فلمی عید میلہ

عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ ہدایت کاروں شاہد رانا،مسعود بٹ،ندیم چیمہ،فیصل قریشی،کامران شاہداور حسین تونسوی کی چھ فلمیں ملک بھر کے سینماؤں میں ریلیز ہو رہی ہیں عید جیسے تہوار فلم سازوں کی کامیابی کے لئے بہترین مواقع ہوتے ہیں فلمی پنڈتوں سمیت چھ فلموں کے ہدایت کار،فلم سازاور اداکاراپنی اپنی فلموں کی کامیابی کے لئے پر امید ہیں نامور فلم ڈائریکٹر شاہد رانا کی پنجابی فلم ’’لاہور قلندر‘‘لیجنڈ ہدایت کار مسعود بٹ کی پنجابی فلم ’’بشیرا گجر‘‘نوجوان ہدایت کار ندیم چیمہ کی فلم ’’دوڑ‘‘نوجوان ہدایت کارفیصل قریشی کی اردوفلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘لیجنڈ ہیروشاہد کے لخت جگر کامران شاہدکی ڈائریکشن میں بننے والی اردو فلم ’’ہوئے تم اجنبی‘‘اور ہدایت کارحسین تونسوی کی پنجابی فلم ’’ببراگجر‘‘پاکستانی سینماؤں کی زینت بننے جا رہی ہیں عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلموں میں لیجنڈ فنکاروں کے ساتھ ساتھ نئے چہرے بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں

پاک فلم انڈسٹری کے معروف فلم ڈائریکٹر مسعود بٹ کی نئی پنجابی فلم’’ بشیرا گجر‘‘زوال پذیر فلم انڈسٹری میں ہوا کا ایک تازہ جھونکا ثابت ہوگی یہ ایک میوزیکل اور سبق آموز فلم ہے’’ بشیراگجر‘‘ کا ٹائٹل روز معمر رانا نے بڑی خوبصورتی سے نبھایا ہے فلم کے مصنف ناصر ادیب، ڈریس ماسٹر جمیل پگ میکر جبکہ ڈی او پی مسعود بٹ ہیں فلم سازمحمد طاہر پپو گجر،معاون فلم ساز عمران شاہ،رائے شہزاد اور ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر الیاس راناہیں فلم ’’بشیرا گجر‘‘کی موسیقی طافونے ترتیب دی ہے شاعر الطاف باجوہ اوریوسف یار کے لکھے ہوئے نغمات معروف گلوکارہ نصیبولال نے گا ئے ہیں یہ فلم عمر فرید پروڈکشن کے بینر تلے تیار کی گئی ہے فلم کی نمایاں کاسٹ میں معمر رانا،ماہرون،دیا جٹ،حیدرسلطان،شاہد حمید،شفقت چیمہ اور دیگر شامل ہیں۔

معروف فلم ڈائریکٹر شاہد راناکی عید الفطر کے روز نئی پنجابی فلم ’’لاہور قلندر‘‘ ملک بھر کے سینماؤں کی زینت بن رہی ہے اس فلم کی کاسٹ نے بہت عمدہ کام کیا ہے شائقین فلم کو ’’لاہور قلندر‘‘ پسند آئے گی انشاء اﷲ ’’لاہور قلندر‘‘ زوال پذیر فلم انڈسٹری میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی فلم کی کہانی روایتی فلموں سے ہٹ کر ہے شائقین فلم اس کہانی کو مدتوں یاد رکھیں گے ’’لاہور قلندر‘‘کے پروڈیوسر التمش بٹ المعروف بنٹو بٹ پینوراما سنٹر والے اور ماجد بٹ ہیں فلم کے مصنف ناصر ادیب ڈریس ماسٹر جمیل پگ میکر جبکہ ڈی او پی اقبال نمی ہیں فلم کی نمایاں کاسٹ میں التمش بٹ صائمہ بیگم شفقت چیمہ کامران مجاہد راشد محمود ظفر ارشاد ودیگر شامل ہیں

ممتاز فلم ڈائریکٹر ندیم چیمہ کی عید الفطر پہ ریلیز ہونے والی فلموں کی دوڑ میں نئی اردو فلم ’’دوڑ‘‘ایکشن سے بھر پور فلم ہوگی فلم میں لیجنڈ کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کو بھی پردہ سکرین پہ متعارف کرایا جا رہا ہے امید ہے کہ شائقین فلم ’’دوڑ‘‘ کو پسند کرینگے فلم کے پروڈیوسراسلم حسن یوکے ،ڈریس ڈیزائنرماسٹرجمیل پگ میکرجبکہ مصنف کامران رفیق ہیں فلم ’’دوڑ‘‘ کا میوزک وقاص علی نے ترتیب دیا ہے فلم کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر آصف بشیر، ڈی او پی شاہد زمان، کریوگرافر توفیق شاہ ہیں نغمہ نگار خاقان حیدر،نعیم وزیراوراویس مرزا بیگ کی عمدہ شاعری پہ گلوکار وقاص علی اور نمرہ ملک نے اپنی آواز کا جادو جگایاہے نمایاں کاسٹ میں اسد محمود،سلیم معراج،شفقت چیمہ اور دیگر شامل ہیں فلم تفریح کے تمام لوازمات سے مزین ہے

