جانیۓ کیا محض رنگ بیان کرسکتے ہیں پیار سے عشق تک کا سفر

ابتداء میں ہی اعتراف کرنا چاہونگی کہ میں کوئ آرٹسٹ/پینٹنگ ایکسپرٹ تو نہیں مگر پھر بھی پہلی بار کینوس پر دل کے جذبات اور اِک گہری سوچ کو رنگوں کے ذریعے الفاظ دینے کی کوشش کی ہے۔

آج اسی پینٹنگ کی تھوڑی تفصیل بیان کرنا چاہونگی کیونکہ صرف اِسے دیکھ کر یہ جاننا آسان نہ ہو گا کہ پینٹنگ میں استعمال کیے گۓ رنگ کن جذبات کی عکاسی کر رہے ہیں۔

1) سیاہ رنگ: ہرخاص و عام انسان کی زندگی مشکلات، مصائب و پریشانیوں کا منبع ہوتی ہے۔ اس پینٹنگ میں گہرا سیاہ رنگ انہی مشکلات و پریشانیوں کی نمائندگی کر رہا ہے۔ یہ غم، تکالیف، مصائب و آلام انسان کی سوچ کو تاریک کرکے اُس کی زندگی کے تمام رنگ جیسے چھین لیتے ہیں۔

2) ہلکا گلابی رنگ: جب اِن مشکلات و مصائب سے نکلنے کا کوئ راستہ سوجھائ نہیں دیتا تب انسان اپنے رب تعالٰی سے دل سے رجوع کرنا شروع کرتا ہے۔ جب اس کا زاروقطار رونا اور گڑگڑانا رب تعالٰی کے حضور کی گئ دعاؤں کی قبولیت کا باعث بنتا ہے تو دھیرے دھیرے رنج و غم کے بادل چھٹنا شروع ہو جاتے ہیں۔ انسان کی اس لمحے کی خوشی دیدنی ہوتی ہے۔ مولا ربِ کریم سے پیار میں اضافہ ہونے کا آغاز ہوجاتا ہے۔

3) گہرا گلابی رنگ: جوں جوں وقت گزرتا ہے، یہ پیار کا جذبہ مزید گہرا ہوتا جاتا ہے کیونکہ انسان کی زندگی میں اللہ پاک آسانیوں کا سلسلہ شروع فرما دیتے ہیں۔ انسان کو علم نہیں ہو پاتا کب وہ پیار کی حدود پار کرتے ہوۓ محبت کی سر زمین کا باسی بن جاتا ہے۔ یہاں میں بتانا چاہونگی کہ پیار اور محبت کے جذبات دھیرے دھیرے ایک دوسرے میں مدغم ہونے لگتے ہیں۔

4) گہرا سرخ رنگ: غم، پریشانیاں، مصائب و مشکلات اپنا وجود کھونے لگتے ہیں کیونکہ انسان کا اپنے رب سے تعلق مزید گہرا ہوتا چلا جاتا ہے۔ اپنے پاک پرودگار پر بھروسہ اور توؔکل ایک اَن دیکھی، بِنا محسوس کیے کاملیت کی رِدا اوڑھنے لگتا ہے۔ جب انسان اپنے رب کو اسکی تمام صفات و خوبیوں کے ساتھ دل سے ماننا شروع کرتا ہے بس تب ہی محبت کا رنگ عشقِ حقیقی کے گہرے سرخ رنگ میں ڈھل کر اس کی زندگی کو با معنی، با مقصد بنا دیتا ہے۔ دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی جیسے اس کے نصیب میں لکھ دی جاتی ہے۔ یوں سمجھیں انسان اُس لمحے اپنے رب کے 'ا' کو حقیقی معنوں میں جاننے اور سمجھنے کی صلاحیت سے روشناس کرا دیا جاتا ہے۔ یہ عشقِ حقیقی کا رنگ انسان کی زندگی، طرزِ عمل، عادات و اطوار، لب و لہجے، سوچ و رویے سے جھلکنے لگتا ہے اور ایک واضح لکیر نمودار ہو کرمحبت سے عشق کو الگ کر دیتی ہے۔

5) سفید رنگ: اللہ سبحان و تعالٰی چونکہ نور ہی نور ہیں، اس لۓ لفظ اللہ کی عکاسی سفید رنگ کے علاوہ کوئ اور رنگ کر ہی نہیں سکتا۔ علاوہ ازیں اللہ پاک کے قریبأ تمام صفاتی نام اسکے کریمانہ طبیعت کے مظہر ہیں یوں بھی سفید رنگ سکون، امن، اطمینانِ قلب کے لۓ نہایت موضوع ہے۔

اختتام ایک دعا پر کرنا چاہونگی جس پر کہی گئ میرے قارئین کی آمین اسے قبولیت کے دروازے پر دستک دینے کا باعث بنے گی ان شاء اللہ۔

اللہ سبحان و تعالٰی تمام انسانوں بالخصوص مسلمانوں کی تمام مشکلات، پریشانیوں، غم و رنج کو دور فرماۓ اور اپنا کرم فرماتے ہوۓ ہم سب کا پیار سے عشقِ حقیقی کا سفر آسان بناۓ۔ آمین ثم آمین، یا رب العالمین
 

Asma Ahmed
About the Author: Asma Ahmed Read More Articles by Asma Ahmed: 47 Articles with 48036 views Writing is my passion whether it is about writing articles on various topics or stories that teach moral in one way or the other. My work is 100% orig.. View More