دعا ہے کہ اپنی ماں کو حج پر بھیجوں، دماغی طور پر کمزور مگر پہاڑ جیسا حوصلہ رکھنے والا نوجوان جو سب کے لیے مثال بن گیا

image
 
ماں سے محبت کرنے کے لیے کسی وجہ کی ضرورت نہیں ہوتی ہے جس طرح ماں کو اپنی اولاد سے محبت کرنے کے لیے کسی خدمت کی ضرورت نہیں ہوتی ہے- مگر ماں کو اپنے وہ بچے زيادہ پیارے ہوتے ہیں جو کسی نہ کسی کمی یا کمزوری کا شکار ہوتے ہیں اور دنیا کی نظر میں معذور یا اسپیشل ہوتے ہیں مگر ماں کی نظر میں وہی بچے سب سے زيادہ خاص ہوتے ہیں- اور ایسا ہی ایک بچہ عبداللہ ہے جس کا تعلق کراچی سے ہے-
 
کراچی سے تعلق رکھنے والا بہت خاص عبداللہ
کراچی کے علاقہ لالو کھیت ویسے تو کراچی کی ‍قدیم ترین آبادی اور اپنے منفرد مزاج کے ہونے کے سبب ہمیشہ سے ہی مشہور رہا ہے لالو کھیت وہ جگہ ہے جہاں سے امجد فرید صابری کا تعلق تھا۔ لالو کھیت وہ علاقہ ہے جہاں سے عمر شریف نے اپنی شناخت بنائی- آج کل لالو کھیت کی شناخت نلی بریانی کی وہ دکانیں ہیں جنہوں نے بریانی کے ذائقے کو ایک انوکھی لذت دی اور اس گلی کو دنیا بھر میں مشہور کر دیا-
 
image
 
مگر اسی گلی میں ان کے درمیان بائيس سالہ عبداللہ سوڈہ اور لمکا ڈرنک کی ایک دکان چلا رہا ہے- عبداللہ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنے گھر کا واحد کفیل ہے اور ذہنی طور پر کمزور ہے جس کا اظہار ان کی گفتگو میں ہونے والی لکنت سے بھی ہوتا ہے- مگر اس کے باوجود اس کا کہنا ہے کہ اس نے کئی سال تک صرافہ بازار میں بھی کام کیا-
 
اس کے علاوہ یہ کیبن اس کی والدہ نے پیسے جمع کر کے ایک کمیٹی کے پیسوں سے اس کو دلوایا جو کہ پچاس ہزار کے لگ بھگ رقم تھی جبکہ عبداللہ نے دن رات محنت کر کے نہ صرف اپنی ماں کو یہ رقم لوٹا دی بلکہ ایک ماں کے لیے ایک بڑی خواہش بھی رکھتا ہے-
 
ماں کی خدمت کا جذبہ
اپنی معذوری اور کمزوری کے باوجود عبداللہ کی ہمت جواں ہے۔ اس کی دو بہنیں اور ایک ماں ہے اس کی خواہش ہے کہ وہ اپنی ماں کو اپنی آمدنی سے حج کروا سکے- اپنی شادی کے حوالے سے اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جب بھی شادی کرے گا اپنی ماں کی پسند سے کرے گا- عبداللہ کے اسٹال کی سب سے خاص چیز اس کی دلربا لسی ہے جو کہ مختلف ذائقوں میں دستیاب ہے اور جس کو پینے کے لیے لوگ دور دور سے آتے ہیں-
 
image
 
عبداللہ جیسے لوگ ہمارے معاشرے کے لیے ایک مثال ہیں اور اس کی ماں بھی مبارکباد کی مستحق ہے جس نے اپنے بیٹے کو اس کی معذوری کا احساس دلانے کے بجائے اس کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کی کوشش کی اور اس کو محنت کا ایسا جذبہ دیا کہ وہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کے بجائے خود محنت کر کے کام کرنے لگا-
YOU MAY ALSO LIKE: