اپنا رشتہ مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو یہ چیزیں چھوڑ دیں؟ وہ اہم باتیں جو ہر شادی شدہ جوڑے کو معلوم ہونی چاہئیں

image
 
میاں بیوی کا رشتہ دنیا کے سب سے خوبصورت رشتوں میں سے ایک ہے، یہ ایک ایسا احساس ہے جس میں محبت ہی محبت نظر آتی ہے لیکن آج ہمارے معاشرے میں طلاق اور علیحدگی ( طلاق کے بغیر الگ رہنا) کے معاملات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ماضی میں والدین کی پسند سے ہونیوالی شادیاں انتہائی کامیاب اور آج کل پسند کا عنصر غالب ہونے کے باوجود رشتے کمزور کیوں ہورہے ہیں آئیے ایک نظر دیکھتے ہیں۔
 
سسرال میں تنازعات
شادی کے بعد میاں بیوی کے درمیان سسرال کے حوالے سے تنازعات عام ہیں، یہاں خواتین کیلئے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ روز سسرال والوں کی شکایت شوہر کی نظر میں آپ کی اہمیت کم کرے گی۔ حالات کو سازگار بنانے اور سسرال میں اچھا تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں تو شوہر کی نظر میں اپ کی عزت بڑھے گی اور شوہر حضرات بھی بیوی کے اہل خانہ یعنی اپنے سسرال پر بے جا تنقید اور بیوی کو طعن و شنیع کا نشانہ بنانے سے گریز کریں تو غلط فہمیاں کم ہوسکتی ہیں۔
 
بدلنے کی کوشش کرنا
ہر عورت سوچتی ہے کہ وہ اپنے شوہر کو بدل سکتی ہے، اسے بہتر کر سکتی ہے، اس کی بری عادتوں کو ختم کرسکتی ہے اور ہر شوہر کا خیال یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنی بیوی کو اپنی پسند کے سانچے میں ڈھال سکتا ہے لیکن دیکھا یہ گیا ہے کہ دوسرے کو بدلتے بدلتے دونوں ساتھی خود ہی بدل جاتے ہیں اور اسی کھینچا تانی میں آپ کا رشتہ کمزور ہوتا جاتا ہے۔ کوشش کریں کہ ایک دوسرے کی چھوٹی چھوٹی باتوں اور کوتاہیوں کو نظر انداز کریں اور مثبت چیزوں پر توجہ دیں تو چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑائی جھگڑے کم ہوسکتے ہیں۔
 
image
 
بے جا پریشان کرنا
میاں بیوی کا ایک دوسرے سے پیار کا اظہار ایک بہترین عمل ہے لیکن اگر شوہر کام پر ہو تو بار بار فون کرکے پریشان کرنا مناسب نہیں کیونکہ اس سے آپ کے شوہر کا کام متاثر ہوسکتا ہے جس کا اثر اس کے موڈ پر ہوگا۔ کوشش کریں کہ شوہر کو زیادہ پریشان نہ کریں اور شوہر بھی گھر میں کوئی چیز نہ ملے یا کھانے میں تاخیر ہوجائے تو تحمل کا مظاہرہ کریں تو شائد آپ بدمزگی کا راستہ روک سکتے ہیں۔
 
ہر وقت مسائل کا رونا/ دوسروں کی مثالیں دینا
اکثر گھروں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ خواتین ہر وقت مسائل کا رونا اور دوسروں کی مثالیں دیکر شوہر کو پریشان کرتی ہیں اور بیوی کی بے جافرمائشیں پوری کرنے کیلئے شوہر محنت کے علاوہ قرضوں میں دھنس جاتے ہیں۔ آپ کے پاس جو ہے جتنا ہے اس پر قناعت کریں اور اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائیں تو آپ قرضوں کے مسائل سے بچ سکتے ہیں اور شوہر حضرات بیویوں کے جائز مطالبات کو نظر انداز کرنے کے بجائے ضروریات کو پورا کریں تاکہ بیوی کو گلہ کرنے کا موقع نہ ملے۔
 
image
 
عدم توجہی
آج رشتوں میں کمزوری کی ایک وجہ سوشل میڈیا بھی ہے، میاں بیوی ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں لیکن دونوں اپنے فون میں مصروف ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے کو وقت نہیں دیتے۔ کوشش کریں کہ جب ساتھ ہوں تو فون کا بے وجہ استعمال نہ کریں اور آپس میں ایک دوسرے کو وقت دیں۔ اکثر لوگ سوشل میڈیا پر انجان لوگوں سے رشتہ داریاں بنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن گھر میں موجود رشتوں کیلئے وقت نہیں ہوتا۔ آپ کی تھوڑی سی توجہ آپ کے ساتھ کو آپ کی طرف مائل کرسکتی ہے۔ کوشش کریں کہ دونوں آپس میں بات چیت کریں۔ ممکن ہو تو ہفتے میں ایک بار گھومنے ضرور جائیں ، یہ ضروری نہیں کہ مہنگی جگہوں پر جانے سے ہی خوشی ہو بلکہ آپ کسی بھی قریب پارک میں جائیں اور کچھ وقت ایک دوسرے کی ذات سے متعلق بات چیت کرکے صرف کریں تو آپ دونوں کو ایک دوسرے کو مزید جاننے کا موقع ملے گا اور انشا اللہ آپ کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔
YOU MAY ALSO LIKE: