جیمز ویب کا بخار اور خدا بیزار کی خوشی

کافر کہ یہ پہچان ہے کہ آفاق میں گم ہے

از: آصف جلیل احمد۔ مالیگاؤں

ناسا اور ان کے پارٹنر، یورپین اور کنیڈین خلائی ایجنسیز کے ذریعے جیمز ویب دوربین کی پہلی رنگین تصویر جس میں اربوں سال پرانی کہکشاؤں کی روشنی دیکھی جا سکتی ہے چند دنوں قبل جاری کیں،
تصویر جاری ہوتے ہی آزاد خیال خدا بیزار لبرل قسم کے لوگ متحرک ہوگئے، سائنسی ایجادات کی ڈینگ مارکر اسلامی احکام، شریعت، دین، اور اخلاقی روایات پر حملہ کرکے
خدا کے وجود پر سوالات، قرآنی احکامات پر اعتراضات، سنّتِ رسولؐ کا مذاق، علماؤں سے نفرت، داڑھی ٹوپی والوں سے بغض، ذکر و اذکار پر طنز سے پھرپور مضامین، مراسلات، اور پوسٹ کا سلسلہ دراز ہوگیا ۔ خصوصاً مسلمانوں کی دینی اقدار اور پختہ عقائد کو بنیاد پرستی قرار دے کر نئی نسلوں کو اپنی پرانی نسل کے عقیدے اور ایمان سے بدظن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ اِن سے متاثر ہوکر ہمارے اپنوں میں ایک ایسی نسل تیار ہورہی ہے جو اپنے مخصوص نظریہ حیات سے لاعلم ہے اور ان کی ہاں میں ہاں ملانے میں پیچھے نہیں۔ بلاگ ہو یا پرائیوٹ فری لانس پیج یا پھر سوشل میڈیا کے ادبی فارم ہر جگہ یہ بھولے لاعلم لبرل لوگوں کی حمایت میں اپنی سوچ اور فکر کو برہنہ کررہے ہیں۔ اِن کا مقصد ہی یہ ہے کہ انسان کو ہر قسم کی پابندی سے آزاد ہونا چاہئے، خواہ وہ مذہب کی عائد کردہ ہو یا سماج کی۔ بس اسی سبب سے روشن خیال، اعتدال پسند، نفس پرست ذہن تشکیل پاتا ہے۔ اس آزاد خیالی کی عملی انتہا یہ ہے کہ ہر وہ چیز جو پہلے سے چلی آرہی ہو، چاہے اپنے اندر صداقت و افادیت کے کتنے ہی پہلو رکھتی ہو، اسے بہرحال رد کردینا اور اس کے مقابلے میں سائنسی نقطہ نظر سے کوئی انوکھی اور نئی بات کہنا ہی روشن خیالی کی سب سے بڑی دلیل ہے۔۔
اِن عقل کے اندھوں کی کتنی بڑی بے وقوفی ہے کہ انہیں یہ تک نہیں پتہ کہ سائنس اسلام کا نابالغ بچّہ ہے۔
سائنسدان ابھی تک کل کائنات تو دور کی بات ہماری گلیکسی جس میں ہماری زمین موجود ہے اس کے بارے میں بھی اعشاریہ 005 فیصد تک معلومات حاصل نہیں کرسکی۔۔
یاد رکھیں، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو حصول علم پر زور دیتا ہے اور اس کا آغاز بھی حصول علم کے حکم سے ہوا۔ جبکہ سائنس وہ شعبہ علم ہے جو تجربہ اور مشاہدہ پر مبنی ہے اب اسلام ہی وہ دین ہے جس نے انسانیت کو تجربے اور مشاہدہ سے متعارف کرایا۔

اِنَّ فِيْ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَاخْتِلَافِ الَّيْلِ وَالنَّهَارِ لَاٰيٰتٍ لِّاُولِی الْاَلْبَابِo

’’بیشک آسمانوں اور زمین کی تخلیق میں اور شب و روز کی گردش میں عقلِ سلیم والوں کے لئے (اللہ کی قدرت کی) نشانیاں ہیںo‘‘۔

کافر کی یہ پہچان ہے کہ آفاق میں گم ہے
مومن کی یہ پہچان ہے گم اس میں ہے آفاق






Asif Jaleel
About the Author: Asif Jaleel Read More Articles by Asif Jaleel: 224 Articles with 249201 views میں عزیز ہوں سب کو پر ضرورتوں کے لئے.. View More