ماں پر ہاتھ اٹھانے والی اولاد کی شکل کیسی ہوتی ہے، بے بس ماں کی بیٹوں کے خلاف ایسی شکایت جس نے روح کو لرزا دیا

image
 
ماں کا لفظ سنتے ہی ایک مٹھاس ایک ٹھنڈی چھاؤں کا احساس انسان کے اندر گھل سا جاتا ہے دنیا کا سب سے پہلا رشتہ جس سے انسان آشنا ہوتا ہے۔ ماں کی محبت کی بے غرضی اور سچائی کی اس سے بڑی دلیل کیا ہوگی کہ اللہ تعالیٰ نے جب بندے سے اپنی محبت کو بیان کیا تو اس کو ماں کی محبت سے تشبیہ دے ڈالی-
 
ماں وہ ہستی ہوتی ہے جو جب کروٹ بھی بدلتی ہے تو اس کے دل سے اپنی اولاد کے لیے دعا ہی نکلتی ہے۔ ماں انسان کے لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے دیا گیا ایک ایسا تحفہ ہے جس کی خدمت کر کے وہ نہ صرف دنیا میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے بلکہ آخرت کو بھی سنوار سکتا ہے-
 
دو بدقسمت اور ظالم بھائی
گزشتہ دنوں راولپنڈی پولیس نے عوام کی شکایات سننے کے لیے ایک کچھری کا اہتمام کیا جس کچہری کی سربراہی سی پی اوسید شہزاد ندیم بخاری کر رہے تھے۔ علاقے کے لوگوں کی شکایات پر فوری ایکشن کے احکامات بھی جاری کر رہے تھے مگر اچانک ان کے سامنے ایک ایسی شکایت لائی گئی جس کو دیکھ کر ان کی روح تک کانپ اٹھی-
 
سید ندیم بخاری کے مطابق ان کے سامنے ایک بوڑھی عورت ایک تحریری درخواست کے ساتھ آئی جس کا یہ کہنا تھا کہ اس کے دونوں بیٹے اس کے ساتھ نہ صرف برا سلوک کرتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ مار پیٹ کر کے ان کو تشدد کا بھی نشانہ بناتے ہیں-
 
image
 
سی پی او کی جانب سے فوری ایکشن
اس موقع پر اس شکایت کو سنتے ہی سید ندیم بخاری کا یہ کہنا تھا کہ ان کی روح تک کانپ گئی اور انہوں نے فوری طور پر ان ناخلف بھائيوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے جس کے بعد پولیس پارٹی نے فوری طور پر ایک بھائی کو تو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرے کی گرفتاری کے لیے بھی کاروائی شروع کر دی-
 
کچھ کوششوں کے بعد راولپنڈی پولیس کے مطابق دوسرا بھائی بھی گرفتار ہو گیا اور ان دونوں کے خلاف والدین کے ساتھ برے سلوک کا مقدمہ درج کر لیا گیا اور ان کے خلاف کاروائی شروع کر دی گئی-
 
سی پی او کا اس موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ والدین پر تشدد افسوسناک اور ناقابل تصور ہے اور ایسے واقعات کو کسی بھی طرح برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے-
 
سوشل میڈيا صارفین کے تبصرے
راولپنڈی پولیس کی جانب سے اس واقعہ کے سوشل میڈیا پر شئیر کیے جانے کے بعد لوگوں نے اس پر تبصرے بھی کیے جن کا کہنا تھا کہ ان دونوں بھائیوں کو اپنی ماں پر ہاتھ اٹھانے کے جرم میں کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ دوبارہ کوئی ایسی حرکت نہ کر سکے-
 
image
 
راولپنڈی پولیس نے ان لڑکوں کی گرفتاری کی خبر کے ساتھ ان کی جو تصاویر شئير کیں ان کو بلر کر دیا گیا تھا جس پر ایک صارف کا یہ کہنا تھا کہ ان کے چہرے واضح دکھائے جانے چاہیے تھے تاکہ دنیا دیکھ سکے کہ اپنی سگی ماں پر ہاتھ اٹھانے والی اولاد کی شکل کیسی ہوتی ہے-
 
اس موقع پر یہی دعا کی جاسکتی ہے کہ اللہ ایسی اولادوں کو ہدائت دے جنہوں نے اپنے ہاتھوں سے اپنی عاقبت بگاڑ دی ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: