آج ہم ایک خاص بات پر غور و فکر
کریں گے __ اگر ہمارے گھر یا محلے میں ڈاکہ پڑ جائے __ مال و دولت لُٹ جائے
__ روپیہ پیسہ چھِن جائے __ جمع پونجی چلی جائے __ کیا ہم چپ چاپ، خاموش
اپنے گھر میں بیٹھے رہیں گے؟ __ کیا بھاگ دوڑ نہیں کریں گے؟ __ بالکل کریں
گے! __ یقینا ہم خاموش نہیں رہیں گے __ بلکہ اگر گاؤں یا محلے میں دو، چار
ڈاکے پڑ جائیں تو پنچایت بیٹھ جاتی ہے __ پولیس افسران سے ملاقاتیں شروع ہو
جاتی ہیں __ خوب شور مچ جاتا ہے __
اسلام امن وسلامتی والا مذہب ہے __ اولیاء اللہ پوری دنیا میں محبت کے ساتھ
دین کی تبلیغ کرتے رہے __ ہزاروں لاکھوں کافر مسلمان ہو گئے __ اِنہی
بزرگوں کے صدقے آج ہم بھی مسلمان ہیں __ غور کرنے کی بات یہ ہے کہ اولیائے
کرام کی ہزاروں سالہ تاریخ میں کسی غیر مسلم نے اسلام کو دہشت گرد یا شدت
پسند نہیں کہا __ بلکہ کتنی عجیب بات ہے کہ غیر مسلم آج تک اُن اولیاء اللہ
کے مزارات پر عقیدت سے حاضری دیتے ہیں __ کیا اِس سے پہلے غیر مسلم لوگ
اسلام کے حمایتی تھے؟ __ ہرگز نہیں! دراصل اولیائے کرام ہر ایک کے ساتھ
اچھا سلوک کرتے __ سردار مہندر سنگھ بیدی نے ایک جلسہ ء عام میں کہا:
میرا اسلام نیکو نام ہے بدنام نہیں
بات صرف اتنی ہے کہ اب عام وہ اسلام نہیں
آج کل کچھ لوگ اسلام کے نام پر ظلم کرتے ہیں __ جہاد کے نام پر فساد کرتے
ہیں ___ مذہب کے نام پردہشت گردی کرتے ہیں __ پھر اُن اولیائے عظام کے بھی
خلاف ہیں جنہوں نے اسلام پھیلایا __ افسوس! آج اسلام کا نام لینے والوں نے
وہ کام کیے کہ پوری دنیا میں اسلام بدنام ہو کر رہ گیا __ اسلام پر دہشت
گرد مذہب کا لیبل لگوا دیا __ کیا اُن میں سے کوئی ایک بھی ہے جس نے اولیاء
اللہ کی طرح تبلیغ کر کے لاکھوں غیر مسلموں کومسلمان کیا ہو؟ __ ان ظالموں
نے ہمارے دین کی عظمت اور نیک نامی پر ڈاکہ ڈالاہے __ لیکن غور فرمائیں کہ
یہ ڈاکہ مال و دولت پر نہیں __ روپے پیسے پر نہیں __ جمع پونجی پر نہیں __
بلکہ ہمارے ایمان ،ہمارے دین اسلام کی عزت پر ڈاکہ ہے __ آج اسلام کے چہرے
پر سجا امن و سلامتی کا نور دہشت گردی اور شدت پسندی کے داغ تلے چھپا دیا
گیا ہے __ ہم تک اسلام کی نعمت پہنچانے والے اولیاء اللہ کے مزارات پر حملے
کیے جا رہے ہیں __ کیا اِس بات کی ذمہ داری بھی امریکہ پر عائد کریں گے؟ __
کچھ لوگ کہتے ہیں کہ مزارات پر حملے دراصل امریکہ کے ڈرون حملوں کا ردِ عمل
ہے __ کیا ڈرون حملے مزارات والے یا اُن سے محبت و عقیدت رکھنے والے کر رہے
ہیں؟ دراصل اِ س طرح حقیقت بدلنے کی کوشش ہو رہی ہے __ کیا ہم لوگ نہیں
