پرانا ٹی وی لینے والا، آلو لے لو پیاز لے لو، بستر پر لیٹے ہوئے کراچی والوں کی صبح کن آوازوں سے ہوتی ہے جانیں

image
 
ہر شہر کا اپنا ایک مزاج ہوتا ہے اس کی اپنی صبح شامیں ہوتی ہیں جو اس کے مزاج کا پتہ دیتی ہیں کراچی جس کو منی پاکستان بھی کہا جاتا ہے اس شہر کا بھی اپنا ہی ایک مزاج ہے جہاں پر پورے ملک سے آئے لوگ روزگار کے سلسلے میں آتے ہیں۔اور اپنے انداز میں اپنا کاروبار کرتے ہیں-
 
کراچی کی ایک صبح بستر پر لیٹ کر
ویسے تو اگر کسی شہر کا مزاج دیکھنا ہو تو اس کے لیے صبح صبح اٹھ کر اس شہر کے بیچ بازاروں میں جانا ضروری ہوتا ہے مگر کراچی شہر اس حوالے سے قدرے مختلف ہے کہ اس شہر کی صبح کا لطف بستر پر لیٹے لیٹے باہر گلی سے آنے والی آوازوں سے بھی اٹھایا جا سکتا ہے- اس لیے آج ہم آپ کو صبح کے آغاز سے گلی سے آنے والی آوازوں کے بارے میں بتائيں گے جس کا تجربہ ویسے تو ہر کوئی کرتا ہے مگر اس طرح خاص طور پر کسی کسی نے ہی نوٹ کیا ہوگا-
 
1: ٹین ڈبے والے
ماضی کی نسبت آج کل کے دور میں گلی محلوں میں آنے والے ریڑھی والے بھی جدید سہولیات سے فائدہ اٹھانے لگے ہیں اس وجہ سے ہر ریڑھی والے نے اپنی آواز پہلے سے ریکارڈ کر کے رکھی ہوتی ہے اور جیسے ہی گلی میں آتا ہے فل آواز میں لاؤڈ اسپیکر میں اس کی ریکارڈنگ لگا لیتا ہے جس کی آواز سے سونے والے بھی بیدار ہونے پر مجبور ہو جاتے ہیں- آپ کا تعلق ڈیفنس کی پوش آبادی سے ہو یا لالو کھیت کی قدیم آبادی سے ہر گلی میں سب سے پہلے ٹین ڈبے والے آتے ہیں اور ان کی آواز سب کو نیند سے جگا دیتی ہے-
 
image
 
2: فقیروں کی صدائيں
حالیہ دنوں میں فقیر بھی مانگنے کے لیے آواز لگانے کے بجائے ریکارڈنگ پر انحصار کرنے لگے ہیں تیز آواز میں اگر آپ کے کانوں سے دعائیہ نعت کے الفاظ ٹکرائيں تو اس کا مطلب ہے کہ اب ٹین ڈبے والے کے بعد باری فقیروں کی ہے جو آپ کو نیند سے جگانے کے لیے آپ کے گھر کے سامنے موجود ہیں اور اس وقت تک موجود رہیں گے جب تک کہ آپ ان کو دروازہ کھول کر کچھ نہ کچھ دے نہ دیں گے-
 
3: آلو لے لو پیاز دیکھ لو
جی ہاں آلو تو خریدا جا سکتا ہے مگر پیاز اتنا مہنگا ہو چکا ہے جب کہ اس کی صرف زيارت کروانے ہی سبزی والا آپ کے دروازے پر موجود ہے۔ موسم کی وہ سبزياں جو اس کی ریڑھی پر موجود ہیں اور وہ سبزياں جو موجود نہیں بھی ہیں ان سب کے نام وہ رٹے رٹائے ریڑھی پر موجود لاؤڈ اسپیکر پر لگائے رکھتا ہے یہ ایک علیحدہ بات ہے کہ جس سبزی کی آپ کو ضرورت ہوتی ہے وہی اس کے پاس موجود نہیں ہوتی ہے مگر اس کی آواز آپ کو ضرور جگا دیتی ہے-
 
4: چاقو چھری تیز کروا لو
دن چڑھنے کے ساتھ ساتھ جیسے گھر میں چاقو چھری کی ضرورت ہوتی ہے اسی وقت یہ خان صاحب بھی چاقو چھری تیز کرنے کی مشین لیے آجاتے ہیں یہ خان صاحب پرانی چاقو چھریوں کی دھار کو نئي جیسا بنا دیتے ہیں-
 
image
 
5: چولہے گرائينڈر پریشر ککر بنوا لو
لو جی ان کی کمی رہتی تھی جو آپ کو یہ احساس دلانے آگئے کہ گیس آئے یا نہ آئے آپ کے چولہے ہر حالت میں درست کام کرنے چاہیے ہیں اور اگر آپ کو ایسی کوئی مدد درکار ہے تو کراچی جیسے شہر میں آپ کو کہیں باہر جانے کی ضرورت نہیں یہ ماہر گھر پر ہی نہ صرف آپ کو چولہے ٹھیک کر دیں گے بلکہ پریشر ککر کی سیٹی بھی ٹھیک کر کے آپ کے گرائنڈر، جوسر بلینڈر کے ساتھ ساتھ آپ کے واٹر کولر کی ٹونٹی بھی ٹھیک کر دیں گے ایسے ماہر کی بڑی سی آواز سن کر تو آپ کا جاگنا بنتا ہی ہے- مختصراً ہم صرف اتنا کہیں گے کہ اگر آپ کراچی کے رہائشی ہیں اور کسی بھی وجہ سے دفتر نہیں گئے اور دیر تک سونے کا ارادہ رکھتے ہیں تو تیار ہو جائيں یہ وہ لوگ ہیں جو آپ کی نیند کو تباہ و برباد کر کے چھوڑيں گے-
YOU MAY ALSO LIKE: