غصہ۔۔۔ہو اگر قابو تو طاقت ورنہ تذلیل کا ساماں

بعض کمزوریاں اور خامیاں عمر کے ساتھ ساتھ انسان میں در آتی ہیں۔دانستہ یا غیر دانستہ طور پر انسان چند ایسی عادات کو اختیار کر لیتا ہے جس سے اس کی شخصیت اپنا وقار کھو بیٹھتی ہے۔ عمر کے ساتھ ساتھ اختیار کی جانی والی انسانی خامیوں کو اختیار کر دہ خرابی یا کمزوری(Acquired Weakness)کہا جاتا ہے۔رویوں اور برتاؤ کی اصلاح کی معروف شخصیت ڈاکٹر الیاس نجمی نے رویوں کی اصلاح(attitude therapy)میں ان امور پر خاطر خواہ روشنی ڈالی ہے۔انسان اپنی صحت بیماری،خوشی و غم ،اتحاد ،وحشت ومسرت اور دیگر مسائل کو اپنے رویوں ،انداز فکر ،عادات خوردو نوش،سونا جاگنااور بات چیت کے طور طریقوں سے ازخود جنم دیتا ہے۔نا قص غذا کا استعمال،ورزش سے پہلو تہی،حد سے زیادہ یا کم سونا،اور ذہنی و جذباتی توانائی کو سطحی سرگرمیوں پر ضائع کرتے ہوئے آدمی اپنی جسمانی اور ذہنی صحت و تندرستی سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔اضطراب ،خلفشار اور دباؤ جب ایک دائمی کیفیت اخیتار کر لیتے ہیں تب جسم و ذہن بتدریج کمزور اور زوال پذیر ہو کر بیمار اور کمزور ہونے لگتا ہے۔ڈاکٹر نجمی کے مطابق ـ’’آدمی اپنی زندگی،صحت و تندرستی اور بیماری کے لئے خود ذمہ دار ہوتا ہے۔‘‘رویوں کو کامیابی کے حصول میں نہایت معاون اور مددگار عنصر گردانا گیا ہے۔اس مضمون میں ایسی کمزوریوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن کو انسان دانستہ یا غیر دانستہ طور پر عمر کے ساتھ ساتھ اختیار کر تا جاتا ہے جس کی وجہ سے و ہ زندگی میں ناکامی اضطراب اور مایوسی کا شکار ہوجاتا ہے۔اختیار کردہ انسانی کمزوریوں میں غصہ اور احساس کمتری کو خا ص اہمیت حا صل ہے۔اس مضمون میں غصہ پرروشنی ڈالی گئی ہے۔غصہ فطرت انسانی کا ایک اہم جزو ہے۔ہر انسان میں فطری اور جبلتی طور پر غصہ پایا جاتا ہے۔شاید ہی کوئی ایسا انسان ہو جس کو غصہ نہ آتا ہو۔غصہ کی موجودگی کو غیر ت اور خوداری پر بھی محمول کیا گیا ہے۔کیونکہ ایک غیر ت مند اور خود دار شخص ہی اپنے دشمن کا مقابلہ کر سکتا ہے۔اما م شافعی کا قول ہے ’’جو غصہ کے موقع پر غضبناک نہ ہوتو وہ انسان نہیں بلکہ گدھا ہے۔‘‘اﷲ تعالی نے انسان کو جتنی بھی طاقتیں بخشیں ہیں ان میں سے کوئی بھی بیکار اور لایعنی نہیں ہیں ۔غصہ کو منفی اور مثبت توانائی کا سر چشمہ کہا گیا ہے۔ غصہ انسانی حمیت ،غیرت اور وقار کا پاسبان ہوتا ہے۔غصہ جو ایک نعمت اور طاقت ہے اس وقت ایک بری شئے اور حرام ہوجاتا ہے جب اس کا غلط استعمال کیا جائے۔غصہ کا صحیح استعمال انسان کی شخصیت کو با وقار بنا دیتا ہے ۔غصے کا انسان میں بالکل نہ پایا جانا بھی ایک خامی ہے اور اس کوغیر پسندیدہ قرار دیا گیا ہے۔لیکن غصہ میں افراط بھی ایک بہت بڑی برائی اور کمزوری ہے۔ہماری زندگی میں زیادہ تر پریشانیاں غصہ میں افراط ہی کی وجہ سے پائی جاتی ہیں۔غصہ جہاں ایک طاقت ہے وہیں ایک خطرناک شخصی کمزوری بھی ہے۔ اگر اس پر بروقت قابو نہ پایا جائے تب برائیوں کے دیگر باب وا ہوجاتے ہیں اور شخصیت کی دلکشی اور جاذبیت مکمل مجروح ہوجاتی ہے۔اسلام ہی ایک ایسا دین ہے جو فطرت کے عین مطابق ہے۔اسلام نے غصہ کی خرابیوں اور تباہیوں سے انسانوں کو واضح طور پر خبردار کیا ہے۔غصہ پر قابو رکھنے اور عفو درگزر سے کام لینے والوں کو اسلام پسندیدگی کی نظر سے دیکھتا ہے۔’’جب ان کو غصہ آتا ہے تو اس کو پی جاتے ہیں یعنی اس کو چھپا لیتے ہیں اس پر عمل نہیں کرتے اور جنہوں نے بر اکیا ہے ان کے ساتھ معافی اوردرگزر کرتے ہیں۔‘‘(سورہ آل عمران 134)غصے کو ابھار نے کی کوئی وجہ ضرور ہوتی ہے لیکن بیشتر یہ وجہمعتبر نہیں ہوتی ہے اوراکثر و بیشتر موقعوں پر معقول بھی نہیں ہوتی ہے۔غصہ طلبہ پر بہت زیادہ منفی اثرات مرتب کر تا ہے۔ غصہ سے خون منجمد ہوجاتا ہے،ایڈرنلین ہارمون کے اخراج کی وجہ سے دباؤ پیدا کرنے والے ہارمون کے اخراج میں بھی اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے دماغ کا توازن درہم برہم ہوجاتا ہے۔اسی وجہ سے غصے کی حالت میں اکثر لوگ آپے سے باہر ہوجاتے ہیں اور قیمتی اشیاء کو بھی توڑ نے پھوڑ نے سے بھی گریز نہیں کر تے اور بعض مرتبہ خو د کو بھی زخمی کر لیتے ہیں۔

غصہ کی وجوہات: غصہ بذات خود کوئی فعل یا عمل نہیں ہوتا ہے بلکہیہ کسی شخص کی کاروائی پر آپ کا رد عمل ہوتا ہے۔غصہ مایوسی،عدم اطمینان اورحسد کی وجہ سے ابھر تا ہے۔اپنے مثبت فکر و استدالا ل کے ذریعہ ہم غصہ کو کچل سکتے ہیں۔ کچھ طلبہ اپنی کامیابی اور مقبولیت پر مطمئین رہنے کے بر خلاف دوسروں کی ان سے زیادہ کامیابی اور مقبولیت کی وجہ سے کبیدہ خاطر اور مضطرب رہتے ہیں۔زندگی کے دیگر شعبہ جات میں ہمسے زیادہ خوش قسمت اور ہم سے کم تر خوش نصیب افراد بھیپائے جاتے ہیں۔غصہ کی اہم وجوہات میں حسد بھی ایک اہم وجہ ہے۔ اپنی ذات سے عدم اطمینان کے باعث جب ہم اکثر دوسروں کی خوش بختی اور کامیابی سے اپنا تقابل اور موازنہ کرتے ہیں ایسے میں حسد کے جذبات ابھر نے کے بہت زیادہ امکانات پائے جاتے ہیں۔اس کے برعکس جب آدمی اپنے آج کا بیتے ہوئے کل سے موازنہ کر کے دیکھے کہ وہ پہلے سے زیادہ عقلمند خوش نصیبی اور قسمت والا ہے کہ نہیں کیونکہ ایک کثیر تعداد کا آج کل سے اکثر بہتر ہی پایا جاتا ہے۔یہ تقابل اور موازنہ انسان میں احساس طمانیت پیدا کرنے کے لئے کافی ہوتا ہے۔طلبہ اپنی معلومات ،علم اور قابلیت کا دوسروں سے موازنہ کرنے کے بجائے خود احتسابی کا احسا س اپنے اندر جا گزیں کر یں جس سے نہ صرف حسد سے چھٹکارا مل جائے گا بلکہ منفی غصہ کی کیفیت سے نجات مل جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ طلبہ کی شخصیت بھی سنور جائے گی۔اپنے سے اعلی معیار پر جب نظر جائے گی تو ناشکری اور عدم اطمینان کی کیفیت پیدا ہوگی اور جب اپنے سے کم تر پر نظر پڑئے گی تب انسان میں شکر گزاری کے جذبات پیدا ہوں گے اور وہ خو د کو آسود اور مطمین بھی پائے گا۔ بچوں میں غصہ پیدا کرنے کی وجوہات میں والدین کا اپنی اولاد کی کارکردگی کا دیگر بچوں کی کارکردگی اور کامیابی سے تقابل اور موازنہ کرنا بھی شامل ہے۔ خوبیوں اور قابلیت کی بناء پر ہر انسان ایک دوسرے سے مختلف واقع ہوا ہے۔والدین اپنے بچے کو اس کی قابلیت اور انفرادیت کے دائرے میں ہی پرکھیں نہ کہ دیگر معیارات کی کسوٹی پر پرکھتے ہوئے اپنے بچوں کو ذہنی اور اعصابی خلفشار سے دوچار کریں۔والدین کی آٓرزؤہوتی ہے کہ ان کا بچہ نصابی سرگرمیوں کے علاوہ مصوری سے لیکرموسیقی اور کھیل کو د میں بھی اعلی مظاہر ہ کر ے۔جب بچے والدین کی توقعات پر پورے نہیں اترپاتے ہیں تب ان کو ہدف تنقید و ملامت بنایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان میں دباؤ اور غصے کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے وہ جارحانہ برتاؤ کا اظہار کرنے لگتے ہیں۔بچے ذہنی اور جسمانی طور پر دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے ان میں منفی رجحانا ت جیسے بے جا شرمانا،مردم بیزاری ،غیر دوستانہ برتاؤ ،جلن اور حسد نمو پانے لگتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بالکل یک و تنہاہوکردباؤ کاشکار ہوجاتے ہیں اور نتیجتا ان سے غصے کا اظہار ہونے لگتا ہے۔ہم تمام مصائب،غم و اندوہ اور مایوسی سے بھرا ہواایک نظر نہ آنے والا سوٹ کیس اپنے ساتھ لیئے پھرتے ہیں۔اور جب یہ سوٹ کیس کھل جاتا ہے تب ہم والدین ،دوست و احباب ،اپنے چھوٹے بھائی بہنوں کو بلی کا بکر ا بنا کر اور ان کو مورد الزام ٹھہراکر اپنے ناگواری اور غصے کا اظہار کرتے ہیں۔دیکھا گیا ہے جو اپنی ہر خرابی کے لئے دوسروں کو ذمہ دار نہیں ٹھہراتے ہیں بلکہ اپنی خرابی اور خامی کا اعتراف کرتے ہیں اور اس کی اصلاح کا جذبہ بھی رکھتے ہیں وہ لوگ غصہ کا شکار نہیں ہوتے ہیں۔

غصے سے نبرد آزمائی :۔اپنی مایوسی اور محرومی کو چھپانے کے لئے غصے کا سہار ا لینے والے طلبہ اپنی پڑھائی پر توجہ مرکوز نہیں کر پاتے ہیں۔غصہ پر قابو پانے کے عمل کو (Tuning)مطابقت پیدا کر نا کہا جاتا ہے۔یہ جان کر آپ کو حیرت ہو گی کہ ہم اپنے ذہن کو tuneیعنی حالات سے مطابقت کرنے کے لئے تیار کرسکتے ہیں۔مثال کے طور پر جب کسی عورت کے شوہر کا انتقال ہوجاتا ہے تو دیکھا گیا ہے کہ بیوہ عورت دھاڑیں مار مارکر روتی ہے آہ و فغاں کرتی ہے اور سینہ کوبی کرتی نظر آتی ہے۔لیکن جب کسی کی بیوی کا انتقال ہوتا ہے تب شوہر کو صرف سسکیاں بھرتے ہی دیکھا جاتا ہے۔دونوں کی محبت میں کوئی کمی نہیں ہوتی ہے پھر کیوں طرز اظہار میں نمایا ں فرق پایا جاتا ہے۔اس کی وجہ زمانے کے مروجہ رسم و رواج اور طریقے ہیں جس کے زیر اثر ہماری تربیت اور پرورش کی گئی ہے اور سکھا یا گیا ہے کہ ’’ مر د نہیں روتے ۔‘‘اور عورتیں’’اپنے غم کے اظہار کے لئے اشک شوئی سے کام لیتی ہیں۔‘‘ آپ اگر چاہیں تو خود کو ٹیون tuneکرتے ہوئے کسی بھی واقعہ پر اپنا ردعمل ظاہر کر سکتے ہیں۔ذہن کو حالات کے مطابق بنانے میں صرف لمحوں کی ضرورت در پیش ہوتی ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے ردعمل کے اظہار سے پہلے اپنے ذہن کو tune کر لیں۔tuningمطابقت پیدا کرنے میں صرف ایک آدھا سیکنڈ کی ضرورت ہوتی ہے درجہ ذیل واقعہ کے ذریعہ یہ بات واضح کر نے کی کو شش کی جارہی ہے۔

’’فرض کیجیئے کہ آپ سڑک کے کنارے سے گزر رہے ہیں اچانک کوئی آ پ کو پیچھے سے لات ما ر تاہے۔پہلے تو آپ حیران ہوں گے پھر الجھن کا شکار ہو جائیں گے اور مڑکر دیکھیں گے۔لات مارنے والا آپ کو دیکھ کر مسکرا رہا ہے۔آپ ناراض ہوجائیں گے لیکن تہذیب کا دامن نہ چھوڑتے ہوئے اس شخص سے پوچھیں گے ’’کیا بات ہے، مجھے کیوں مارا ؟کیا تم پاگل ہو؟ـ‘‘وہ مسکر اتے ہوئے کہتا ہے ’’گدھوں کوپالتو بنانے کے لئے ان کی پیٹھ پر مارا جاتا ہے۔میں نے آپ کو اس لئے مارا ہے کہ آپ گدھے کی طر ح ہو۔‘‘آپ اپنی مٹھیاں بھینج کر چلاتے ہیں ’’کیا میں تم کو گدھا لگتا ہوں؟‘‘وہ شخص مزید قریب آکر آپ کے چہرے کو غور سے دیکھتے ہوئے معذرت کرتا ہے’’معاف کرنا،آپ گدھے کی طرح نہیں لگتے۔‘‘ایک لمحہ کے توقف کے بعد کہتا ہے ’’آپ تو بندر لگتے ہو۔‘‘آپ بے قابو ہوکر اسے ایک زور دار طمانچہ رسید کر دیتے ہیں اور آپ کی ایک انگلی اس کی آنکھ میں جا لگتی ہے اور آنکھ سے خون بہنے لگتا ہے۔قریب قریب و ہ اپنی آنکھ کھو دیتا ہے۔اسی وقت دو آدمی سادہ لباس میں ایک عمارت سے دوڑ کر اس کو پکڑلیتے ہیں اور آ پ کو بتاتے ہیں کہ یہ دواخانے سے بھا گ آیا ہے۔تب آپ نظر اٹھا کر دیکھتے ہیں کہ عمارت پر پاگل خانے کا بورڈ لگا ہوا ہے۔اب آپ کو احساس ہوتا ہے کہ وہ ایک پاگل شخص ہے۔آپ کے ہاتھ پیر شل ہوجاتے ہیں۔خون سے پاگل کی شرٹ بھیگ چکی ہے۔پاگل خانے کے ذمہ دار اسے پکڑ کر لے جارہے ہیں۔وہ شخص اپنے زخم سے بے پرواہ آپ کو ہاتھ ہلاکر آپ کے بہتر مستقبل کے لئے اپنے چہرے پر معصوم اور مجنون مسکراہٹ سجائے نیک تمنائیں پیش کر رہاہے۔‘‘اب آپ کے غصے کا کیا ہوا؟ غصے کی جگہ کونسے جذبات نے جگہ لے لی۔غصہ ،قہر اور جھنجھلاہٹ کو شرمندگی،شفقت اور ہمدردی میں تبدیل ہونے میں کتنی دیر لگی؟بمشکل ایک سیکنڈ۔اگر آپ صرف ایک سیکنڈ کے لئے انتظار کر لیتے اور خود پر قابو کر لیتے تب بالکل ایک دوسرا ہی منظر سامنے ہوتا ۔اسی ایک سیکنڈ کے توقف کو نفسیات میں tuningکہاجاتا ہے۔tuning توقف کے ضمن میں شہرۂ آفاق کتاب ’’سیون ہیابٹس آف ہائلی ایفکٹیو پیپل‘‘ کے مصنف اسٹیفن آر کوے(Stephen R.Covey) نےtuning کے لئے ایک بہترین تکنیک ’’توقف بٹن تکنیک‘‘(Pause Button Technique)کو متعارف کروایا ہے۔کوے کہتا ہے کہ ’’جذبات سے مغلوب ہوکر آپے سے باہر ہونے سے پہلے آپ اپنے ذہن کے ٹیپ ریکارڈ کے توقف بٹن(pause button)کو صرف ایک سکینڈ کے لئے دبائیں اور چار اہم عوامل و عناصر پر غور کریں۔

(1)احتساب نفس(Introspection):۔اگروہ پاگل نہیں ہے تو مجھے کیوں لات مارتا؟ یہ ایک ادنی سی بات محسوس ہوتی ہے لیکن آ پ کی ایک لمحہ کی یہ سوچ آپ کے ردعمل کو مثبت توانائی فراہم کرتی ہے اور آپ خو د سے کہنے لگتے ہیں کہ میں اس کو پلٹ کر کیوں لات مارو کیا میں بھی پاگل ہوںَ؟یہ ہی احتساب آپ کی توانائی کو ضائع ہونے سے بچاتا ہے۔ہر چھوٹے سے چھوٹے عمل کا ردعمل ہوتا ہے۔یہ ایک حقیقت ہے کہ ہم دوسروں کے افعال و اعمال پرقابو(کنٹرول) نہیں پاسکتے ہیں لیکن یہ بھی ایک آفاقی سچائی ہے کہ یقینا ہم اپنے افعال و اعمال پر ضرور کنٹرول کر سکتے ہیں۔ہمارے غموں اور دکھوں کانوے فیصد(90%) سبب دوسروں کے افعال و اعمال نہیں ہوتے ہیں بلکہ دوسروں کے افعال و اعمال پر ہمارے ردعمل کی وجہ سے ہم غم اور مایوسی کی ظلمتوں میں گم ہوجاتے ہیں۔دوسروں کے افعال پر کف افسوس ملنے ،جلنے اور کڑنے کے بجائے ہم اپنے مثبت ردعمل کے ذریعہ یقینا خو د کو مصائب ،مایوسی اور غموں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ان چاہے اور پریشان کن اور اشتعال انگیز واقعات پر جب ہم چند لمحات کے لئے غور و خوص کرتے ہیں یہ وقتی احتساب و توقف ہم کو دائمی مصائب ،پریشانیوں اور پشیمانی سے بچا لیتا ہے۔ہر انسان بالخصوص طلبہ پریشان کن اور اشتعال انگیز واقعات پر فی الفور اپنا ردعمل پیش کرنے میں سے احتراز کریں۔طلبہ کا یہ ایک دانش مندانہ اقدام ان کو مستقبل کی ذلت اور رسوائی سے محفوظ کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

(2)شعور (Consciousness):۔عارضی ردعمل کی ہمارے جذبات اور مستقل (دائمی)ردعمل کی ہمارا شعور رہبری و رہنمائی کرتا ہے۔اپنے ضمیر کو اپنا منصف (جج) بناکر پوچھیئے کہ آپ کے اعمال و افعال کو وہ قبول کرتا ہے ؟ یا پھر آپ کو بعد میں پشیمان ہونا پڑے گا۔ہم میں اکثر حضرات اپنے افعال کے لئے بعد میں پشیمانی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ہمارا شعور ہمارے افعال و اعمال کو عارضی طور پر نہیں بلکہ دائمی طور پر قبول کرے۔کسی بھی صورت حال میں اپنا ردعمل ظاہر کرنے سے پہلے آپ مطمئین ہوجائیں کہ بعد میں آپ کو اس ردعمل کی بناء رسوائی اور پشیمانی کا سامنا توکرنا نہیں پڑے گا۔

(3)تخلیقیت(Creativity):۔اس نے آپ کو مارا۔پلٹ کر آپ نے بھی اس کو مارا۔ کیا آپ نے اس سے بہتر انداز میں اپنا ردعمل یا جواب پیش کیا ہے۔ دوسروں کے کسی بھی عمل پر اپنا ردعمل مختلف ،بہتر اور تخلیقی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کریں۔ایک سیب اگر درخت سے آپ کے سر پر گر پڑے تب آپ اس کو کھانے کے بجائے اگر غور کرتے ہیں کہ سیب درخت سے ٹوٹنے کے بعد زمین پر کیوں آگرا وہ آسمان کی طرف پرواز کیوں نہیں کر گیا۔اس طرح کا فکر و استدلال آپ کو ضرور آئی زیاگ نیوٹن(Issac Newton) کی طرح ایک سائنسداں بنا دے گا۔مروجہ انداز میں غور و فکر کے بجائے خول کے باہر جھانکنے کی کوشش نیا اور مختلف زاویہ نگاہ اورتخلیقی سرگرمیوں پر عمل پیرائی کے ذریعے ہم اپنے ذہن کو حالات سے مطابقت پیدا کرنے یا باالفاظ دیگر tuning کے لائق بنا سکتے ہیں۔طلبہ کا اس طرح کا طرز عمل ذہنی توازن کی تعمیر و برقراری میں کا ر آمد ہوتا ہے۔

(4)آزادی فکر(Freedom of thought):۔منظقی و استدلالی فکر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شک ،وہم اور مایوسی سے کسی بھی عمل کو انجام دینا بھی دانشمندی سے بعید اقدام ہوتا ہے۔آ پ کے بزرگ اور سماج آ پ کی رہبری میں نمایا ں کردار انجام دیتے ہیں لیکن فرسودہ و غیر عقلی و غیر منطقی عقائد اورغیر معقول توہم پرستی آ پ کو اپنی منزل سے گمراہ کر دیتی ہے۔کوشش کر یں کہ آپ کے ردعمل کو آ پ کے مضحکہ خیز عقائد کنٹرول نہ کرنے پائیں۔غصہ کی اہم وجہ مایوسی ہوتی ہے۔ خراب تعلقات کی وجہ سے در آنے والی مایوسی،معاشی اضمحلال یا معاشی عدم تحفظ،حالات کا امیدوں کے برعکس کروٹ لینا، مستقبل کا خوف و ڈر،غیر حاصل کردہ اہداف و مقاصد وغیرہ غصے کے دائمی وجوہات ہوتے ہیں۔مایوسی پیدا کرنے والے عارضی واقعات (جب حالات امید کے برخلاف جائیں)بھی غصہ کی وجہ ہوسکتے ہیں۔مذکورہ بالا چار عناصر پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنے غصے پر قابو پاسکتے ہیں ۔ابتداء میں یہ ناممکن اور غیر حقیقی لگتے ہیں لیکن میر ا تجربہ ہے کہ جب اس کی مشق کی جائے تو یہ بالکل ممکن ہے۔دائمی غصہ انسان کو تباہ کردیتا ہے ۔دل و دماغ پربرے اثرات مرتب کرتے ہوئے اسے کمزور اور مضمحل کر دیتا ہے۔جو شخص اپنی حیثیت ،صحت اور دین کا خیر خوا ہ ہے وہ اس کا سختی سے مقابلہ کرے۔حضرت عبداﷲ بن مسعود سے مروی ہے ’’بنی کریم صلی اﷲ علیہ و سلم نے پوچھا کہ تم پہلوان کس کو سمجھتے ہو،صحابہ نے عرض کیاکہ جس کو لوگ پچھاڑ نہ سکیں،آپ ﷺ نے فرمایا ایسا نہیں ہے۔پہلوان وہ ہے جو اپنے نفس پر غصے کے وقت قابو رکھے۔‘‘اور آپ ﷺ نے فرمایا’’سب سے افضل گھونٹ جو انسان پیتا ہے وہ غصہ ہے اور اﷲ اس کا بدلہ اور جزا یہ دیں گے کہ اس کے دل کو ایمان سے بھر دیں گے۔‘‘ہم کو ہر پل یہ خیال رہنا چاہیئے کہ غصہ ہمارے اعصابی کنٹرول کو نہ چھین لے،ہماری عفت و عزت اور وقارو عظمت کو پامال نہ کردے۔غصہ ہر جگہ اور ہر حال میں برا،ناپسندیدہ اور نقصان دہ نہیں ہوتا ہے بلکہ اگر غصے کو مناسب موقعوں اور صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے تو یہ ہماری زندگی کے لئے بہت سود مند ثابت ہوتا ہے۔غصہ کو بالکل ختم کردینے کے بجائے اس طاقت و توانائی پر قابو پانے کی بچوں کو تربیت فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ لیکن ہر حال میں خیال رکھیں کہ غصہ عقل پر کبھی بھی بالا دستی نہ حاصل کر پائے۔

farooq tahir
About the Author: farooq tahir Read More Articles by farooq tahir: 133 Articles with 269438 views I am an educator lives in Hyderabad and a government teacher in Hyderabad Deccan,telangana State of India.. View More