہ اتنا ہیشدت اختیار کرتا جائے گا جس کو سمیٹنا بھی پھر اتنا ہی مشکل ہوگا۔
 
image
 
ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیں
ایک اچھے اور خوشگوار رشتے کیلئے ضروری ہے کہ دونوں فریق ایک دوسرے کا ساتھ دیں، ایک دوسرے کی آزادی، رشتوں اور ضروریات کا خیال رکھیں اور بے وجہ طعن و تشنیع کے بجائے دوستانہ طریقے سے بات کریں اور اگر کسی سے غلطی ہو جائے تو اس کو درگزر کریں اور کسی تیسرے شخص کے سامنے اپنے ساتھی کی تضحیک نہ کریںتو آپ کا رشتہ ایک خوشگوار اور پائیدار رشتے میں بدل جائیگا۔
YOU MAY ALSO LIKE: