|
|
منے کل تم نے یونیورسٹی جانا ہے؟ گڈی آج شام کو پنکی کی
شادی میں کونسے کپڑے پہنو گی، پپو کی شادی کی تاریخ طے کرنے جانا ہے، ببلو،
سوئٹی، پوپی، ننھی، بھولا،بالا، گڈو،مودا، سومی، روزی، ڈولی جانے اس جیسے
کتنے ہی نام ہیں جنھیں ہم بچپن سے سنتے آرہے ہیں- بعض نام تو اتنے مزاحیہ
ہوتے ہیں جو دوستوں کے سامنے پکارے جائیں تو انتہائی شرمندگی کا باعث بنتے
ہیں۔ |
|
جیسے میری ایک سہیلی کو گھر میں بھنی کے نام سے پکارا
جاتاتھا ، ہم اس کے گھر گئے تو اس کی امی نے اسے بھنی بولا ہماری تو ہنسی
چھوٹ گئی ان کی امی سے اس نام کا بیک گراؤنڈ بھی پوچھ ڈالا پتا چلا کہ وہ
بچپن میں بہت غصے والی تھی اور بات بات پر غصہ کرتی تھی تو گھر والوں نے
اسے بھنوٹ کہتے کہتے بھنی کہنا شروع کر دیا اور ان ساری باتوں کے درمیان
ہماری وہ دوست شرمندہ ہوتی رہی ۔۔۔۔ |
|
عرفی نام (nick names) کیوں رکھے جاتے ہیں؟ اس کی کوئی خاص وجہ نہیں ہے بس
بعض دفعہ آپ کی عادات یا پیار میں یا آپ جیسے دکھتے ہیں یا آپ کے نام کو
چھوٹا کر دیا جاتا ہے، اس طریقے سے یہ نام پڑ جاتے ہیں لیکن حقیقتاً یہ
ہمارے پیار کے نام ہوتے ہیں جو بچپن میں ہمارے ماں باپ لاڈ کی صورت میں
ہمیں نواز دیتے ہیں جن سے چھٹکارہ حاصل کرنا تو دور کی بات ہم انھیں ناموں
سے خاندان میں جانے پہچانے جاتے ہیں اور بعض اوقات ہمیں خاندان والے ان
ناموں سے بلیک میل بھی کرتے ہیں۔ |
|
خاندان والے نام تو پھر بھی تھوڑے مہذب ہوتے ہیں لیکن جب بات دوستوں کی آتی
ہے تو پھر کوئی رعایت نہیں برتی جاتی اور نہ ہی یہ لاڈ میں رکھے جاتے ہیں
بلکہ ایسے ناموں کا چناؤ کیا جاتا ہے کہ جو ہماری شخصیت کی نہ صرف بھرپور
عکاسی کرتے ہیں بلکہ ان کو کئی گنا بڑھا چڑھا کر اور بگاڑ کر رکھا جاتا ہے۔
جس دوست کو بہت پھرنے کی عادت ہو تو اسے چوہا، لمبے دوست کو لمبو، کوئی
دوست چالاک ہو تو لومڑ، جس دوست کو بات دیر میں سمجھ آتی ہو تو ٹیوب لائٹ
بلکہ لڑکے جو اپنے دوستوں کے نام رکھتے ہیں وہ یہاں نا قابل اشاعت ہیں-
البتہ لڑکیاں اپنی سہیلیوں کو بہت ہی خوبصورت ناموں سے نوازتی ہیں جیسے
تتلی، ہنی، کوئل، شہزادی، پائل سوئیٹی، بیوٹی وغیرہ |
|
|
|
ہمارے یہاں زیادہ تر لوگ دو ناموں کے مالک ہوتے ہیں شاید
ہی کوئی شازونادر ہو جو ایک نام کے ساتھ اپنی زندگی ہنسی خوشی گزار رہا ہو
کیونکہ شاید یہ عرفی نام کسی بھی انسان کو شرمندہ کرنے کے لئے رکھے جاتے
ہیں- تصور کریں آپ آفس میں ایک اچھی پوسٹ پر ہیں اور آپ کا کوئی پرانا دوست
یا رشتہ دار وہاں پہنچتا ہے اور آپ کو بابو نام سے پکارتا ہے تو آپ اپنے
اسٹاف کے سامنے کتنی شرمندگی محسوس کریں گے۔ ہم اپنے والدین کو کتنا سمجھا
دیں لیکن ایسا ضرور ہوتا ہے کہ وہ ہمارے ہم پیشہ ساتھیوں کے سامنے ضرور
ہمارے گھر کے نام سے پکارتے ہیں- شاید انھیں عادت ہمارے گھر کے نام کی ہوتی
ہے بعض اوقات تو وہ ہمارا باہر والا نام یعنی ہمارے اصلی نام کو بھول بھی
جاتے ہیں بس یہ ان کی بناوٹ سے عاری خالص محبت ہوتی ہے جس کا کوئی نعم
البدل نہیں ۔۔ |
|
سب سے زیادہ مزاحیہ نام بابو، لڈو، منا، منی بے بی اور ننھی ہیں آپ شادی
شدہ ہوں اور آپ کے اپنے بچے دنیا میں تشریف لا چکے ہوں اور ان بچوں کے
سامنے آپ کے والد یا آپ کی والدہ آپکو ان ناموں سے پکاریں تو کس قدر مزاحیہ
لگتا ہے سمجھ نہیں آتا کہ اپنے بچوں کو پھر کن ناموں سے پکارا جائے۔ |
|
عرفی نام ہمارے کھلاڑیوں کو بھی ان کی خصوصیات پر دئیے جاتے ہیں جیسے شاہد
آفریدی -بوم بوم آفریدی، شعیب اختر- راولپنڈی ایکسپریس، سعید اجمل-جادوگر،
مشتاق احمد۔ مشی، وسیم اکرم – سلطان آف سوئنگ۔لیکن یہ وہ عرفی نام ہیں جو
پرستاروں کی طرف سے محبت میں نوازے گئے ہیں جو پکارنے میں اچھے لگتے ہیں!!! |
|
|
|
غرض عرفی نام بچپن تک تو اچھے لگتے ہیں لیکن شاید جب ہم
بڑے ہو جاتے ہیں تو ان ناموں کو ترک کروانے کا کوئی طریقہ ہونا چاہئے جو
ہمارے لئے شرمندگی کا باعث ہوجاتے ہیں آپ لوگوں کی کیا رائے ہے؟ |