داماد کو سسرال میں رات نہیں گزارنی چاہیے، ایک اچھے داماد بننے کے ایسے طریقے جو سسرال میں حقیقی عزت دلوائیں

image
 
عام طور پر ہر جگہ شادی کے بعد لڑکیوں کے لئے اسباق کا ایک انبار ہوتا ہے شوہر کے ساتھ ایسے رہنا ساس کے ساتھ رویہ ایسا ہونا چاہیے سسر کے ساتھ اس طرح برتاو کرنا ہے- یہاں تک کہ لڑکی کو یہ بھی سکھایا جاتا ہے کہ شادی کے بعد میکے والوں کے ساتھ اس کا رویہ کیا ہونا چاہیے وغیرہ وغیرہ- مگر کہیں پر بھی لڑکے کے لیے کوئی ہدایات موجود نہیں ہوتی ہیں حالانکہ جس طرح لڑکی کی زندگی شادی کے بعد تبدیل ہوتی ہے اسی طرح لڑکے کی زندگی بھی بدل جاتی ہے- اس کا سامنا بھی نئے رشتوں سے ہوتا ہے-
 
سسرال والوں کے دل میں گھر کرنے کے لیے داماد کو ہدایات
عام طور پر داماد کو سسرال میں قدرتی طور پر بہت پروٹوکول اور عزت ملتی ہے مگر یہ عزت صرف ایک رواج کے نام پر ملتی ہے اور اگر کوئی حقیقی محبت اور عزت کا طلبگار ہو جو اس کے سسرال والے بغیر کسی دباؤ یا رواج کے دل سے کریں تو اس کے لیے اس کو کچھ عمل ایسے کرنے پڑیں گے جو اس کو سسرال والوں کے دل میں گھر کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں-
 
1: سسرال میں ہر بار کھانا کھانے سے پرہیز کریں
عام طور پر ہمارے معاشرے میں ایک روایت ہے کہ داماد بیوی کو سسرال چھوڑنے بھی جاتا ہے اور اس کو لینے بھی جاتا ہے۔ ایسے وقت میں کوشش کریں کہ سسرال میں ہر آنے جانے کے وقت میں کھانا کھانے نہ بیٹھ جائيں کیوں کہ قدر کھو دیتا ہے روز کا آنا جانا- اس وجہ سے ان پر بار بننے کے بجائے کوشش کریں کہ کھانے کے بجائے بس ایک کپ چائے یا شربت پی کر واپسی کے لیے نکل جائيں-
 
image
 
2: سسرال میں ادھر ادھر گھومنے کی ضرورت نہیں ہے
سسرال جائيں تو کوشش کریں کہ مہمان کے طور پر رہیں۔ بے تکلفی سے ہر کمرے میں جھانک تانک کرنا آپ کی عزت کو کم کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ اس وجہ سے کوشش یہ کریں کہ جس جگہ بیٹھیں وہیں سے اٹھ کر واپس آئیں-
 
3: مردوں سے گفتگو کریں
سسرال جا کر اپنی سالیوں سے بے تکلف ہونا لوگوں کو گراں گزر سکتا ہے- اس وجہ سے سسرال جب جائيں تو اپنا زيادہ وقت اپنے سسر اور سالوں کے ساتھ گزارنے کو ترجیح دیں اور خواتین کے ساتھ زيادہ بے تکلفی سے پرہیز کریں-
 
4: سسرال میں رات گزارنے سے بچیں
سسرال میں بیوی کے ساتھ جو داماد بوریا بستر لے کر رات گزارتے ہیں ان کی ظاہری طور پر تو سسرال والے بہت عزت کرتے ہیں لیکن ایک اجنبی فرد کے سبب ان کی مشکلات میں اضافہ ہو جاتا ہے- لہٰذا کسی اشد ضرورت اور مجبوری کے بغیر سسرال میں رات گزارنے سے بچنا ہی آپ کی عزت کو برقرار رکھ سکتا ہے-
 
5: سسرال خالی ہاتھ نہ جائيں
سسرال میں شادی کے بعد جب بھی جائيں اپنی جیب اور طاقت کے مطابق کچھ نہ کچھ لے کر جائيں اس طرح ایک جانب تو محبت بڑھتی ہے دوسرا آپ کی خودداری کا سکہ بھی سسرال والوں پر بیٹھتا ہے اور وہ آپ کو پسند کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں-
 
image
 
6: بیوی کو میکے زيادہ دن تک نہ بھیجیں
بیوی کو میکے زيادہ دن تک بھیجنا اگرچہ بیوی کو تو پسند ہو سکتا ہے مگر اس سے آپ کے بارے میں ان کی رائے خراب ہو سکتی ہے- اس کے علاوہ بیوی اب آپ کی ذمہ داری ہے اس وجہ سے اس کو اس کے میکے جب بھی بھیجیں اس کی ضروریات زندگی کی تمام چیزیں دے کر بھیجیں- میکے بھیجنے کا قطعی یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ نے اپنی ذمہ داری کسی اور کے حوالے کر دی ہے-
 
7: بغیر مانگے کسی کو مشورہ نہ دیں
سسرال کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی سے بچیں اور اگر کوئی آپ سے کسی معاملے میں مشورہ مانگے تو دیں اور مشورہ دینے کے بعد فیصلہ اس کے ہاتھ میں چھوڑ دیں۔ سسرال والوں کے معاملات میں اپنے مشورے کو زبردستی ٹھونسنے سے بچیں-
 
بطور داماد ان کچھ نکات پر عمل کرنے سے آپ خود محسوس کریں گے کہ سسرال والوں کے دل میں نہ صرف آپ کی وقعت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ وہ خود آپ کو اہمیت دینے پر مجبور ہو جائيں گے-
YOU MAY ALSO LIKE: