صرف 03 ماہ میں03 کروڑ سے زائد ملازمتوں کی پیش کش

جی ہاں ، یہ حقیقت ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا میں ایک جانب عالمی وبا کے باعث ترقی یافتہ اور ترقی پزیر معیشتوں میں بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے وہاں چین نے صرف تین ماہ کی قلیل مدت میں ساڑھے تین کروڑ سے زائد ملازمتیں فراہم کی ہیں۔چینی حکام کی جانب سے رواں سال موسم بہار میں ملک بھر میں بھرتی مہم کے دوران "اسپرنگ بریز ایکشن 2023" پروگرام متعارف کروایا گیا، جس کی روشنی میں ملازمت پیدا کرنے کی تقریباً 58 ہزار سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جہاں مجموعی طور پر تقریباً 38 ملین ملازمتوں کی پیش کش کی گئی ہے۔چین کی انسانی وسائل اور سماجی تحفظ کی وزارت اور 11 دیگر سرکاری محکموں کی جانب سے مشترکہ طور پر شروع کیا گیا یہ پروگرام جنوری سے مارچ تک جاری رہا اور اس میں روزگار میلے یا جاب فیئرز کے ساتھ ساتھ آن لائن بھرتی مہمات بھی شامل تھیں۔

جاب فیئرز اس مہم کی ایک خاص خوبی تھے ،ایسے تقریباً 100 میلوں میں سے ہر ایک میلے نے 10ہزار سے زیادہ عہدوں کی پیش کش کی ، 10ہزار سے زیادہ شرکاء کو راغب کیا اور 1000 سے زیادہ افراد کو ملازمت کے معاہدوں پر دستخط کرنے کے لئے تیار دیکھا۔شمال مشرقی چین کے صوبہ لیاؤننگ، جنوب مغربی چین کے صوبہ سیچوان اور شمال مغربی چین کے صوبہ شانسی نے حالیہ برسوں میں کسی بھی دوسرے صوبے کی نسبت سب سے بڑے روزگار میلوں کا انعقاد کیا ، جن میں شریک کمپنیوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی ہے۔

جنوبی چین کے صوبہ گوانگ دونگ نے ہائی اسپیڈ ریلوے اسٹیشنوں کے سامنے خصوصی بھرتی مراکز قائم کیے ، جس سے ملازمت کے متلاشی افراد کے لئے نئے شہر میں پہنچنے پر ملازمت تلاش کرنا زیادہ آسان رہا ۔اسی طرح 2023 کی پہلی سہ ماہی میں آن لائن روزگار کی سرگرمیوں نے بھی بہت زیادہ توجہ حاصل کی ، روزگار کے مواقع سے متعلق لائیو اسٹریمنگ خاص طور پر مقبول ثابت ہوئی۔شمالی چین کے اندرونی منگولیا خود اختیار علاقے کے بارہ شہروں نے مشترکہ طور پر بھرتی کے لائیو اسٹریمز کی میزبانی کی ، جس سے ملازمت کے متلاشی افراد کو گھر چھوڑے بغیر روزگار تلاش کرنے کی سہولت ملی۔اسی طرح صوبہ حوبے میں حکام اور کمپنی کے ڈائریکٹرز نے روزگار کے لائیو اسٹریمز کی خود میزبانی کی، جن میں سے کچھ پروگراموں کو لاکھوں ویوز مل چکے ہیں۔اس ضمن میں 1000 سے زیادہ عوامی روزگار ویب سائٹس، 300 موبائل ایپس، اور 2500 وی چیٹ پبلک اکاؤنٹس اور منی پروگرام ملک بھر میں مسلسل بھرتی کی خدمات فراہم کرنے کے لئے دستیاب رہے۔

یہ امر بھی قابل زکر ہے کہ باصلاحیت افراد کی تلاش کے لیے کئی کمپنیوں نے مختلف علاقوں کے دورے بھی کیے ہیں اور نئے بھرتی شدہ افراد کو مقام روزگار پر پہنچانے کے لیے خصوصی بسیں ، ٹرینیں اور چارٹرڈ طیارے بھیجے گئے ہیں تاکہ کارکنوں کی منتقلی میں سہولت فراہم کی جا سکے ۔رواں سال اب تک 44 ہزار خصوصی بسیں، ٹرینیں اور چارٹرڈ طیارے 16 لاکھ کارکنوں کو اپنے نئے مقام روزگار تک پہنچا چکے ہیں۔

رواں سال کی مہم میں، ابھرتی ہوئی صنعتوں میں نئی ملازمتیں روزگار کے متلاشی نوجوانوں کے لئے نمایاں انتخاب رہی ہیں. روزگار میلے میں شریک نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وہ انٹرنیٹ کمپنیوں میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں، جنہیں بہتر حالات اور کیریئر کی ترقی کے امکانات کے ساتھ ساتھ بہتر معاوضہ کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔آئی ٹی کا شعبہ سب سے زیادہ فعال بھرتیوں میں سے ایک رہا ہے ،آئی ٹی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں رواں سال 15.8 فیصد مزید نئے کارکنوں کی بھرتی کی گئی ہے ، جبکہ سفر،سیاحت ، مہمان نوازی ، جیسے شعبہ جات جو وبا سے شدید متاثر ہوئے تھے ، ان میں بھی روزگار کی فراہمی اس وقت زوروں پر ہے ۔

فراہمی روزگار کا یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے بلکہ رواں سال کے اسپرنگ بریز ایکشن کے ثمرات اب بھی عمدگی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ایسی سرگرمیاں جہاں رواں برس ملک کے 12 ملین" روزگار کے نئے مواقع" کے ہدف میں معاون ہیں ،وہاں اہم کاروباری اداروں کی پیداواری صلاحیت کی حمایت کر رہی ہیں اور ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے انسانی وسائل کی مدد فراہم کر رہی ہیں. یوں مجموعی طور پر روزگار کی مستحکم صورتحال کو یقینی بنایا گیا ہے اور بے روزگار افراد بالخصوص نوجوانوں کو اپنے کیرئیر میں آگے بڑھنے کا موقع میسر آیا ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 615798 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More