ابھی حال ہی میں جنوری کے اواخر میں چین کے مختلف صوبوں، بلدیات اور خود اختیار علاقوں نے 2023 کے حوالے سے اپنی سالانہ اقتصادی رپورٹس جاری کیں، جس میں گزشتہ سال کی معاشی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا اور 2024 کے لیے اہداف مقرر کیے گئے۔ ان میں سے تقریباً نصف علاقوں نے پچھلے سال کی 5.2 فیصد کی قومی شرح نمو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اقتصادی ترقی کی فہرست میں مسلسل 35 سالوں سے سرفہرست رہنے کے بعد، 2023 میں چین کا صوبہ گوانگ دونگ ملک کا پہلا صوبہ بن گیا جس کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) 13 ٹریلین یوآن (تقریباً 1.83 ٹریلین ڈالر) سے تجاوز کر گئی۔ دنیا میں صرف 10 ممالک ایسے ہیں جن کی جی ڈی پی اس سے زیادہ ہے۔ یہ بات قابل زکر ہے کہ مینوفیکچرنگ ہارٹ لینڈ کی حیثیت سے، گوانگ دونگ دنیا میں بہترین صنعتی اور سپلائی چین والے خطوں میں سے ایک ہے. رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ گوانگ دونگ میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کی اضافی قدر صوبے کی جی ڈی پی کا 32.7 فیصد ہے۔گوانگ ڈونگ بنیادی طور پر حقیقی معیشت کے اصول پر عمل پیرا ہے اور مینوفیکچرنگ کی صنعت کو ترجیح دیتا ہے، اس طرح جدید صنعتی نظام کی تعمیر میں مسلسل اہم پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔
یہ صوبہ صنعتی اداروں کی تعداد میں بھی ملک میں سرفہرست ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس میں 71 ہزار سے زیادہ صنعتی ادارے ہیں جن کی بنیادی کاروبار سے سالانہ آمدنی 20 ملین یوآن سے زیادہ ہے، اور 75 ہزار سے زیادہ ہائی ٹیک انٹرپرائزز ہیں.یہاں ، کاریں تیار کرنے کی صلاحیت کو اکثر مینوفیکچرنگ اور تکنیکی جدت طرازی کی مجموعی سطح کی علامت کے طور پر دیکھا گیا ہے۔ برقی گاڑیوں کے معروف گھریلو مینوفیکچررز ، جیسے بی وائی ڈی ، نے گوانگ دونگ میں مکمل پیمانے پر پیداوار شروع کردی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں چار میں سے ایک نئی انرجی گاڑی اسی صوبے میں تیار کی جاتی ہے۔2023 میں گوانگ دونگ نے غیر ملکی تجارت میں سال بہ سال 0.3 فیصد اضافہ حاصل کیا اور 8.3 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی، جو عالمی طلب میں کمزور صورتحال کے تناظر میں کوئی آسان کام نہیں تھا۔ برقی مسافر گاڑیوں ، لیتھیم آئن بیٹریوں اور شمسی بیٹریوں کی برآمدات میں سال بہ سال قابل ذکر اضافہ ہوا۔
مسلسل 38 سالوں سے چین کے سب سے بڑے غیر ملکی تجارتی کھلاڑی کی حیثیت سے ، صوبے میں درآمدات اور برآمدات کے شعبے میں ایک لاکھ تیس ہزار سے زیادہ کاروباری ادارے فعال ہیں ، جو قومی سطح پر مجموعی تعداد کا 20 فیصد سے زیادہ ہیں۔2023 میں بھی گوانگ دونگ نے اپنی معیشت میں زبردست بحالی کا تجربہ کیا ، جس کی وجہ صارفین کے مضبوط اخراجات تھے ، کیونکہ سماجی اعتبار سے صارفی اشیاء کی کل خوردہ فروخت 5.8 فیصد اضافے کے ساتھ 4.7 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی۔ دریں اثنا، گوانگ دونگ کی سمندری پیداوار کی مالیت مسلسل 20 سال سے زیادہ عرصے سے چین میں پہلے نمبر پر ہے. گوانگ دونگ میں متحرک رفتار نے ایک بڑے ٹیلنٹ پول کو بھی اکٹھا کیا ہے۔ صوبے میں 1.3 ملین سے زیادہ آر اینڈ ڈی اہلکار ہیں ، جو ملک بھر میں مجموعی تعداد کا تقریباً ساتواں حصہ ہے۔ اس کے علاوہ، یہ 45 ہزار غیر ملکی ٹیلنٹ اور 5 ہزار اہلکاروں کو جو قومی اور صوبائی کلیدی ٹیلنٹ منصوبوں کے لئے شارٹ لسٹ کیے جاتے ہیں، کو ملازمتیں فراہم کرتا ہے. یہ سب صوبے کی ترقی، جدت طرازی کو آگے بڑھانے اور کامیابیاں حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
گوانگ دونگ صوبے کے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے نزدیک کاروباری اداروں کی مضبوط جدت طرازی کی صلاحیت گوانگ دونگ کی صنعتوں کا ایک نمایاں فائدہ ہے۔ گوانگ دونگ میں تقریباً 90 فیصد سائنسی تحقیقی ادارے، 90 فیصد سائنسی محققین، 90 فیصد آر اینڈ ڈی فنڈز اور 90 فیصد انوینشن پیٹنٹ درخواستیں کاروباری اداروں سے آتی ہیں۔گوانگ دونگ نے 2024 کے لئے اپنے علاقائی جی ڈی پی کے لحاظ سے سال بہ سال 5 فیصد کی ترقی کا ہدف مقرر کیا ہے۔ گریٹر بے ایریا کی ترقی رواں سال صوبے کی اقتصادی ترجیحات میں سے ایک ہوگی ، جو خطے کے لئے ایک جامع ترقیاتی منصوبے کے آغاز کے بعد سے پانچویں سالگرہ ہے۔ منصوبے کے مطابق یہ خطہ تجارت، ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر کے لحاظ سے عالمی معیار کا خلیجی علاقہ بن جائے گا۔مزید برآں، علاقائی ترقی کو متوازن کرنے کے لئے صوبے کے کم ترقی یافتہ حصوں میں صنعتوں کی مدد کے لئے مزید کوششیں کی جا رہی ہیں جس سے آئندہ عرصے میں چین کے اس سب سے بڑے " معاشی پاور ہاؤس " کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔
|