خرچہ نہیں اٹھا سکتے تو شادی کیوں کی۔۔ میاں بیوی کے درمیان محبت کتنی بھی ہو لیکن چند معاملات میں اپنی حد کا خیال رکھیں

image
 
 رشتوں میں حدود طے کرنا ضروری ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کسی سے کتنی محبت کرتے ہیں، میاں بیوی کے درمیان اکثر تناؤ کی وجہ حدود کا تعین نہ ہونا ہی ہوسکتا ہے کیونکہ جب دونوں فریقین کے درمیان حدود کا تعین نہیں ہوتا تو بہت زیادہ مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کیسے اور کن کن معاملات میں حدود کا تعین کرکے آپ اپنے رشتے کو زیادہ مضبوط بناسکتے ہیں۔
 
حدود کا تعین کیسے کریں؟
اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کسی کو کتنے عرصے سے جانتے ہیں، آپ کسی بھی حدود قائم کر سکتے ہیں۔ سب سے پہلے اور اہم بات آپ کو جاننے کی ضرورت ہوگی کہ آپ اپنے عقائد اور اقدار کی بنیاد پر اپنے ساتھی سے کیا چاہتے ہیں۔ ان چیزوں کے بارے میں سوچیں جو آپ کو پریشان کرتی ہیں، اگر آپ کسی بات چیت کے بعد دباؤ، بے عزتی یا مغلوب محسوس کرتے ہیں تو اس پر غور کریں کہ آپ ایسا کیوں محسوس کرتے ہیں۔
 
نہیں کہنے کی صلاحیت
اکثر دیکھا گیا ہے کہ آپ کا خوش اخلاق ہونا کئی بار آپ کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ کسی بھی کام کیلئے نہ کہنا آپ کیلئے انتہائی مشکل ہوتا ہے لیکن بعض اوقات آپ کو مجبوری میں نہ کہنا پڑتا ہے تو سامنے والا مایوس ہوجاتا ہے جس کا اثر آپ کے رشتے پر پڑتا ہے- اس لئے اپنے آپ پر بھروسہ کرنا سیکھیں اور جہاں ضرورت ہو وہاں نہ ضرور کہیں تاکہ سامنے والا آپ سے زیادہ توقعات نہ باندھے۔
 
image
 
فاصلہ اختیار کرنا
میاں بیوی کے درمیان ایک مناسب حد تک فاصلہ ضرور ہونا چاہیے، آپ کو خود کو بھی وقت دینا چاہیے اور یہ آپ کو خود دیکھنا ہے کہ آپ خاموشی میں سکون محسوس کرتے ہیں یا کہیں دور پرسکون مقام پر آپ کو اطمینان ملتا ہے تو ضرور خود کو وقت دینے کی کوشش کریں تاکہ آپ اپنے رشتے کو زیادہ مضبوط انداز میں نبھانے کے قابل بن سکیں۔
 
 رازداری
ہر انسان کی زندگی اور ذات سے کوئی نہ کوئی ماضی اور راز ضرور جڑے ہوتے ہیں، اپنے ساتھی کو غیر ضروری باتوں اور ماضی سے آگاہ نہ کریں کیونکہ آپ کا ماضی کئی بار حال میں آپ کیلئے کئی مشکلات کا سبب بن جاتا ہے۔ اپنی رازداری کو خود یقینی بنائیں تاکہ دوسرا فریق آپ کی رازداری کو کبھی بحث یا لڑائی کا موضوع نہ بنائے۔
 
 تنازعات
جہاں دو لوگ ہوں وہاں چھوٹے موٹے لڑائی جھگڑے کوئی انوکھی بات نہیں ہے لیکن تنازعات یا جھگڑوں کو اتنا طول نہ دیں کہ دشمنی کا تاثر ملے بلکہ کوشش کریں کہ تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں اور کسی تیسرے کو کسی صورت اپنے جھگڑے کی بھنک بھی نہ لگنے دیں کیونکہ کسی تیسرے کی مداخلت آپ کے ساتھی کو مشتعل کرسکتی ہے جس سے آپ کے رشتے کو نقصان پہنچے گا۔
 
image
 
 احترام
لوگ آپ کے ساتھ وہی سلوک کریں گے جو آپ ان سے امید کرتے ہیں، جہاں عزت اور احترام ہوگا وہیں آپ کو بھی عزت اور احترام ملے گا لیکن جہاں رشتوں کو استعمال کرنا اور ناقدری ہو تو وہاں عزت اور احترام ملنا مشکل ہوگا۔ کوشش کریں کہ ہمیشہ عزت اور احترام دیں تاکہ آپ کو بھی بدلے میں عزت اور احترام ملے۔
 
 انحصار
اپنے ساتھی پر ایک حد تک انحصار کریں کیونکہ بیوی ہو یا شوہر دونوں ساتھی ہیں کسی کے ملازم یا غلام نہیں، اس لئے ایک دوسرے پر اتنا انحصار کریں جتنا ضروری ہو وگرنہ اپنے معاملات کو خود حل کرنے کی کوشش کریں تاکہ دوسرا فریق ذمہ داریوں کے بوجھ تلے دب کر آپ کو بھی بوجھ نہ سمجھنے لگ جائے۔
 
مالی معاملات
پاکستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے اگر گھر کے تمام افراد بھی کام کریں تو بھی گزارا مشکل ہے تو ایسے میں شوہر یا بیوی اکیلے کسی صورت گھر کے اخراجات پورے نہیں کرسکتے۔ اگر آپ کام کرنے کے قابل ہیں تو فارغ بیٹھنے اور دوسرے پر انحصار کرنے کے بجائے خود بھی کوشش کریں تاکہ دوسرے پر مالی ذمہ داریوں کا بوجھ کچھ کم ہوسکے۔
YOU MAY ALSO LIKE: