ڈیجیٹل مطالعہ

رواں سال کے ورلڈ بک اینڈ کاپی رائٹ ڈے کے موقع پر چین میں جاری ہونے والی ایک قومی ریڈنگ رپورٹ کے مطابق، ٹیکنالوجی میں ترقی اور ای کامرس کی بڑی کمپنیوں کی جانب سے حوصلہ افزا اقدامات کے باعث، چین میں ڈیجیٹل ریڈنگ میں اضافہ ہوا ہے اور اسے بہت سے قارئین کے لئے یہ ترجیحی فارمیٹ بنا دیا ہے۔چین کے 14 ویں پانچ سالہ منصوبےبرائے قومی اقتصادی و سماجی ترقی اور وژن 2035 کے خاکے میں ، اس بات کو مدنظر رکھا گیا ہے کہ ملک گیر مطالعہ کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

چائنیز اکیڈمی آف پریس اینڈ پبلی کیشن کی جانب سے 2023 میں کرائے گئے قومی مطالعے کے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ چینی بالغ افراد نے 2023 میں اوسطا 4.75 فزیکل کتابیں پڑھی ہیں، جو 2022 میں 4.78 کے مقابلے میں قدرے کم ہیں۔چین کے بالغ شہریوں نے 2023 میں فی کس اوسطا 3.4 ڈیجیٹل کتابیں پڑھیں جو 2022 میں 3.33 کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ دریں اثنا، 2023 میں 78.3 فیصد چینی بالغ افراد آن لائن یا اسمارٹ موبائل ڈیوائسز پر ایپس کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر پڑھتے ہیں، جو 2022 میں 77.8 فیصد کے مقابلے میں 0.5 فیصد زیادہ ہے.رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی آن لائن ادبی تخلیقات کا 20 سے زائد زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے، جس میں جنوب مشرقی ایشیا، شمالی امریکہ، یورپ اور افریقہ کے 40 سے زائد ممالک اور خطوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

آن لائن لرننگ سے وابستہ ماہرین کے خیال میں جوں جوں زیادہ سے زیادہ مواد ڈیجیٹل طور پر سامنے آ رہا ہے ، ڈیجیٹل پبلشنگ وسیع تر معنوں میں ڈیجیٹل میڈیا میں مواد کی اشاعت کو یقینی بنا رہی ہے۔ ڈیجیٹل مواد ایسی تمام معلومات کی نمائندگی کرتا ہے جو نہ صرف متن ، بلکہ ڈیزائن ، مواد کی تقسیم کے پلیٹ فارم اور اشاعت کے عمل میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیوں کو بھی ڈیجیٹلائز کیا جاسکتا ہے۔

چین کی ای کامرس کمپنی جے ڈی ڈاٹ کام نے ایک جامع ڈیجیٹل ریڈنگ "ایکو سسٹم" تیار کیا ہے جس میں پڑھنے کی ایپ، الیکٹرانک ریڈنگ گیجٹس اور آڈیو ای بکس شامل ہیں۔ کمپنی نے صارفین کے آن لائن خریداری کے طرز عمل کی بنیاد پر کلاسیفائیڈ ریڈنگ گروپس کی ایک فہرست بھی جاری کی ہے ۔یوں ،ڈیجیٹل میڈیا ناظرین کے رویے اور دلچسپی کے تجزیے کی بنیاد پر فروخت کو فروغ دے سکتا ہے۔

فزیکل بکس کے پبلشرز کے برعکس ڈیجیٹل میڈیا صارفین کی رجسٹریشن، لاگ ان، ریڈنگ، مواد شیئرنگ اور تبصرے کا انتظام کرنے کے لیے بگ ڈیٹا ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے۔ تمام اعداد و شمار کے ریکارڈ کو ٹریک اور تجزیہ کیا جا سکتا ہے. اس طرح بلاک چین ٹیکنالوجی جلد ہی ڈیجیٹل مواد کی اشاعت کی صنعت میں لاگو کی جائے گی۔یوں ، روایتی اشاعتی اداروں کی بہت سی ملازمتیں ، جیسے کاپی رائٹ مینجمنٹ اور مواد کی تیاری کا عمل ، مصنوعی ذہین ٹیکنالوجی سے بدل دی جائیں گی ، جو دھوکہ دہی کو روکنے اور درمیانی لنکس کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔

چین میں ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے تناظر میں اس وقت ، کلاسیکی کتابیں جدید ٹیکنالوجی کی بدولت عوام کے لئے زیادہ قابل رسائی ہیں۔ چین کی نیشنل لائبریری نے گزشتہ سال یونگلے کینن ایچ ڈی امیجز ڈیٹا بیس جاری کیا تھا ، جس سے عوام کو عظیم قدیم انسائیکلوپیڈیا "یونگلے داتیان" کا مطالعہ کرنے کا موقع ملا ، جسے چینی منگ خاندان کے شہنشاہ یونگلے نے 1403 میں کمیشن کیا تھا۔ہائی ڈیفینیشن تصاویر کی بنیاد پر ، ڈیٹا بیس انسائیکلوپیڈیا کے مواد اور ترتیب کو واضح طور پر ظاہر کرنے کے لئے جی آئی ایس تکنیک اور تھری ڈی تکنیک دونوں کو اپناتا ہے۔اس طرح ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ، قدیم کلاسیکی کاوشوں کو عوام اور ماہرین کے لیے قابل مطالعہ اور بہتر طور پر محفوظ کیا گیا ہے۔ان تمام کوششوں کی روشنی میں اب ملک بھر میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

چین کے سب سے مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ڈوین پر، ضروری سائنسی کتابوں کی تلاش کے لئے وقف ایک پروگرام نے صرف دو سالوں میں لاکھوں ویوز حاصل کیے ہیں اور تقریبا 90 ہزار مستقل ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ ہر ہفتے معزز سائنس دانوں اور اسکالرز کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ وہ سائنسی کتابوں پر اپنی بصیرت کا تبادلہ کر سکیں۔ملک میں بائیو میڈیسن، ایرو اسپیس، فلکیات، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں حالیہ پیش رفت نے سائنس کے لیے عوامی جوش و خروش کی لہروں کو جنم دیا ہے اور سائنسی کتابوں کی اشاعت اور مارکیٹنگ میں نئی جان ڈال دی ہے۔اسی طرح ڈیجیٹل ریڈنگ مواد کی مدد سے غیر ملکی قارئین چینی ثقافتی عناصر اور بنیادی اقدار کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں اور ساتھ ہی چین اور دنیا کے درمیان مختلف ثقافتی ماخذ اور طرز فکر کو بھی سمجھ سکتے ہیں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1139 Articles with 431908 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More