تم شادی کب کررہے ہو؟ اگر لوگ آپ سے ملنے یا بات کرنے سے کتراتے ہیں تو ان سے یہ 5 سوال کرنا چھوڑ دیں

image
 
اکثر لوگ دوسروں سے غیر ضروری سوالات اور جاسوسی کی عادت کی وجہ سے اپنی عزت اور اہمیت کھو دیتے ہیں اور رفتہ رفتہ لوگ ایسی عادت کی وجہ سے آپ سے دوری اختیار کرلیتے ہیں- لیکن اگر آپ اپنی یہ عادت تبدیل کرلیتے ہیں تو یقیناً آپ پھر سے دوسروں کیلئے قابل احترام اور باوقار شخصیت بن سکتے ہیں۔ ہم آپ کی مدد کیلئے چند ٹپس بتاتے ہیں جن پر عمل کرنے آپ کو اپنا رویہ بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
 
1۔ تم شادی کب کررہے ہو؟
اکثر لوگ دوسروں سے شادی کرنے کے حوالے سے سوال کرکے انہیں زچ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شادی ایک انسان کا ذاتی مسئلہ ہے لیکن آپ کے بار بار سوال کرنے سے سامنے والا آپ سے بدظن ہوسکتا ہے اور عین ممکن ہے کہ آپ سے بدکلامی بھی ہوجائے۔ اس لئے کوشش کریں کہ کسی سے ذاتی نوعیت کا سوال نہ کریں تاکہ آپ کی عزت برقرار رہے- لیکن اگر آپ شادی سے متعلق غیر اخلاقی اور غیر ضروری سوالات کرتے ہیں تو سامنے والا آپ سے بات کرنا ترک بھی کرسکتا ہے۔
 
image
 
2۔ بچے کب ہوں گے؟
شادی شدہ جوڑوں سے اکثر بچوں کے حوالے سے سوال بھی آپ کی عزت کم کرسکتا ہے کیونکہ بچے خدا کی دین ہیں اور جب ہونے ہیں تب ہی ہوں گے- لیکن کسی شادی شدہ جوڑے کیلئے آپ کا یہ سوال تکلیف کا باعث بن سکتا ہے اور آپ سے قطع کلامی بھی کرسکتا ہے کیونکہ بچے آپ کا مسئلہ نہیں جن کا مسئلہ ہے انہیں نمٹنے دیں- آپ غیر ضروری طور پر کسی کی نجی زندگی میں مداخلت کرکے اپنی عزت کم نہ کریں۔
 
3۔ آپ کتنا کماتے ہیں؟
ہمارے ہاں اکثر لوگوں کو دوسروں کی کمائی جاننے کا بھی بہت شوق ہوتا ہے حالانکہ کوئی کتنا بھی کمائے آپ کو اس سے ناکوئی فائدہ ہے نا نقصان- پھر بھی نجانے کیوں لوگ دوسروں کی آمدن اور ذرائع جاننے کیلئے بے چین رہتے ہیں- لیکن آپ کی یہ عادت سامنے والے کو کسی صورت نہیں بھاتی اور وہ آپ سے کنارہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس لئے دوسروں کی ٹوہ میں رہنے کے بجائے اپنے حد تک محدود رہیں تاکہ آپ کا تعلق ہمیشہ برقرار رہے۔
 
image
 
4۔ رائے تھوپنا؟
اکثر لوگوں کو دوسروں کی چیزوں میں کیڑے نکالنے کی عادت ہوتی ہے، سامنے والا مہنگی چیز لائے یا سستی، معیاری ہو یا غیر معیاری آپ کو اس پر رائے دینے کی ضرورت نہیں- کیونکہ سامنے والا اپنی مرضی اور سوچ سمجھ کر ہی چیز لایا ہوگا- لیکن اگر آپ بلاوجہ اپنی رائے تھوپنے کی کوشش کریں گے تو دوسری بار وہ آپ کو اپنی چیزیں دکھانے کی بجائے چھپانے کی کوشش کریں گے اور آپ کیلئے ایک منفی تاثر قائم کرلیں گے جس سے یقیناً آپ کو بھی دکھ ہوگا ۔ اس لئے دوسروں کو رائے دیکر اپنا وقت ضائع نہ کریں بلکہ دوسروں کی خوشی میں خوش رہنا سیکھیں۔
 
5۔ میانہ روی
دوسروں کی زندگیوں میں مداخلت اور غیر ضروری باتوں سے اپنی وقعت کم کرنے کے بجائے میانہ روی اختیار کریں اور اپنے لب و لہجے کو دوستانہ انداز میں استعمال کریں، اگر ضروری ہو تو شائستگی سے اپنی رائے دیں لیکن اس میں عاجزی اختیار کریں تاکہ سامنے والا آپ کی بات کو سنجیدگی سے سنے اور جہاں ضرورت نہ ہو وہاں بلاوجہ بات یا تنقید سے گریز کریں تو شائد آپ بھی دوسروں کیلئے پسندیدہ شخصیت بن سکتے ہیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: