دنیا کی سب سے بڑی سفری سرگرمی شروع ہو گئی

چین میں اسپرنگ فیسٹیول یا قمری نئے سال سے 15 روز قبل جمعہ کو دنیا کی سب سے بڑی سفری سرگرمی کا آغاز ہو گیا، عام الفاظ میں اسے دنیا کی سب سے بڑی نقل مکانی بھی کہا جاتا ہے۔چین کے اس سب سے بڑے تہوار اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر لوگ سال بھر کی مصروفیات کے بعد اپنے خاندان سے ملنے کے لئے گھروں کو لوٹتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ سفر کا ایک رش دیکھا جاتا ہے، ،جو رواں سال 26 جنوری سے 5 مارچ تک جاری رہے گا، جبکہ اسپرنگ فیسٹیول10 فروری کو آ رہا ہے۔
چین کے ریلوے حکام کے مطابق رواں سفری سیزن کے دوران 480 ملین مسافروں کی نقل و حمل کی توقع ہے ، جس میں یومیہ اوسطاً 12 ملین سفر ہوں گے ، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 37.9 فیصد زیادہ ہے۔یہ توقع بھی کی گئی ہے کہ سفری سرگرمی کے پہلے دن یعنیٰ جمعہ کو ریلوے کے ذریعے تقریباً 10.6 ملین سفر کیے جائیں گے ۔ملک کے سول ایوی ایشن سیکٹر نے جمعہ کو 20 لاکھ افراد کی نقل و حمل اور 17,500 پروازوں کا انتظام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ہوائی اڈوں کے آپریشن کے لحاظ سے ، گوانگ چو ، شنگھائی ، شین زین ، اور دارالحکومت بیجنگ مصروف ترین ہوائی اڈے ہوں گے۔
یہ بات قابل زکر ہے کہ ملک کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق، رواں سال کی سفری سرگرمیوں کے دوران ایک اندازے کے مطابق 9 ارب مسافروں کے سفر کا امکان ہے.
وزارت کے مطابق مجموعی طور پر 7.2 ارب یا تقریباً 80 فیصد سفر سیلف ڈرائیونگ کے ذریعے کیے جائیں گے جبکہ 1.8 ارب سفر ریلوے، شاہراہوں، آبی گزرگاہوں اور شہری ہوا بازی کے ذریعے ہوں گے۔40دن تک جاری رہنے والے اس سفری عمل میں لاکھوں افراد گھر واپس آئیں گے اور اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے دوبارہ ملیں گے۔
رواں سال نئے قمری سال کی تعطیلات 10 سے 17 فروری تک جاری رہیں گی جس میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک دن زیادہ ہے۔ توسیع شدہ تعطیلات ملک کے نقل و حمل کے نظام پر مزید دباؤ ڈالیں گی ، کیونکہ خاندانوں کے دوبارہ ملنے کی بڑھتی ہوئی مانگ بڑھتی ہوئی سفری طلب کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس دوران چینی عوام کے لیے محفوظ اور صحت مند "خاندانی ملاقاتوں" کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ کام کرنے والی ٹیمیں ، ٹرانسپورٹ سروسز کو بہتر بنانے کی کوششیں تیز کر رہی ہیں ۔حکام کی کوشش ہے کہ ملک کے روڈ نیٹ ورک آپریشنز کی نگرانی کو تقویت ملے ، ٹول اسٹیشنوں پر ٹریفک کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے ، اور سروس مقامات کے معیار اور صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے .سفری سہولیات کو مزید آسان بنانے کی خاطر تارک وطن مزدوروں اور طلباء کے لئے گروپ ٹکٹ بکنگ اور گھر گھر ٹکٹوں کی فروخت جیسی خدمات فراہم کی گئی ہیں، جہاں ضروری ہو وہاں چارٹرڈ بسیں اور ٹرینیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر اگرچہ بہت سے لوگ تعطیلات کے لئے گھر واپس جانے کا انتخاب کرتے ہیں ، لیکن لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو تفریح کے لئے سفر کرنے کا انتخاب کرتی ہے۔اسی باعث اہم سیاحتی مقامات پر سیاحت اور نقل و حمل کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے لئے ٹارگٹڈ ٹرانسپورٹ صلاحیتوں کو قائم کیا گیا ہے۔اس حوالے سے فعال ورک ٹیم ایئرلائنز، ریلوے آپریٹرز اور کوچ انٹرپرائزز کے درمیان مشترکہ آپریشنز کو بھی فروغ دے رہی ہے تاکہ مسافروں کی ہموار اور موثر منتقلی کو آسان بنایا جاسکے۔وزارت پبلک سکیورٹی کے ٹریفک مینجمنٹ بیورو نے اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے سفری رش کے لئے ایک باقاعدہ منصوبہ بھی مرتب کیا ہے۔منصوبے میں مقامی ٹریفک مینجمنٹ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ محفوظ اور مستحکم روڈ ٹریفک کو یقینی بنائیں، عوام کے لئے تعطیلات خوشی سے منانے اور آسانی سے سفر کرنے کے لئے سازگار ماحول پیدا کریں۔
یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ رواں سال چھٹیاں گزارنے کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو گا، خاص طور پر طویل فاصلے اور بین الصوبائی سفر کے لیے سڑک کے ذریعے کیے جانے والے سفر کے تناسب میں قابل ذکر اضافہ ہوگا۔انہی پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئےمقامی ٹریفک مینجمنٹ حکام ضروری اقدامات پر عمل درآمد، ممکنہ خطرات کو کم کرنے، محفوظ اور بلا روک ٹوک ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے، اور بڑے پیمانے پر حادثات کی روک تھام کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،تاکہ جشن بہار کی خوشیاں بھرپور انداز سے منائی جا سکیں اور لوگ خوش گوار یادوں کے ساتھ اس تہوار سے صحیح معنوں میں محظوظ ہو سکیں.

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 962 Articles with 412843 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More