مسافری کا دکھ مسافر ہی جانے، شارجہ کا ایک پاکستانی جو بے روزگاروں اور مسافروں کو 8 سالوں سے مفت کھانا کھلا رہا ہے

image
 
سفر وسیلہ ظفر تو ہوتا ہے مگر مسافری کے بارے میں اکثر لوگوں کا یہ ماننا ہوتا ہے کہ یہ بہت بری چیز ہوتی ہے اپنوں سے دور رہ کر شب و روز گزارنا کسی بھی انسان کے لیے بہت دشوار کام ہوتا ہے- ایسے حالات میں اگر غربت اور بے روزگاری بھی ہو تو غریب الوطنی جو دکھ دیتی ہے اس کو صرف وہی انسان سمجھ سکتے ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت کو گزارا ہوتا ہے- ایسے میں کسی بھی مہربان کی معمولی سی مدد اور پیار والا سلوک کسی بھی مسافر کے لیے ایسی نیکی بن جاتا ہے جس کو وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتا ہے-
 
قیام پاکستان سے لے کر اب تک لاکھوں پاکستانی اچھے مستقبل اور ترقی کی خواہش میں ملک کو چھوڑ کر سمندر پار جا بسے ہیں- ان میں سب سے زيادہ تعداد میں لوگ سعودی عرب اور عرب امارات میں موجود ہیں۔ ان میں سے کچھ نے تو ان ممالک میں اتنی ترقی بھی کر لی ہے کہ یہ جگہ اب ان کا دوسرا گھر بن گئی ہے-
 
شارجہ میں موجود کراچی اسٹار ریسٹورنٹ
شارجہ کا شمار دبئی اور ابو ظہبی کے بعد عرب امارات کے تیسرے سب سے آباد شہروں میں ہوتا ہے۔ اسی شہر میں ایک پاکستانی شہری شاہد اصغر بنگش نے کراچی اسٹار ریسٹورنٹ کے نام سے ایک ہوٹل آٹھ سال قبل قائم کیا-
 
image
 
اس ہوٹل کا سلوگن ہے کہ گھر سے دور گھر جیسا ذائ‍قہ، اور اس ہوٹل والوں نے صرف گھر جیسا ذائقہ ہی نہیں دیا بلکہ ایک گھر کی طرح مسافروں کا خیال بھی رکھا ہے-
 
اس ہوٹل کی طرف سے غریب لوگوں کو یہ سہولت گزشتہ آٹھ سالوں سے دی جا رہی ہے کہ ان کا تعلق کسی بھی ملک یا مذہب سے ہو اگر ان کے پاس کھانا کھانے کے پیسے نہیں ہیں تو وہ ہوٹل میں آکر بغیر پیسے دیے ہوٹل سے کھانا کھا سکتے ہیں-
 
صرف کھانا نہیں بلکہ عزت نفس بھی محفوظ
اس حوالے سے ہوٹل کے مالک شاہد اصغر بنگش کا یہ کہنا تھا کہ صرف غریب لوگ ہی نہیں بلکہ وزٹ ویزہ پر آئے افراد بھی ہوٹل میں مفت کھانا کھا سکتے ہیں اور ایسے افراد کے لیے کوئی علیحدہ سے کھانا دینے کا اہتمام نہیں کیا جاتا ہے- بلکہ کوئی بھی ضرورت مند عام کسٹمر کی طرح ہوٹل میں آسکتا ہے اور وہاں موجود مینو میں سے کوئی بھی کھانا آرڈر کر سکتا ہے اس کو عام کسٹمر کی طرح کھانا فراہم کیا جاتا ہے-
 
ایسے افراد کی عزت نفس مجروح نہ ہو تو اس کے لیے ہوٹل کے ملازمین نے کچھ خاص کوڈ اشارے مخصوص کیے ہوئے ہیں جن کا استعمال وہ آپس میں کرتے ہیں اور ایسے ضرورت مند افراد کو آرڈر کے مطابق کھانا تو فراہم کیا جاتا ہے مگر ان سے بل کا تقاضا نہیں کیا جاتا ہے- اور اس طرح وہ مسافر عام لوگوں کی طرح کھانا کھاتا ہے مگر بل ادا کیۓ بغیر پیٹ بھرنے کے بعد دعائيں دیتا ہوا ہوٹل سے رخصت ہو جاتا ہے-
 
image
 
کچھ نیکیوں کا صلہ اوپر والا خود دیتا ہے
کچھ نیکیاں اس دنیا میں ایسی ہوتی ہیں کہ ان کا صلہ آپ کو وہ انسان نہیں دے سکتا ہے جس کے ساتھ آپ نے نیکی کی ہوتی ہے کسی بھوکے کو کھانا کھلانا بھی ایسی ہی ایک نیکی ہے جو اس ہوٹل کے مالک کر رہے ہیں اور یقیناً اس نیکی کا بدلہ ان کو اللہ تعالی کی جانب سے کئی گنا بڑا ہو کر ملے گا-
YOU MAY ALSO LIKE: