عالمی یوم انسداد منشیات

26 جون 1989 سے یہ دن منشیات کے استعمال اور ناجائز منشیات کی خرید فروخت کے خلاف پوری دنیا ہیں انسداد منشیات اور منشیات ایک لعنت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی اس دن کو منشیات کے نقصان خصوصاً اس کے استعمال سے انسانی صحت کی تباہی و بربادی اور ملکی معیشت پر منفی اثرات سے متعلق آگاہی مہم کےتحت مختلف پروگرام جن میں سیمینارز، واک، ریلیز اور عوامی اجتماع کے دیگر پروگرامات کیۓ جاتے ہیں۔اس سلسلے میں الیکٹرا نک اور پرنٹ میڈیا پر بھی مختلف اداریے، کالمز اور ٹی وی چینلز پر ٹاک شوز کیئے جاتے ہیں جس کا واحد مقصد منشیات کے خلاف سدباب اوراس لعنت سے چھٹکارا ہوتا ہے۔گزشتہ رات راولپنڈی آرٹس کونسل اور محکمہ انسداد منشیات ( انٹی نارکوٹیکس فورس ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی) سے اشتراک سے ایک میوزیکل ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں عوامی شرکت اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوۓ ملی اور علاقائی نغمے ،لوک رقص ،صوفیانہ کلام کے علاوہ خصوصی خاکوں پر مبنی سٹیج شو پیش کیا گیا جس میں منشیات کے نقصانات ،تباہ کاریوں اور اس کے پھیلاؤ کے خلاف حکومتی سطح پر کی گئی کوششوں کا ذکر کیا گیا۔ کھیل کھیل میں عوام کو بتایا گیا کہ اس لعنت سے کیسے بھرے پرے خاندان تباہ ہو گیۓ۔ نوجوان نسل جو کہ علامہ اقبال کے خوابوں اور قائد اعظم کی امیدوں اور امنگوں کی ترجمان تھی جنہوں نے اس ملت کی قیادت کرنی تھی اور پاکستان کا بوجھ اٹھانا تھا وہ آج تباہ اور برباد ہو کر اپنا بوجھ بھی کسی کے کندھوں پر ڈالے ہوۓ ہے۔اگر آج اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں تو پتہ چلے کتنے ایسے نامی گرامی زمیندار گھرانے تھے جن کی فصلیں لہلاتی تھیں کھیت سونا اگلتے تھے۔ مگر آج اس منشیات کی لعنت سے وہ زمینیں کوڑیوں کے بھاؤ بک چکی ہیں۔ وہ گھرانے برباد ہو گۓہیں ۔ بڑی بڑی حویلیاں اور جاگیریں ویران پڑی ہے۔ کیسے کیسے خوبصورت اور سجیلے نوجوان جن کی شان میں شاعروں نے نغمے لکھے اور گلوکاروں نے گیت گنگناۓ۔ مگر نشے کی بری لت کی وجہ سے آج وہ بھر پور جوانی میں منوں مٹی تلے جا چکے ہیں۔

وطن عزیز کا کوئی ایسا بازار ،گلی کوچہ اور فٹ پاتھ نہیں جہاں آپ کو اکا دکا منشات کا عادی حالت غیر میں نہ ملا ہو۔جن کو معاشرے میں " جہاز" کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ اور آج اس لعنت کی وجہ سے ان کے اپنے پیارے ان سے نفرت کرتے ہیں اور ان کےاپنے گھروں کے دروازے ان کے لیۓ بند ہو چکے ہیں۔
اس کی کچھ معاشرتی وجوہات تو سامنے آتی ہیں جس میں غربت وافلاس ،بے روز گاری اور عدم انصاف ہے جس کی وجہ سے جو لوگ منشیات فروشوں کے ہتھے چڑھ کر عادی بنے وہ اب باقاعدہ بھکاری بھی بن گۓ اور ساتھ چھوٹی موٹی چوری چکاری بھی سیکھ لی اور نہیں تو پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچایا جیسے گٹروں کے دھکن اور سڑک کے بیچ لگے جنگلے توڑنا اور گلی محلوں اور مساجدمیں وارداتیں کرنا۔
دوسرا گروہ ماں باپ کے نا جائز لاڈ ، پیار ، ڈھیل اور دولت کی ریل پیل والے لوگ۔ یہ منشیات فروشوں کا بڑا ٹارگٹ اور ان کے کاروبار کو تقویت دیتے ہیں۔ ایک طرف تعلیم ادھوری اور ساتھ میں دیگر جرائم جیسے موبائل اور پرس چھیننا اور موٹر سائیکل اور کاروں کےڈاکے وغیرہ

منشیات بذات خود میڈیا وار اور دوسرے غیر روائتی جنگی حربوں کی طرح ایک جنگی حربہ ہے۔اب باقاعدہ روائتی ہتھیاروں سے جنگ تھوڑی ہی لڑی جاتی ہے۔دشمن کے منصوبوں میں ایک اہم ترین منصوبہ یہ بھی ہے کہ جس ملک یا قوم کو اندر ہی اندر کھوکھلا اور کمزور کرنا ہو۔ اس کی نوجوان نسل خصوصا ً طلبا کو نشے پر لگا دو۔ جس ملک کی یوتھ میں یہ لعنت آ گئی اب وہ تھوڑا ترقی کرے گا۔

اب وہ دشمن آپ کا روائتی خارجی دشمن بھی ہو سکتا ہے اور داخلی بھی جس کو ملک عزیز کی ترقی اور پھلنا پھولنا پسند نہیں ہے۔

آئیے ہم سب اپنے گردو نواح پر نظر رکھیں اورکسی بھی ایسی مشکوک سرگرمی کا نوٹس لیتے ہوۓ ملک میں موجود ذمہ دار اداروں کو اس کی بر وقت خبر کریں۔ یہ ہم سب پاکستانی شہریوں کی ذمہ داری ہے۔ ساتھ ہی اداروں سے بھی التجا ہے کہ وہ اپنی استعداد کار کو بہتر کرتے ہوۓ ان ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کریں کہ آخر یہ کون لوگ ہیں اور کن مضبوط بیساکھیوں کے سہارے پر منشیات کی نقل و حمل کرتے ہیں اورجس طرح ایک عام شہری کو آسانی سے اپنی ضرویات زندگی دستیاب ہے اس طرح منشیات کے عادی افراد کو بغیر کسی دقت کے ہر ٹاؤن شہر اورد یہات میں یہ لعنت کیسے دستیاب ہے ۔ اس نیٹ ورک کے معاو ن و مددگار کون ہیں ؟۔
 

Sibtain Zia Rizvi
About the Author: Sibtain Zia Rizvi Read More Articles by Sibtain Zia Rizvi: 25 Articles with 15115 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.