جانتے کہ دین اسلام پھیلانے والے اولیاء اور ہمارے محسنوں کے مزارات پر
حملہ کرنے والے لوگ کون ہیں؟ __ اُن کے عقائد کیا ہیں __ اُن کے مقاصد کیا
ہیں؟ __ کیا اب بھی ہم خاموش رہیں ؟ __ خدارا آگے بڑھیں اور اپنے بچوں کی
تربیت کریں __ اُنہیں بتائیں کہ :
٭ صوفیائے کرام اور اولیائے عظام وہ لوگ ہیں جنہوں نے اِس جگہ کو اسلام کے
نور سے روشن کیا اور ہمارے آباؤ اجداد کو مسلمان کیا __ وہ ہمارے محسن ہیں،
(ہَلْ جَزَائُ الِْحْسَانِ ِلَّا الِْحْسَانُ بھلا احسان کا بدلہ احسان کے
سوا کچھ اور بھی ہے؟ سورة الرحمن:60) لہذا اُن کے مزارات پر دہشت گردی بہت
بڑی احسان فراموشی ہے __ اِس لیے ہم عہد کرتے ہیں کہ مزاراتِ اولیاء پر
دہشت گردی کرنے والوں سے کوئی تعلق، واسطہ نہیں رکھیں گے __
٭ اولیاء عظام ہمارے پروردگار کے محبوب بندے ہیں __ اولیاء اللہ کی خوشنودی
میں اللہ کی رضا اور اولیاء اللہ کی ناراضگی میں پروردگار کا غضب ہے۔ (
ِنَّ اللَّہَ قَالَ مَنْ عَادَی لِی وَلِیًّا فَقَدْ آذَنْتُہُ بِالْحَرْبِ،
بے شک اللہ نے فرمایا کہ جس نے میرے ولی کے ساتھ عداوت رکھی ، اُس کے خلاف
میرا اعلانِ جنگ ہے۔ بحوالہ صحیح بخاری، کتاب الرقاق، باب التواضع، حدیث
نمبر: 6021) چونکہ مزارات کی نسبت اللہ کے نیک بندوں اور اولیاء کے ساتھ ہے
اِس لیے یہ مزارات اللہ کی نشانیاں ہیں __ جس طرح صفا و مروہ کو اللہ تعالیٰ
نے اپنی ولیہ حضرت بی بی حاجرہ سلام اللہ علیہا سے نسبت کی وجہ سے اپنی
نشانی قرار دیا۔ (ِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَةَ مِن شَعَآئِرِ اللّہ، بے شک
صفا اور مروہ اللہ کی نشانیوں میں سے ہیں ،سورة البقرہ، پارہ 2،آیت 58)
اللہ تعالیٰ کی نشانیوں کی تعظیم کرناقرآن مجید کی تعلیم ہے۔ ( وَمَن
یُعَظِّمْ شَعَائِرَ اللَّہِ فَِنَّہَا مِن تَقْوَی الْقُلُوبِ ،جو اللہ کی
نشانیوں کی تعظیم کرے تو یہ دلوں کی پرہیز گاری کے سبب ہے،سورة الحج ،
آیت33) مزارات ِ اولیاء پر دہشت گردی اللہ کی نشانیوں کی تعظیم نہیں بلکہ
گستاخی اور توہین ہے اِس لیے ہم عہد کرتے ہیں کہ ایسی گستاخی اور توہین
کرنے والے افراد یا جماعتوں سے کوئی تعلق نہیں رکھیں گے۔
٭ نبی اکرم ۖ نے عام مسلمانوں کی قبروں کا احترام کرنے کا حکم دیا ہے۔ (لَا
تُوْذ ِ صَاحِبَ ھٰذَاالْقَبْرِاَوْلَاتُوْذ ِہ ، قبر والے کو اذیت نہ دو
یا اُسے تنگ نہ کرو،بحوالہ مشکوٰة المصابیح باب دفن المیّت،الفصل الثالث )
اولیاء کرام تو اللہ تعالیٰ کے خاص اور پیارے بندے ہیں۔ ان کی پاک اور مقدس
قبریں بہت زیادہ احترام کے لائق ہیں۔ صرف خوارج نے اللہ کی دیگر نشانیوں
اور مومنین کی قبروں کی بے حرمتی کی ۔اِسی لیے حضرت عبداللہ ابن عمر رضی
اللہ عنہ اُن خوارج کو مخلوق خدا میں بدترین مخلوق سمجھتے تھے کیوں کہ
اُنہوں نے یہ طریقہ بنا رکھا تھا کہ جو آیات کفار کے لیے نازل ہوئی ہیں
انہیں مومنوں پر چسپاں کر دیتے ۔ (بخاری شریف باب قتال الخوارج والملحدین )
چنانچہ ہم خوارج کے فتنے سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ
موجودہ دور کے انتہاپسند خوارج سے ہمیشہ کراہت کا اظہار کرتے رہیں گے۔
آئیے! ہم سب اکٹھے ہو کر بے خبر لوگوں اور اپنے بچوں کو صحیح اللہ والوں سے
وابستہ کر دیں __ جہاں اُنہیں دہشت گردی اور شدت پسندی کی بجائے عشق ِ
مصطفےٰ کریم ۖ کی تعلیم دی جائے __ جہاں انسانیت سے محبت کرنے کا درس ملے
__ مخلوقِ خدا کی خدمت کرنے کا جذبہ حاصل ہو __ جس دین نے جانوروں سے اچھے
سلوک کی تعلیم دی وہ انسانوں کے ساتھ بے رحمی کا درس ہرگز نہیں دیتا __ کیا
بم پھٹنے کی وجہ سے زخمی ہونے والے معصوم بچوں کے خون بھرے چہرے دیکھ کر
ہمارے دلوں پر کوئی اثر نہیں ہوتا؟ __ کیا اپنے بیوی بچوں کے لیے روزی روٹی
کمانے والا جسم ٹکڑوں میں کٹا پھٹا دیکھ کر ہمارے ضمیر ملامت نہیں کرتے؟ __
کیا کسی دُکھیاری ماں کے جوان بیٹے __ پاکیزہ بہن کے لاڈلے بھائی اور کسی
باپ کے سپوت کا بے جان لاشہ ہم سے کوئی سوال نہیں کرتا؟ __ کیا صرف نظریاتی
اختلاف پر کسی مسلمان کی لاش چوک میں لٹکا دینا مسلمانوں کا طریقہ ہے؟ __
اگر آپ دہشت گردی ،شدت پسندی اور انتہاء پسندی کے خلاف ہیں تو میرے ساتھ مل
کر امن وسلامتی کا یہ عہد کریں:
------------------------------------------------
1۔ میں دین کے نام پر ظلم یا جہاد کے نام پر فساد کرنے والے افراد کا کبھی
ساتھ نہیں دوں گا۔
2۔ عام لوگوں کوبازاروں ،اِداروں اور مزاروں پر خاک و خون میں نہلانے والوں
سے بے زاری کا اِظہار کرتا رہوں گا۔
3۔ اسلام کے نام پر جبر و تشدد کرنے والوں کی کوئی مالی معاونت نہیں کروں
گا۔
4۔ دہشت گردوں کے طرفدار تعلیمی اِداروں،تنظیموں اور جماعتوں کی کوئی حمایت
نہیں کروں گا۔
5۔ معاشرے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوشش کرتا رہوں گا۔
6۔ اپنے دوست احباب میں برداشت،محبت اور رواداری کا احساس پیدا کرنے کی
عملی کوشش کرتا رہوں گا۔
7۔ قیام ِ امن کے لیے انسانی حقوق کو پامال کرنے والے عناصریا تنظیموں کی
نشاندہی کر کے عوام کو باخبر رکھنے کی کوشش کروں گا۔
------------------------------------------------------------------------
اللہ رب العالمین اپنے حبیب ِ پاک ۖ کے صدقے ہمیں زندگی بھر اِس عہد پر
قائم رکھے۔ (آمین) |