دو بہنوں کا نکاح ایک وقت یا ایک گھر میں کرنا نحوست کا سبب، ایک ایسا وہم جو والدین کو پریشان کرتا ہے حقیقت جانیں

image
 
عام طور پر ہم جتنا بھی پڑھ لکھ جائيں یا اپنی کشادہ ذہنیت کا پرچار کرتے پھریں اس کے باوجود زندگی کے کچھ معاملات ایسے ضرور ہوتے ہیں جن پر ہم نہ چاہتے ہوئے بھی توہم پرستی کا شکار ہوتے ہیں اور ایسے معاملات میں اکثر افراد یہ تک کہتے نظر آتے ہیں کہ اگرچہ ہمیں اس پر اعتبار نہیں ہے لیکن اگر خدا نخواستہ کچھ ہو گیا تو بہتر ہے کہ اس سے بچا جائے- درحقیقت یہ بات بھی توہم پرستی کی ہی دلیل ہوتی ہے ایسا ہی ایک وہم والدین کے دل میں ایک ہی گھر میں دو بہنوں کے رشتے یا دو بہنوں کے ایک وقت نکاح کے حوالے سے ہوتا ہے-
 
دو بہنوں کا ایک وقت نکاح
عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اگر دو بہنوں کا ایک ہی دن ایک وقت میں نکاح کیا جائے تو اس کے بدلے میں ایک بہن پر نحوست کا سایہ آجاتا ہے اور وہ کبھی سکھی نہیں رہ سکتی ہے-
 
یہی وجہ ہے کہ اس وہم کے سبب اکثر والدین اگر ایک ساتھ دو بہنوں کا رشتہ کر بھی دیں تو ان کا نکاح ایک دن یا ایک وقت پر نہیں کرتے ہیں اور اس کے درمیان کچھ دنوں کا فاصلہ رکھتے ہیں-
 
image
 
حقائق
اس بات کی حقیقت یہ ہے کہ پہلے تو اس کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اس کا دین سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ہر فرد کی خوشیاں اور غم اس کی تقدیر کا حصہ ہوتی ہیں- اس وجہ سے صرف ایک وقت میں نکاح کر دینے سے کسی کی تقدیر پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہے-
 
تاہم اکثر دیکھا یہ گیا ہے کہ جب ایک وقت میں دو بہنوں کا نکاح ہوتا ہے تو سمدھی ایک دوسرے سے مسابقت کا شکار ہو جاتے ہیں اور ہر ہر چیز میں مقابلے بازی کے سبب اکثر لڑکیوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کو لوگ نحوست سے تعبیر کرتے ہیں جب کہ حقیقت میں یہ ہمارے اپنے اعمال کا نتیجہ ہوتا ہے-
 
دو بہنوں کی ایک گھر میں شادی
اسی طرح اکثر والدین ایک گھر میں دو بہنوں کی دو بھائیوں سے شادی کرنے سے بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں رشتہ جتنا بھی اچھا ہو ان کا کہنا ہوتا ہے کہ ایک گھر میں دو بہنیں نہیں دینی ہیں ورنہ ایک کا گھر برباد ہو جاتا ہے-
 
حقائق
ایک بار پھر اس وہم کی بھی کوئی حقیقت نہیں ہے بلکہ یہ بھی سراسر ہمارے ذہنوں کی کارفرمائی ہے جیسے کہ انسان کی پانچ انگلیاں ایک جیسی نہیں ہوتی ہیں اسی طرح دو بہنیں بھی ایک مزاج کی نہیں ہوتی ہیں- اس وجہ سے اگر کوئی سسرال والے بڑی بہن کو دیکھ کر چھوٹی بہن کا رشتہ کر لیتے ہیں تو اس کے نتیجے میں اکثر یہ ہوتا ہے کہ ان کی امیدیں بہت بڑھی ہوئی ہوتی ہیں اور وہ چھوٹی بہن کو بھی بڑی بہن کے عکس کے طور پر دیکھتے ہیں جس میں کسی قسم کی کمی یا کجی ان کو مایوسی کا شکار کر دیتی ہے جس کی وجہ سے مسائل ہو سکتے ہیں-
 
image
 
اس کے ساتھ ساتھ ایک بہن کے ازدواجی تعلقات کا اثر بھی دوسری بہن کی زندگی پر براہ راست پڑتا ہے اس وجہ سے ایک گھر کی بربادی دوسرے گھر کو بھی برباد کر ڈالتی ہے اس وجہ سے والدین اس حوالے سے احتیاط کا شکار ہوتے ہیں-
 
یاد رکھیں !
اس طرح کی توہم پرستی اگر دل میں ہو تو کچھ نہ کچھ برا ہونے کی صورت میں خیال فوراً اسی طرف چلا جاتا ہے جو کہ شرک کے متبادل ہوتا ہے اور ہمیں خدا کی قدرت پر یقین ہونے کے بجائے ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ جیسے یہ سب کچھ ہمارے اس عمل کے سبب ہوا جو کہ ایک بڑا گناہ ہے- اس وجہ سے ایسے کسی بھی خیال کو ذہن میں لانے کے بجاۓ اپنی عقل اور فہم کے مطابق بہترین فیصلہ کریں اور باقی اللہ پر چھوڑ دیں-
YOU MAY ALSO LIKE: