چین میں حال ہی میں اختتام پزیر ہونے والی اسپرنگ فیسٹیول کی تعطیلات نے کھپت میں اضافے کا ایک نیا دور شروع کیا ہے ، جس سے صارفین کے اخراجات کے امکانات میں مزید اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کے لئے قمری نیا سال منانے کے لئے نئے انداز سامنے آئے ہیں۔اس سال اسپرنگ فیسٹیول کی سرکاری تعطیلات 10 فروری سے 17 فروری تک جاری رہیں ، جو پچھلے سالوں کے مقابلے میں ایک دن زیادہ ہیں ، جس سے لوگوں کو زیادہ "چوائس" کے ساتھ اپنی تعطیلات کی سرگرمیاں ترتیب دینے کا موقع بھی ملا ۔آٹھ روزہ تعطیلات میں زیادہ لوگوں کو سفر کرتے دیکھا گیا ہے، تعطیلات کے سامان کی خریداری میں اضافہ ہوا، اور تفریحی سرگرمیوں میں زیادہ معیاری خاندانی وقت گزارا گیا ہے۔
سفری سیزن کا ریکارڈ عروج
تعطیلات کے دوران شہریوں کی سفر کی خواہش میں اضافہ ہوا ، اور بہت سے اشاریے ، جیسے مسافروں کی تعداد اور سفری ٹرپس کی کل تعداد ، ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔چینی وزارت ثقافت و سیاحت کے اعداد و شمار کے مطابق تعطیلات کے دوران 474 ملین گھریلو سیاحتی دورے کیے گئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 34.3 فیصد زیادہ ہیں اور 2019 میں وبائی صورتحال سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں تقابلی بنیادوں پر 19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گھریلو سطح پر سیاحوں نے مجموعی طور پر تقریباً 632.69 بلین یوآن (تقریباً 89.07 بلین امریکی ڈالر) خرچ کیے ہیں ، جو 2019 میں اسی تعطیلات کی مدت کے مقابلے میں 7.7 فیصد زیادہ ہے۔چائنا یونی کام کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2019 کے مقابلے میں 2024 کے اسپرنگ فیسٹیول میں سفر کرنے والے افراد کی ٹریفک کے حجم میں 45 فیصد اضافہ ہوا، جس میں 14 ہزار سے زائد مقبول سیاحتی راستوں کا نیا اضافہ ہوا۔سیاحت سے وابستہ اداروں کے نزدیک نئے سال کے دن سے لے کر اسپرنگ فیسٹیول تک ، ثقافتی سیاحت کی کھپت گرم رہی ، جو رہائشیوں کی کھپت کو چلانے والی اہم طاقت بن گئی ہے ، یہ گھریلو کھپت کی بڑی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے۔اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر ،چینی ساختہ گھریلو کروز جہاز "اڈورا میجک سٹی" نے 4500 سے زیادہ مسافروں کے ہمراہ نئے سال کا سفر کیا۔
اسی طرح چار سال کے وقفے کے بعد ، چینی اسپرنگ فیسٹیول ایک بار پھر عالمی سفری کھپت کا عروج بن گیا۔ایک رپورٹ کے مطابق چین کے بیرون ملک اور ان باؤنڈ سیاحت کے آرڈرز دونوں 2019 میں اسی مدت سے تجاوز کر گئے، خاص طور پر ان باؤنڈ ٹورازم، جس میں 2019 کے مقابلے میں 48 فیصد اضافہ ہوا۔نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق تعطیلات کے دوران مجموعی طور پر 13.52 ملین افراد نے اندرون ملک اور بیرون ملک سفر کیا۔ روزانہ اوسط دوروں کی تعداد 1.69 ملین تھی ، جو پچھلے سال کی اسی تعطیلات کی مدت کے مقابلے میں 2.8 گنا اضافہ ہے۔
تعطیلات کی وافر خریداری
اسپرنگ فیسٹیول رواں سال ملک میں کھپت کو فروغ دینے کی کوششوں میں پہلی بڑی آن لائن سرگرمی بھی رہی۔اس ضمن میں ملک نے 18 جنوری کو ایک قومی آن لائن اسپرنگ فیسٹیول شاپنگ سیزن کا آغاز کیا ، جس میں مختلف علاقوں ، ای کامرس پلیٹ فارمز اور دکانوں سے آن لائن پروموشن سرگرمیوں کو ضم کیا گیا۔تعطیلات کے پہلے پانچ دنوں کے دوران، تہوار کے مصنوعات کی فروخت میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا. وزارت تجارت کی نگرانی میں خوردہ کاروباری اداروں سے سبز نامیاتی کھانے، سونے، چاندی اور زیورات کی فروخت میں سال بہ سال 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔اسی طرح پرتعیش اشیاء بالخصوص ڈیوٹی فری اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ۔
تفریحی اخراجات میں اضافہ
اشیاء کی کھپت کے علاوہ تفریحی سرگرمیاں بھی چینی صارفین میں مقبول رہیں۔بیجنگ میونسپل بیورو آف کلچر اینڈ ٹورازم کے مطابق ، اسپرنگ فیسٹیول کے دوران ، شہر کے 97 تھیٹروں نے مجموعی طور پر 1513 تجارتی پرفارمنس کا انعقاد کیا ، جس نے تقریباً تین لاکھ سے زائد ناظرین کو راغب کیا اور 49.28 ملین یوآن کی باکس آفس آمدنی حاصل کی۔ 2019 میں اسی تعطیلات کے عرصے کے مقابلے میں ، پرفارمنس کی تعداد ، ناظرین اور باکس آفس آمدنی میں بالترتیب 245.7 فیصد ، 41.5 فیصد اور 31.7 فیصد اضافہ ہوا۔جہاں تک سینما گھروں کی بات ہے تو تعطیلات کے دوران قومی باکس آفس 8.02 ارب یوآن رہا اور فلمیں دیکھنے والوں کی تعداد 163 ملین رہی۔ چائنا فلم ایڈمنسٹریشن کے مطابق 2023 میں موسم بہار کی تعطیلات کے مقابلے میں اعداد و شمار میں بالترتیب 18.47 فیصد اور 26.36 فیصد اضافہ ہوا، دونوں نے اسی عرصے میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔
یہ امر بھی قابل زکر ہے کہ موسم سرما کے کھیل ملک کے شمال مشرقی صوبوں سے باہر مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ دسمبر میں ، مشرقی چین کے صوبہ شان دونگ کے ساحلی شہر لونگ کو نے اپنا پہلا اسکی ریزورٹ کھولا ، جس نے اسپرنگ فیسٹیول کے دوران سیاحوں کو بیرونی تفریح کے لئے ایک نیا آپشن پیش کیا۔یوں مجموعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ اسپرنگ فیسٹیول کے دوران شہریوں کا جوش و خروش توقعات سے کہیں زیادہ رہا جس نے سیاحت ،کھپت اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں تیزی کی ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
|