معروف اداکار و ہدایت کار فیصل قریشی کی اردو ’’منی بیک گارنٹی ‘‘سیاسی طنزو مزاح مبنی فلم ہے یہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی جس کی پروموشن کیلئے بہت سے ٹریلرز جاری کئے گئے اور ٹیزر بنائے گئے یہاں تک کہ فلم کے مختلف کرداروں سے آشنا ہونے کے لئے ٹیزر بنائے گئے اسے مزاحیہ نہیں بلکہ طنز پر مبنی فلم کہا جا سکتا ہے اس میں کامیڈی نہیں کی گئی بلکہ فلم میں موجود کردارسنجیدہ اور باتیں مزاحیہ ہیں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم ’’منی بیک گارنٹی ‘‘میں جلوہ گر ہو رہے ہیں دیگر کاسٹ میں فواد خان،مرزا گوہر رشید،شہر یار منور،مانی،میکال ذوالفقاراور دیگر شامل ہیں
ہدایت کار حسین تونسوی کی ڈائریکشن میں بننے والی پنجابی سینما سکوپ فلم ’’ببراگجر‘‘ بھی عید الفطر کے پر مسرت موقع پر نمائش کے لئے پیش کی جا رہے ’’ببرا گجر‘‘کی کہانی معروف مصنف واجد زبیری نے لکھی،فلمساز محمد خالد بھٹی اور شہزاد مہنگا ہیں شاعر الطاف باجوہ کے لکھے ہوئے خوبصورت گیت گلوکاران عذراجہاں اور نصیبولال نے اپنی اپنی ترنم اور مدھ بھری آواز میں ریکارڈکرائے جسے شائقین موسیقی مدتوں یاد رکھیں گے’’ببرا گجر‘‘بھٹی پروڈکشن کے بینر تلے تیار کی گئی ہے فلم کے ڈی او پی حفیظ پیارا اور اشفاق علی نے موسیقی ترتیب دی ہے سلطان راہی کے لخت جگر حیدر سلطان ’’ببرا گجر‘‘ کے روپ میں نظر آئیں گے دیگر کاسٹ میں شفقت چیمہ،راحیلہ آغا نمایاں ہیں

تاریخی ،ایکشن اور رومانوی اردو فلم ’’ہوئے تم اجنبی‘‘کی کہانی اور ڈائریکشن ماضی کے خوبصورت ہیرو شاہد کے صاحب زادے معروف اینکرکامران شاہد نے دی ہے ’’ہوئے تم اجنبی‘‘بھی عید پر ریلیز ہونے والی فلموں میں شامل ہے فلم کی کہانی سقوط ڈھاکا کے پس منظر کے گرد گھومتی ہے جبکہ فلم میں 1971 کے مناظر دہرا کر عکسبند کئے گئے ہیں۔فلم میں میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان مرکزی کردار ادا کر تے نظر آئیں گے۔ فلم کے ٹریلر میں ان دونوں کو ایک دوسرے سے محبت کرتے اور بعد ازاں جنگ شروع ہونے کے بعد ایک دوسرے سے جُدا ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔فلم کی کاسٹ میں اداکار میکال ذوالفقار، سعدیہ خان ،عائشہ عمر،محمود اسلم ثمینہ پیرزادہ، شفقت چیمہ اور شاہد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں محمود اسلم نے شیخ مجیب الرحمن جبکہ عائشہ عمر نے صحافی کا رول کیا’’ہوئے تم اجنبی ‘‘میں 9 گانے شامل کئے گئے ہیں جبکہ فلم کا ٹائٹل ٹریک علی ظفر کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ فلمی عید میلہ کی دوڑ میں شامل فلمیں روٹھے ہوئے فلم بینوں کو پردہ سکرین تک لاکر فلمی عید میلہ لوٹنے میں کامیاب ہوتی ہیں یا نہیں اس بات کا فیصلہ شائقین فلم کے سوا کوئی اور نہیں کر سکتا ۔

Dr B.A Khurram
About the Author: Dr B.A Khurram Read More Articles by Dr B.A Khurram: 606 Articles with 527654 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.