سارے کاموں کا بوجھ میری بیٹی کے سر، رمضان میں شادی شدہ بیٹی کو ہلکان ہوتا دیکھ کر افسوس نہ کریں بلکہ یہ 4 کام کریں

image
 
ہائے ہائے میری نازوں سے پلی بچی ، اپنے گھر میں تو ہل کر پانی تک پینے نہ دیتی تھی اب سسرال والوں کے لیے سحری میں پراٹھے بناتی ہے۔ میں نے تو ہمیشہ سحری ٹیبل پر لگا کر ہی اس کو آواز دی تھی اب سارے سسرال والوں کی خدمتیں کر رہی ہے-
 
اتنی گرمی میں روزے منہ کے ساتھ چولہے کے سامنے کھڑی رہو گی تو چکر تو آئيں گے نا، تم ایسا کرو کہ رمضان میں یہاں میرے گھر آجاؤ خیر ہے عید پر چلی جانا سسرال، مجھ سے تمھارا اس طرح ہر وقت چولہے کے آگے سڑنا نہیں دیکھا جاتا۔
 
عید کا جوڑا لینے کب جاؤ گی تم لوگوں نے عید کی شاپنگ اب تک کیوں نہیں کی ایسا کرو میری طرف آجاؤ میں تمھیں ساتھ لے کر شاپنگ کروا دوں گی-
 
یہ سب کچھ ایسی باتیں ہیں جو کہ لڑکی کی ماں اور میکے والے بیٹی کی شادی کے بعد اکثر دوہراتے نظر آتے ہیں-
 
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ سب کچھ وہ کسی کی نفرت میں نہیں بلکہ اپنی بیٹی کی محبت میں ہولتے ہیں- مگر جس طرح اگر پانی کا ایک قطرہ بھی مستقل طور پر پتھر پر گرے تو اس میں سوراخ کر سکتا ہے- اسی طرح آپ کا بیٹی کی محبت میں بار بار اس طرح کہنا بیٹی کے دل میں اس کے سسرال کی محبت کو کم کرنے کا سبب بن سکتا ہے -اور وہ خود کو مظلوم اور سسرال والوں کو ظالم سمجھنے لگتی ہے-
 
image
 
رمضان میں بیٹی والوں کو کیا کرنا چاہیے
جس طرح یہ بات واضح ہے کہ رمضان میں ہر گھر کے شیڈول تبدیل ہو جاتے ہیں۔ مرد روزے سے پہلے گھر آجاتے ہیں اور روزے کی حالت میں روزمرہ کی روٹین انجام دینا بھی دشوار ہو جاتا ہے- اس وجہ سے عام طور پر ان دنوں بیٹیاں بھی میکے آنا کم کر دیتی ہیں یا نہیں آتی ہیں- جس کی وجہ سے والدین کی تشویش میں اضافہ ہو جاتا ہے-
 
ایسے وقت میں والدین کی یہ تشویش ان کی بیٹی کے گھر میں مسائل کا سبب بھی بن سکتی ہے- اس وجہ سے اس موقع پر والدین کو ایسے واویلے سے پرہیز کر کے یہ کام کرنے چاہیے ہیں-
 
اپنی بچی کی ہمت بڑھائیں
سسرال میں گھر کے کام کرنے پڑتے ہیں اور اس میں کوئی تکلیف کی بات نہیں ہے ۔ یہ اب آپ کی بیٹی کا گھر ہے اور اس میں کام کر کے وہ کسی پر احسان نہیں کر رہی ہے- اس وجہ سے اگر بیٹی آپ کو فون پر اپنی روٹین بتائے تو اس پر افسوس نہ کریں بلکہ اس کی ہمت بڑھائيں اور اس کی حوصلہ افزائی کریں-
 
اس کو وقت بچانے کے گر بتائيں
عام طور پر تجربہ کار خواتین رمضان کی آمد سے قبل مصالحے تیار کر کے، مختلف چیزیں اور چٹنیاں بنا کر فریز کر لیتی ہیں- تاکہ رمضان میں کم وقت میں آسانی سے زيادہ کام کیا جا سکے اور اپنے آرام کا بھی وقت نکالا جا سکے- تو اس حوالے سے اپنی بیٹی کو بھی اپنے تجربات کی روشنی میں گائڈ کریں تاکہ وہ بھی ایسا کر سکے-
 
image
 
ملنے کے پلان بنائیں
عام طور پر رمضان کی ٹائٹ شیڈول اور میکے نہ آسکنے کے سبب اکثر لڑکیاں بہت فیڈ اپ ہو جاتی ہیں- تو اس کے لیس ایک بہترین طریقہ ہے کہ کسی بھی دن اپنی بیٹی کو اس کے شوہر کے ساتھ افطار کے لیس بلا لیں- اس بہانے اس کو آرام بھی مل جائے گا اور آپ سے ملاقات بھی ہو جائے گی-
 
اس کی مددگار بن جائيں
اگر یہ آپ کی بیٹی کی شادی کے بعد پہلا رمضان ہے تو اس بار اس کی مدد کے لئے کچھ فریز کھانے اس کو بنا کر مہینے کے شروع میں بھجوا دیں- اس کے علاوہ اگر اس کے پاس درزی کے پاس جانے کا ٹائم نہیں ہے تو اس کے کپڑے بھی درزی کو دے دیں-
 
یاد رکھیں!
آپ کی کہی ہوئی بات آپ کی بیٹی کو سسرال میں بسا بھی سکتی ہے اور اس کا گھر برباد بھی کر سکتی ہے- اس وجہ سے ہمیشہ بیٹی کے اندر اس کے سسرال کے حوالے سے مثبت سوچ پیدا کریں-
YOU MAY ALSO LIKE: