نئی توانائی والی گاڑیوں کی مانگ

ابھی حال ہی میں کچھ مغربی حلقوں کی جانب سے نئی توانائی والی گاڑیوں (این ای وی) کے حوالے سے چین کی پیداواری صلاحیت کو "حد سے زیادہ " قرار دیا گیا ہے ۔ایسے دعوے چین کی صنعتی صلاحیت کی حقیقی صورتحال سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں اور چین کی برقی گاڑیوں کی مارکیٹ کی تیز رفتار ترقی کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔درحقیقت ، چین میں نیو انرجی گاڑیوں میں جدت طرازی اور اعلیٰ معیار مکمل طور پر مسابقتی مارکیٹوں ، تکنیکی انوویشن ، اور صنعتی چینز کی کلسٹرنگ کے ذریعے لائے گئے تقابلی فوائد سے پیدا ہوتی ہے۔

بلومبرگ نے حال ہی میں اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ اگر "حد سے زیادہ گنجائش" کی بات کی جائے تو وسیع پارکنگ کی جگہیں غیر فروخت شدہ گاڑیوں سے بھری ہونی چاہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی آٹومیکرز کی انوینٹریز زیادہ نظر نہیں آتی ہیں اور چین کی کار ڈیلر ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈیلرز کی انوینٹریز کے اعداد و شمار میں بھی غیر معمولی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔

درحقیقت ، حالیہ برسوں میں ، چین میں ٹاپ 10 آٹوموٹو کمپنیوں میں صنعت کی اوسط سے کہیں زیادہ صلاحیت کے استعمال کی شرح ہے۔عالمی آٹوموٹو انڈسٹری کی خبریں اور تجزیے فراہم کرنے والے لندن سے شائع ہونے والے میگزین "جسٹ آٹو" کے ایک مضمون سے پتہ چلتا ہے کہ 2023 میں چین میں آٹو کمپنیوں جیسے بی وائی ڈی گروپ، ٹیسلا کی شنگھائی فیکٹری اور ایس اے آئی سی گروپ کی پیداواری صلاحیت کے استعمال کی شرح تقریباً 80 فیصد تھی۔ اس کے مقابلے میں ہیونڈائی موٹر کی پیداواری صلاحیت کے استعمال کی شرح صرف 23 فیصد تھی اور کیا موٹر کی شرح صرف 25 فیصد تھی۔

چائنا پیسنجر کار ایسوسی ایشن کے مطابق ایک نوزائیدہ صنعت کے طور پر ، نئی توانائی کی گاڑیوں کا شعبہ اپنی پیداواری صلاحیت اور تقسیم کے اعتبار سے نسبتاً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین کے این ای وی سیکٹر میں نام نہاد "حد سے زیادہ صلاحیت" بڑی حد تک "اعداد و شمار کا کھیل" ہے۔ مثال کے طور پر ، کچھ کمپنیاں نیو انرجی گاڑیاں اور روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیاں دونوں تیار کرتی ہیں۔ جیسا کہ ایندھن سے چلنے والی کاروں کی فروخت ای وی مارکیٹ شیئر کی توسیع کے ساتھ کم ہو رہی ہے ، کچھ حلقے چین کی آٹوموٹو صنعت کی کل تعداد میں اس متروک صلاحیت کو بھی شامل کرتے ہیں۔

مزید برآں، صلاحیت کی تعمیر ایک متحرک عمل ہے جو گردشی عوامل سے متاثر ہوتا ہے. چین کی این ای وی مارکیٹ کی تیز رفتار ترقی ، فعال صلاحیت کی منصوبہ بندی کا مطالبہ کرتی ہے۔ مستقبل کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ،عموماً مجموعی طور پر نئی توانائی گاڑیوں کے شعبے میں "حد سے زیادہ صلاحیت" کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ماہرین کے نزدیک چینی الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ یورپی اور امریکی مارکیٹوں کے مقابلے میں تیز اور مضبوط ترقی کی رفتار کو برقرار رکھے گی۔اس وقت چینی مینوفیکچررز بڑے پیمانے کی معیشتوں کے ذریعے لاگت میں کمی اور کارکردگی میں بہتری حاصل کر رہے ہیں۔

چین کا اس حوالے سے موقف بڑا واضح ہے کہ "حد سے زیادہ پیداواری صلاحیت" کا بیانیہ درحقیقت تقابلی فوائد کے بنیادی اصول کی خلاف ورزی ہے، جو 200 سال سے زیادہ عرصے سے مغربی معاشیات کا بنیادی اصول رہا ہے، اور تمام ممالک اپنے تقابلی فوائد کے ساتھ مصنوعات تیار اور برآمد کرتے ہیں، جو بین الاقوامی تجارت کا جوہر ہے۔ اگر پیداوار کسی ملک کی ضروریات سے زیادہ ہو تو اسے "اوورکیپیسٹی" کہا جاتا ہے، اور پیداواری صلاحیت کو کم کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے،لیکن اس سے پہلے ممالک کے درمیان تجارت کو بھی لازماً دیکھا جاتا ہے۔
اعداد و شمار کی روشنی میں 2030 تک ، نئی توانائی کی گاڑیوں کی عالمی طلب 45 ملین تک پہنچ جائے گی ، جو 2022 کے مقابلے میں 4.5 گنا زیادہ ہے۔ ایسے میں ، عالمی پیداواری صلاحیت مارکیٹ کی حقیقی طلب کو پورا کرنے سے کوسوں دور ہے، لہذا اوورکیپیسٹی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے اور محض مفروضوں کی بنیاد پر "حد سے زیادہ صلاحیت" کے نتائج اخذ کرنا سائنسی طور پر درست نہیں ہے جو ماحول دوست گاڑیوں کی ترقی کو متاثر کر سکتا ہے۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 618306 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More