عقد انامل

اس بات سے تو ہم سب واقف ہیں کہ قیامت کے دن ہمارے تمام اعضاء سے پوچھا جاۓ گا کہ انسان نے ان سے ساری زندگی کیا کام لیا۔ اسی لۓ ہمیں ہمہ وقت اپنے تمام اعضاء کی حفاظت کرنی چاہیۓ اور انہیں نیک اعمال کرنے میں استعمال کرنا چاہیۓ تاکہ جب وہ بروز قیامت گواہی دیں تو ہم اجر کے مستحق ٹھہریں نہ کہ عذاب کے۔

اسی ضمن میں یہاں میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان بیان کرتی ہوں کہ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے "انگلیوں پر کلمہ طیبہ اور تسبیحات کو گنا کرو کہ قیامت کے دن ان انگلیوں سے بھی محاسبہ ہو گا کہ اپنے اپنے اعمال بتائیں اور ان کو قوت گویائ عطا کی جاۓ گی۔" اس فرمان کے پیش نظر ہمیں بھی کوشش کرنی چاہیۓ کہ ہم جو بھی تسبیحات پڑھیں انہیں اپنی انگلیوں پر گن لیا کریں۔ ہاں اگر بڑی تعداد میں کچھ پڑھنا مقصود ہو تو تسبیح یا کاؤنٹر کا استعمال کر لیں۔ ایک نہایت توجہ طلب بات یہ ہے کہ تسبیحات کا شمارہمیشہ سیدھے ہاتھ کی انگلیوں پر کیا جاۓ کیونکہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سیدھے ہاتھ کی انگلیوں پر پڑھتے ہوۓ دیکھا ہے۔ (شمائل ترمذی۔ حصن حصین)

یہاں آپ سب کی معلومات میں اضافہ کے لۓ ایک بڑی ذبردست بات شیئر کرنا چاہونگی جو حدیث سے ثابت ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کرام رضی اللہ تعالٰی علیہم کو حکم فرمایا کرتے تھے کہ وہ تکیبر(اللہُ اکبر) تقدیس(سُبحَانَ المَلِکِ القُدُوسِ) وتہلیل(لاَ اِلٰہَ اِلؔا اللہُ) کی تعداد کا خیال رکھا کریں اور انہیں انگلیوں پر شمار کیا کریں۔ فرمایا اس لۓ کہ قیامت کے دن انگلیوں سے دریافت کیا جاۓ گا کہ کتنی تعداد میں تکبیر، تقدیس و تہلیل کی تھی۔ تکبیر، تقدیس و تہلیل کی اتنی اہمیت جاننے کے بعد ہم سب کو بھی کوشش کرنی چاہیۓ کہ اپنی مصروفیات سے کچھ وقت نکال کرذیادہ نہیں تو کم از کم ایک ایک تسبیح تکبیر، تقدیس و تہلیل کی روزانہ پڑھنے کی عادت بنائیں۔

تسبیح سے گننا اور عقد انامل (یعنی انگلیوں کے حساب کا ایک طریقہ) دونوں مسنون ہیں مگر عقد انامل حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی قولی و فعلی حدیث سے ثابت ہے اس لۓ اس کی فضیلت و اہمیت ذیادہ ہے۔

 

Asma Ahmed
About the Author: Asma Ahmed Read More Articles by Asma Ahmed: 49 Articles with 49496 views Writing is my passion whether it is about writing articles on various topics or stories that teach moral in one way or the other. My work is 100% orig.. View More