میری بہن میرے دوستوں کے سامنے نہیں آئے گی، بھائيوں کے کچھ ایسے حکم جو آج کے دور میں پسند نہیں کیے جاتے

image
 
ہمارے معاشرے میں بھائیوں کو بہنوں کا محا‌فظ تصور کیا جاتا ہے جس کے سبب بھائی چھوٹا بھی ہو، بہن پر حکم چلانا اپنا حق سمجھتا ہے۔ ماضی میں تو کچھ گھروں میں بہنوں کو کھانا بھی بھائیوں کے بعد ملتا تھا مگر اب اللہ کا شکر ہے کہ حالات کافی حد تک تبدیل ہو چکے ہیں- مگر آج کے دور میں بھی بھائيوں کی بہنوں کے معاملے میں کچھ معاملات میں مداخلت بہنوں کے لیے کوفت کا سبب بن سکتی ہے جس کے حوالے سے آج ہم آپ کو بتائیں گے-
 
1: یہ اس جگہ نہیں پڑھے گی
اکثر گھرانوں میں بھائیوں کو بہنوں کے ایسے تعلیمی اداروں میں پڑھنے پر سخت اعتراض ہوتا ہے جہاں مخلوط تعلیم دی جاتی ہے اور بدقسمتی سے اس وقت ہمارے ملک کی زیادہ تر یونیورسٹیوں میں مخلوط تعلیم دی جاتی ہے۔ اس وجہ سے ہمارے معاشرے میں زيادہ تر لڑکیوں کی تعلیم کا سلسلہ انٹر کے بعد بند کروا دیا جاتا ہے کیوں کہ ان کے بھائيوں کو ان کے لڑکوں کے ساتھ پڑھنے پر اعتراض ہوتا ہے-
 
2: یہ مضمون لڑکے پڑھتے ہیں
سائنس کی تعلیم یا کمپیوٹر کی تعلیم یا پھر پیشہ ورانہ شعبوں میں تعلیم کے حصول کی راہ میں بھی بھائی ظالم سماج بن کر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ان کا یہ کہنا ہوتا ہے کہ ان شعبوں میں تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیوں کہ ان شعبوں میں لڑکیوں کے لیے کیرئير اسکوپ نہیں ہے اس وجہ سے اب تک لڑکیاں صرف ٹیچنگ یا میڈیکل کے شعبے تک محدود رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے-
 
image
 
3: میرے دوستوں کے سامنے آنے کی ضرورت نہیں ہے
بھائيوں کے نزدیک بہن ان کی عزت ہے اور اس کے بارے میں کوئی لڑکا بات کرے تو اس سے ان کی عزت میں کمی واقع ہوتی ہے- اس وجہ سے بھائی اگرچہ چھوٹا ہی کیوں نہ ہو اس کے دوستوں کے گھر میں آنے کے بعد بہنوں کو ایک کمرے میں قید کر دیا جاتا ہے تاکہ اس کی ایک جھلک بھی اس کے دوست نہ دیکھ سکیں-
 
4: اس کی اس سہیلی کا کریکٹر ٹھیک نہیں ہے
لڑکوں کو عام طور پر گھر سے باہر کی بہت ساری ایسی چیزوں کا بھی پتہ ہوتا ہے جس سے گھر کی چاردیواری میں رہنے والے ناواقف ہوتے ہیں اور اس بات کا فائدہ اکثر لڑکے اس حد تک بھی اٹھاتے ہیں کہ بہنوں کی سہیلیوں کا انتخاب بھی وہ اپنی مرضی سے کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کے توجیہہ کے طور پر بہن کی سہیلی کے کیریکٹر میں خرابی قرار دیتے ہیں-
 
image
 
5: یہ کپڑے پہن کر باہر نہیں جائے
ایک بار پھر وہی بات کہ بہنیں بھائی کی عزت ہوتی ہیں اس وجہ سے بھائی یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ یہ جب گھر سے باہر نکلے تو اس کا حلیہ ان کی مرضی کا ہونا چاہیے-اگر وہ بہن کو سخت پردے میں دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ بہن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا خیال رکھے-
 
یاد رکھیں! بہن ایک زندہ انسان ہے اس کی بھی اپنی پسند نا پسند ہے اس کے اوپر اپنی پسند کو مسلط کرنے کے بجائے باہمی مشورے کے ذریعے چیزوں کو طے کیا جا سکتا ہے۔ کسی اچھی بات کو دھونس کے ذریعے جب منوانے کی ضد کی جاتی ہے تو وہ ضد بن جاتی ہے اس وجہ سے اگر بہن سے کچھ منوانا بھی ہے تو اس سے پیار محبت سے بات کریں-
YOU MAY ALSO LIKE: