کیا وہ نہیں جانتا

رب اور بندے کا تعلق

گزشتہ رات سورہ الملک پڑھتے ہوئے اچانک سے ایک آیت پہ رک سی گئی،ایسا لگتا تھا دماغ اس آیت پہ اٹک سا گیا ہے،جیسے اچانک سے کوئی خیال سا دل میں اٹھا،پھر واپس سے وہی آیت دہرائی ،دوبارہ دہرائی،اور پھر دہرائی ،جانتے ہیں کونسی آیت تھی؟
"اَلَا یَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ؟
کیا وہ نہیں جانتا جس نے پیدا کیا ہے؟

ایسا محسوس ہوا کہ واقعی میں وہ مجھ سے پوچھ رہا ہے کہ میں نہیں جانتا ؟کیا میں تمہیں نہیں جانوں گا جس نے تمہیں پیدا کیا؟کیا میں نہیں جانوں گا کہ جس کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہوں ؟

ایسا لگا کہ ایک جواب مل گیا مجھے اس کی طرف سے جس نے مجھے تخلیق کیا.

ایک سائنسدان جب کوئی کیمیکل یا دوا ایجاد کرتا ہے تو سب سے بہتر وہی جانتا ہے کہ یہ کس طرح بنائی گئی ہے،اس کے لئے کتنا ٹمپریچر بہتر ہے،اس کو کہاں رکھنا ہے اس کو کیسے کیسے استعمال کرنا ہے ،کب یہ نقصان دہ ہوسکتی ہے وغیرہ وغیرہ،کیوں کہ اس نے جب ایک چیز کو بنایا ہے تو اسی وجہ سے وہ ہر چیز سے واقف ہے۔اسی طرح ایک ماں اپنے بچے کو سب انسانوں سے بہتر جانتی ہے،اس کے مزاج سے واقفیت رکھتی ہے،اسے کیا پسند ہے،کیا ناپسند ہے،اس کے لئے کیا اچھا ہے،کیا برا ہے غرض کہ اس کی شخصیت کے تمام پہلوؤں سے واقف ہوتی ہے۔

تو پھر کیا ہمارا رب ہمیں نہیں جانتا؟کیا وہ نہیں جانتا کہ میرے بندے کے لئے کیا بہتر ہے،میرے بندے کو کیا چیز تکلیف پہنچاسکتی ہے،میرا بندہ کتنی آزمائشیں برداشت کرسکتا ہے؟وہی جانتا ہے کیونکہ وہی جان سکتا ہے ،جب ایک ماں اپنے بچے کو تکلیف نہیں دے سکتی،اس کا رونا برداشت نہیں کر سکتی تو وہ جس ذات نے آپ کو اور مجھے تخلیق کیا ہے،وہ کیسے ہمیں اکیلا چھوڑ سکتی ہے؟کبھی نہیں وہ رب ہمیشہ سے *ہمارے ساتھ* تھا،ساتھ ہے اور ساتھ رہے گا انشاء اللّٰه ،بس امید اور یقین کی ضرورت ہے۔
 

Sadia Naz
About the Author: Sadia Naz Read More Articles by Sadia Naz: 2 Articles with 1525 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.