ایک محفوظ جشن بہار کی خوشیاں

چین کی جانب سےکووڈ۔19 سے نمٹنے کے لیے وضع کردہ نئی پالیسی کی روشنی میں ملک بھر میں چینی لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جشن بہار کی خوشیاں انتہائی جوش و خروش سے منا رہے ہیں، جو اہم ترین روایتی چینی تہواروں میں سے ایک ہے۔اگرچہ اسپرنگ فیسٹیول کی مناسبت سے سات روزہ تعطیلات کا دورانیہ ختم ہو چکا ہے مگر سفری سرگرمیاں اور جشن بہار سے جڑی دیگر تقریبات کا سلسلہ پندرہ فروری تک جاری رہے گا۔اس دوران یہ کوشش کی گئی ہے کہ طبی خدمات کی معمول پر بحالی اور ہر سطح اور ہر طرح کے مقامات پر نئے کووڈ ردعمل اقدامات کے ساتھ ، جشن بہار کی محفوظ تعطیلات کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح ملک بھر میں کلیدی گروہوں تک بروقت پہنچنے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک خصوصی رابطہ نظام قائم کیا گیا ، دیہی علاقوں میں مزید طبی مصنوعات کی ترسیل کی گئی اور کمیونٹیز میں بھی مزید طبی عملہ تعینات کیا گیا۔

انفیکشن کے خطرات کو کم کرنے کے لئے ،چینی وزارت ٹرانسپورٹ نے نقل و حمل کے مراکز میں وینٹی لیشن اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کو بہتر بنانے اور متعلقہ اہلکاروں کے تحفظ اور انتظام کو مضبوط بنایا ہے۔اسی طرح ٹرانسپورٹ خدمات کے معیار اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے نقل و حمل کی صلاحیت کو بھی بڑھایا گیا ہے ، جس میں آن لائن یا پھر "کنٹیکٹ لیس" ٹکٹ کی خریداری اور ٹکٹ چیکنگ خدمات کو فروغ دینے جیسے اقدامات شامل ہیں۔یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ رواں سال کی تعطیلات کے سیزن کے دوران 60 فیصد سے زیادہ سفر سڑک کے ذریعے کیے جا رہے ہیں۔ اسی باعث سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے ، ہائی وے سروس اسٹاپس پر بہترین صفائی ستھرائی ، جراثیم کش اور ہوادار ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے اہدافی اقدامات کیے گئے ہیں ، اور کووڈ 19 سے متاثرہ افراد یا بیمار مسافروں کے علاج کے لئے مختلف اسٹاپس پر خصوصی زون قائم کیے گئے ہیں۔

چین کے تازہ ترین انسداد کووڈ پروٹوکول کی پیروی کرتے ہوئے، مقامی ثقافت اور سیاحت کے حکام نے بھی سیاحتی مقامات اور سیاحتی و تفریحی سرگرمیوں کے ہموار آپریشن کو یقینی بنانے کے لئے نمایاں کوششیں کی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ حالیہ تعطیلات کے دوران چینی سیاحوں کی ایک کثیر تعداد یا تو ملک کے جنوب میں گرم موسم اور دھوپ سے لطف اندوز ہوئی یا پھر وہ شمال میں برفانی سیاحت سے صحیح معنوں میں محظوظ ہوئے۔ آن لائن سیاحتی پلیٹ فارم "ٹریول گو" کے مطابق ملک کے جنوب میں سانیا اور شیامین جیسے سیاحتی مقامات اور شمال مشرقی صوبہ جی لین میں چانگ بائی پہاڑ ، چھٹیوں کے موسم میں سب سے زیادہ مقبول مقامات رہے۔ متعدد صوبوں اور شہروں کے اعداد و شمار کے مطابق، ملک کے خوبصورت مقامات نے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا، جس سے گھریلو سیاحتی مارکیٹ کی مضبوط بحالی کا مظاہرہ ہوتا ہے۔

حقائق کے تناظر میں چین نے گزشتہ سال کے آخر میں وبا کی روک تھام کی پالیسی میں بہتری اور ایڈجسٹمنٹ کے بعد سے،ملک میں وبا کی روک تھام کے لیے فعال اور موثر کوششیں کی ہیں۔ خاص طور پر دیہی علاقوں میں کلیدی گروہوں کے تحفظ کو مضبوط بنایا گیا ہے۔ مناسب تیاریوں اور اپنی انسداد وبا پالیسیوں میں بروقت تبدیلی سے ، چین نے اپنے عوام کو ایک محفوظ جشن بہار کا موقع فراہم کیا ۔چین نے اپنے عملی اقدامات سے ثابت کیا کہ سائنسی پیمانے پر وبا کی روک تھام اور دانش مندانہ حکمت عملی کی بنیاد پر، آج سب کچھ بہتر سے بہتر ہو رہا ہے، اور جشن بہار کی خوشیوں کے ساتھ ساتھ مزید خوش گوار دن بھی اب قریب تر آ رہے ہیں۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1171 Articles with 475365 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More