دو سگے بھائیوں کے عزم و ہمت کی داستان٬ بھیک مانگنے کے بجائے اپنا کاروبار کھول لیا

image
 
ہر شہر میں آپ کو جگہ جگہ بالکل تندرست اور صحت مند لوگ بھیک مانگتے نظر آئیں گے لیکن ہمارے معاشرے میں ایسے لوگوں کی بھی کوئی کمی نہیں جو ہر طرح کے حالات مقابلہ کرنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ایسی ہی ایک روشن مثال بریو برادرز بھی ہیں جو پراسرار بیماری کا شکار ہونے کے باوجود بھیک مانگنے یا دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی محنت اور اللہ پر ایمان کی بدولت آج راولپنڈی شہر میں کامیابی کاروبار کررہے ہیں۔ ان کو کونسی بیماری لاحق ہے ،کاروبار کا خیال کیسے آیا اور دیگر احوال جاننے کیلئے ان سے کچھ بات چیت کرتے ہیں۔
 
سوال: آپ کس بیماری کا شکار ہیں اور اس کا علاج کیا ہے؟
جواب: میرا نام عمران ہے اور میرے بڑے بھائی عزیر بھی میری طرح بیماری کا شکار ہیں، ہم دونوں بھائیوں نے ملکر ایک کیفے بنایا ہے جہاں لوگوں کو بہترین چنا چاٹ اور بریانی فراہم کی جاتی ہے، مستقبل میں ہم مزید ڈشز یہاں مہیا کرینگے، اس سے پہلے ہم پیارا پاکستان کے نام سے اپنا یوٹیوب چینل چلاتے تھے، ابھی بھی یوٹیوب چینل چلاتے ہیں، ہم دونوں بھائی اوسٹیو جینسس نامی بیماری کا شکار ہیں، اس بیماری میں ہڈیاں کمزور ہو کر کھانسنے اور چھینکنے سے بھی ٹوٹ جاتی ہیں۔
 
سوال: آپ کو دوسروں کی طرح بھیک مانگنے کے بجائے کام کرنے کا خیال کیسے آیا؟
جواب: جب انسان کی ضروریات پوری نہ ہوں تو کچھ کرنے کا خیال آتا ہے، ہمارے پاس بھی مانگنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، ہمارے پاس دو راستے تھے اللہ سے مانگیں یا اللہ کے بندوں سے مانگیں، ہمیں اللہ سے مانگنا زیادہ بہتر لگا۔ اللہ سے دعا مانگی کہ ہم محنت کرینگے کامیابی آپ نے دینی ہے، ہم نے یوٹیوب چینل بناکر کام شروع کیا، کوئی بھی کام سرمایہ کاری کے بغیر نہیں ہوسکتا، ہمیں بھی ابتداء میں کافی مشکلات پیش آئیں اپنے پاس سے کچھ پیسہ لگایا، ایک نارمل انسان کی طرح سفر کرنا ہمارے لئے بہت مشکل ہے، ہمیں باقاعدہ اسٹوڈیو بنانے میں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، اس لئے ہم نے اپنی مالی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اپنا کاروبار شروع کیا، ہمارے اس عمل کو دیکھ کر لوگوں کو سبق حاصل کرنا چاہیے۔
 
 
سوال: آپ لوگوں کو کیا پیغام دینا چاہیں گے؟
جواب: میں ہوں یا کوئی بھی انسان اگر وہ کوئی کام کرتا ہے تو اس کی حوصلہ افزائی ضرور کریں، میں بھی اس حال میں یہ کام کررہا ہوں تو آپ کی حوصلہ افزائی ہمارے لئے بھی اہم ہے،اگر آپ ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں تو ہماری دکان پر آکر ہماری ڈشز کا لطف اٹھائیں، آپ کی آمد بھی ہمارے حوصلے بڑھانے کا سبب بنے گی۔
 
سوال: آپ کو بریو برادرز کے پاس کھانا کھا کر کیسا لگا؟
جواب: میں یہاں فوڈ اسٹریٹ پر کھانا کھانے آیا تھا، جب میں نے ان لوگوں کا سیٹ اپ دیکھا تو بہت حیرت ہوئی، آج کل لوگ بھیک مانگنے کی عادت سے مجبور ہیں وہ ہر جگہ مانگنے کیلئے پہنچ جاتے ہیں، بریو برادرز کو دیکھ کر مجھے بہت فخر ہوا، یہاں جو بھی چیزیں کھائیں ان کا ٹیسٹ بھی اچھا تھا، ان بھائیوں کو دیکھ کر خوشی بھی ہوئی کہ جو لگ اٹھ بھی نہیں سکتے وہ بھی کام کررہے ہیں-
 
image
 
سوال: بریو برادر کیفے پر آپ کو کھانوں کا ذائقہ کیسا لگا؟
جواب: یہاں آکر بہت خوشی ہوئی،یہاں بریانی بہت مزیدار ہے، یہ بہت محنتی لوگ ہیں، ماحول بہت اچھا ہے، عمران اور عزیر دونوں بھائی بہت محنتی ہیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: