آخر کراچی کا مستقبل ہے کیا؟ کراچی کے بڑے مسائل اور شہریوں کی رائے٬ سروے

image
 
کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور صنعتی و تجارتی مرکز بھی ہے اور اس شہر سے پاکستان کو سب سے زیادہ آمدن حاصل ہوتی ہے- لیکن اس سب کے باوجود اس شہر کے مسائل بھی روز بروز بڑھتے جارہے ہیں جس کی بڑی وجہ ہر دور کی حکومتوں کی جانب سے اسے مسلسل نظر انداز کیا جانا ہے-
 
حال ہی میں ایک فیس بک گروپ وائس آف ڈی ایچ اے کی جانب سے فیس بک پر ہی ایک سروے کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں سے کراچی کے سب سے اہم اور بڑے مسائل کے بارے میں جاننے کی کوشش کی گئی- سروے کے دوران لوگوں نے نہ صرف ووٹ کے ذریعے بڑے مسائل کی نشاندہی کی بلکہ ساتھ ہی اپنے رائے کا اظہار بھی کیا-
 
سروے کے مطابق 182 لوگوں نے کراچی کے انفر اسٹرکچر کو تباہ حال قرار دیا جبکہ 124 لوگوں کے نزدیک ہر طرف موجود کچرا کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے-
 
99 لوگوں کے نزدیک کراچی کا بڑا مسئلہ اس شہر میں موجود قبضہ مافیا ہے جبکہ 54 افراد کے مطابق کسی بھی شخص کا کراچی کی ذمہ داری قبول نہ کرنا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے-
 
image
 
تاہم 52 افراد ایسے بھی تھے جنہوں نے پلاسٹک بیگز کے استعمال کو کراچی کا ایک ترجیحی بنیادوں پر حل طلب مسئلہ قرار دیا-
 
سروے کے دوران مختلف شہریوں کا کہنا تھا کہ کراچی میں نہ تو اب کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے کوئی جگہ بچی ہے اور نہ ہی یہاں کوئی قابلِ ذکر ری سائیکلنگ کا نظام ہے- آلودگی نے کراچی میں صحت کے مسائل کو جنم دیا ہے-
 
کچرے کے ٹھکانے لگانے کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں اور ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے-
 
دوسری جانب پلاسٹک بیگ کے جلنے کے سبب فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے سانس کی بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں-
 
کچرے اور آلودگی نے کراچی شہر کے انفر اسٹرکچر کے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے جس کے اب منفی اثرات مرتب ہوگئے ہیں-
 
اس کے علاوہ شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی میں بڑھتی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بھی یہاں کی حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہیں اور یہ بھی ایک بڑا مسئلہ ہے کہ کوئی بھی شہری کبھی بھی اپنے قیمی مال و جان سے محروم ہوجاتا ہے-
 
ٹرانسپورٹ کے مسائل اور ٹوٹی ہوئی سڑکیں علیحدہ شہریوں کی ناک میں دم کیے ہوئے ہیں-
 
شہری سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ آخر کراچی کا مستقبل ہے کیا؟
YOU MAY ALSO LIKE: