میرے بچے میری بات نہیں سنتے، بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے کچھ ایسے طریقے جو ان کو آپ کا فرمانبردار بنا دیں

image
 
آج کل تمام والدین اس بات کا گلہ کرتے نظر آتے ہیں کہ ہم تو اپنے ماں باپ کی اتنی عزت کرتے تھے ان کی بات سنتے تھے مگر آج کی نئی نسل بہت بگڑ گئی ہے اور وہ ماں باپ کی عزت کرنا بھول گئے ہیں۔ نہ بات مانتے ہیں اور نہ ہی عزت کرتے ہیں لیکن کیا کبھی آپ نے اس کی وجہ جاننے کی کوشش کی ہے؟ کیا کبھی سوچا کہ وہ کیا تھا جو آپ کے والدین نے تو آپ کو دیا مگر آپ نے اپنے بچوں کو وہ نہیں دیا؟
 
آج کے والدین اور ماضی کے والدین کا فرق
آج کے والدین یہ دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں کہ ہم نے اپنے بچوں کو وہ سب دیا ہے جو ہمیں اپنے والدین سے نہیں ملا۔ ہمارے دور میں عید تہوار کے علاوہ ہوٹل سے کھانا نہیں کھایا جاتا تھا آج ہم اپنے بچے کو ہر ہفتے باہر سے پیزا اور برگر کھلاتے ہیں۔ ہم میلوں پیدل چل کر اسکول جایا کرتے تھے آج بچوں کو دروازے سے وین پک کرتی ہے اور دروازے پر چھوڑتی ہے۔ ساری سہولتیں دینے کے باجود بچے ہمارا احسان ماننے کو تیار نہیں ہوتے- مگر حقیقت یہ ہے کہ آج کے والدین نے بچوں کو مادی سہولیات تو ضرور دے دی ہیں مگر ایک اہم چیز دینا بھول گئے جس کی ان کے پاس بھی بہت کمی ہو گئی ہے اور وہ چیز ہے وقت- آج کے والدین کے پاس اپنے بچے کے ساتھ وقت گزارنے کا ہی وقت نہیں ہے اور اگر غلطی سے وقت مل بھی جاتا ہے تو اس وقت میں بچے اپنے فون میں گم اور والدین اپنے فون میں گم ہوتے ہیں-
 
بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے کچھ طریقے
بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے کچھ طریقے آج ہم آپ کو بتائيں گے جن پر عمل کرنے سے قبل یہ بات طے کر لیں کہ اس وقت میں نہ تو آپ موبائل کو ہاتھ لگائيں گے اور نہ ہی بچوں کو دیں گے۔ اب ہم آپ کو کچھ طریقے بتائيں گے جو آپ کے اور آپ کے بچوں کے درمیان کی دوری کو کم کرکے ان کو آپ کے قریب کر دیں گے-
 
1: بچوں سے ان کے اسکول اور دوستوں کی بات کریں
عام طور پر بچوں کے پاس اسکول سے آنے کے بعد سنانے کے لیے بہت ساری کہانیاں ہوتی ہیں۔ ان کہانیوں کو سننے سے نہ صرف آپ کو ان کے معمولات سے آگاہی ہوتی رہے گی بلکہ اس طرح سے بچہ بھی آپ کو اپنا دوست سمجھنے لگے گا۔
 
image
 
2: صرف سنیں نہ بلکہ سنائيں بھی
بچوں کو اپنی زندگی اور اپنے بچپن کے قصے سنائيں اس طرح سے بچے کو نہ صرف آپ کے بارے میں جاننے کی مدد ملے گی بلکہ وہ آپ کے تجربات سے سیکھنا بھی شروع کر دے گا-
 
3: بات سنیں مگر نصیحت نہ کریں
عمر کے اس حصے میں بھی اگر آپ کے قریبی دوست اگر آپ کو ہر وقت نصیحت کریں تو آپ اس سے دور ہو جاتے ہیں تو اپنے بچوں کو خود سے قریب کرنا ہے تو ان کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے ہر وقت نصیحت نہ کریں بلکہ اس کو کسی اور وقت کے لیے اٹھا رکھیں.
 
4: بچوں کے ساتھ مل کر کچھ نیا کریں
بچے نئی چیزیں سیکھنے میں بہت دلچسپی لیتے ہیں اور ایسے فرد کے ساتھ جڑ جاتے ہیں جو ایڈونچر میں اس کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ تو ہر وقت بچے پر رعب جمانے کے بجائے ان کی شرارتوں کا حصہ بنیں۔ ان کے ساتھ مل کر کچھ نیا کریں اور ان کو کچھ نیا سکھائيں-
 
image
 
5: بچوں سے ایسے سوالات کریں جن کے جواب وہ ہاں نہ کے علاوہ دیں
بچوں سے گفتگو کرنے کا سب سے بہترین ہنر یہ ہے کہ ان سے ایسے سوالات پوچھیں جن کے جوابات وہ ہاں یا ناں کے علاوہ بھی دے سکیں تاکہ وہ اپنے دل کی بات کر سکیں-
 
ان طریقوں کو اپنانے کے بعد آپ خود محسوس کریں گے کہ بچے آپ کے نہ صرف قریب آگئے ہیں بلکہ وہ آپ کی بات ماننے کے ساتھ آپ کا احترام کرنا بھی شروع کر دیں گے-
YOU MAY ALSO LIKE: