اسلامی معاشرے میں علما ء کا کردار

قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے ’’تم بہترین اْمّت ہو جو سب لوگوں (کی رہنمائی) کے لیے ظاہر کی گئی ہے، تم بھلائی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے منع کرتے ہو اور اﷲ پر ایمان رکھتے ہو، اور اگر اہلِ کتاب بھی ایمان لے آتے تو یقینا ان کے لیے بہتر ہوتا، ان میں سے کچھ ایمان والے بھی ہیں اور ان میں سے اکثر نافرمان ہیں(آل عمران، 3/ 110)۔’’کہہ دو ، تم اﷲ کی اطاعت کرو اور رسول (صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم) کی اطاعت کرو، پھر اگر تم نے (اطاعت) سے رْوگردانی کی تو (جان لو) رسول (صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم) کے ذمہ وہی کچھ ہے جو ان پر لازم کیا گیا اور تمہارے ذمہ وہ ہے جو تم پر لازم کیا گیا ہے، اور اگر تم ان کی اطاعت کرو گے تو ہدایت پا جاؤ گے، اور رسول (صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم) پر (احکام کو) صریحاً پہنچا دینے کے سوا (کچھ لازم) نہیں ہے (النور، 24/ 54)۔حضرت ابو دردارضی اﷲ عنہ سے روایت ہے ’میں نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سناجو آدمی طلبِ علم میں کسی راستہ پر چلتا ہے تو اﷲ تعالیٰ اسے جنت کے راستے پر چلا دیتا ہے بیشک فرشتے طالبِ علم کی رضا کے لئے اس کے پاؤں تلے اپنے پر بچھاتے ہیں عالم کیلئے زمین و آسمان کی ہر چیز یہاں تک کہ پانی میں مچھلیاں بھی مغفرت طلب کرتی ہیں عابد پر عالم کی فضیلت ایسے ہی ہے جیسے چودہویں رات کے چاند کی فضیلت تمام ستاروں پر ہے بے شک علماء ، انبیاء کرام کے وارث ہیں، انبیاء کرام نے وارثت میں درہم و دینار نہیں چھوڑے بلکہ انہوں نے اپنی میراثِ علم چھوڑی پس جس نے اس (میراثِ علم) کو حاصل کیا اس نے (پیغمبرانہ میراث کا) بہت بڑا حصہ پالیا (ترمذی، ابن ماجہ)۔ سانچ کے قارئین کرام ! اوکاڑہ کی سرزمین پر علما ء کرام کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ، حضرت اسماعیل شاہ بخاری (حضرت کرمانوالے) ، شیخ القرآن حضرت مولانا غلام علی اوکاڑوی ،مولانا محمد شفیع اوکاڑوی،حضرت خواجہ محمد دین شاہ چشتی نظامی ملنگی المعروف حضور ملنگی بابا اولیاء، حضرت خواجہ مخدوم ظہورالحق مسعود شاہ سجادہ نشین دربار عالیہ چشتیہ نظامیہ ملنگیہ، حضرت خواجہ اظہار الحق مسعود شاہ قائم مقام سجادہ نشین دربار عالیہ چشتیہ نظامیہ ملنگیہ چیف ایڈیٹر ماہنامہ الملنگیہ اوکاڑہ ، سمیت دیگر علماء کرام نے شریعت ِالہٰی کی تبلیغ اور تعلیماتِ نبویﷺ کی نشر واشاعت کا فریضہ سر انجام دیا ،سانچ کے قارئین کرام !علامہ مفتی احمد یار خان رضوی کی پیدائش ضلع اوکاڑہ کی سب سے بڑی تحصیل دیپالپور کے علاقہ پپلی پہاڑ کے نواحی گاؤں بلوچی (40ڈی ) میں مولانا امیر خان بلوچ کے ہاں 1938میں ہوئی ،جامعہ حنفیہ اشرف المدارس اوکاڑہ سے ابتدائی دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد جامعہ حنفیہ قصور سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا ، شیخ الحدیث مولانامحمد عبداﷲ قصوری ،مولانا محمد منظور احمد (میانوالی ) ،مولانا مفتی محمد عبدالعزیز (کچی کوٹھی والے ) جیسے علما ء کرام سے دینی تعلیم حاصل کی ، 1952میں میٹرک کا امتحان پاس کیا ، 1958میں شیخ القرآن مولانا غلام علی اوکاڑوی کے زیر اہتمام حزب الاحناف لاہور میں منعقدہ دورہ تفسیر میں شرکت کی ، جہاں پر اس وقت کے جید علماء کرام سے قرب رہا، دورہ حدیث مولانا محمدسردار احمد قادری سے جامعہ رضویہ مظہر العلوم فیصل آباد سے مکمل کیا ،شیخ الحدیث علامہ مفتی احمد یار خان رضوی نے شیخ القرآن مولانا غلام علی اوکاڑوی کے دست حق پرست سلسلہ عالیہ قادری رضویہ میں بیت ہونے کا شرف حاصل کیا ،بعد ازاں اشر ف المدارس میں تدریسی خدمات سر انجام دینا شروع کیں ،صدر المدرسین کے منصب پر فائز رہے ،درس نظامی کے طلبا ء کو مختلف اسباق پڑھائے ،جامع مسجد غلہ منڈی میں سالہا سال خطبات جمعہ کے علاوہ بعد نماز عصر درس قرآن اور تفسیر قرآن کا اہتمام کرتے رہے ،چالیس سال خطابت کی ذمہ داری نبھائی، ضلع بھر میں آپ بہترین خطیب کے منصب پررہے ،سانچ کے قارئین کرام ! معاشرے میں چوری ، سود اور رشوت ، جھوٹ جیسی برائیاں بہت تیزی سے پروان چڑھی ہیں، ایسی صورتحال میں اور ان معاشرتی برائیوں کے سدباب کے لئے علامہ مفتی احمد یار خان رضوی کا کردار قابل تحسین رہاہے، آپ نے معاشرے میں پھیلی برائیوں کے سدباب کے لئے تدریس کا سلسلہ چالیس سال سے زائد عرصہ تک جاری رکھا ۔3رجب 1442، 16فروری 2021کو دارِ فانی سے کوچ فرماگئے ، آپ کے فرزند مفتی مظفر احمد چشتی نے نماز جنازہ کی امامت کی ، آپ کا مزار کوٹ امیر علی شاہ قبرستان ،اسٹیشن سٹاپ (مسجد )کے قریب ہے ، آپ کے فرزند مفتی مظفر احمد چشتی کوعلماء کرام نے جانشین مقرر کیا ، علامہ مفتی احمد یار خان رضوی کا دوسرا سالانہ عرس 25جنوری 2023کو بعداز نمازعشاء زیر سرپرستی مفتی محمد فضل الرحمان اوکاڑوی اور زیر صدارت مفتی مظفر احمد چشتی کے منعقد ہوگا ، جس میں خصوصی خطاب ڈاکٹر عقیل احمد ، مفتی محمد نواز بشیر ، سید وسیم الحسن شاہ کریں گے ، خصوصی منقبت راجہ شفیق فریدی بیان کریں گے ،صاحبزادہ غضنفر علی رضوی ، حافظ مکرم علی ،احسن قریشی ، سبطین علی قریشی عرس کے انتظام وانصرام کررہے ہیں ٭

 

Muhammad Mazhar Rasheed
About the Author: Muhammad Mazhar Rasheed Read More Articles by Muhammad Mazhar Rasheed: 87 Articles with 60099 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.