چین کا فیوچر انڈسٹریز کی ترقی پر زور

چین اس وقت سائنس ٹیک جدت طرازی اور صنعتی اپ گریڈیشن کے گہرے انضمام کے ذریعے نئے معیار کی پیداواری قوتوں کو فروغ دینے اور انہیں مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے نئی حرکیات کی تخلیق میں تیزی لائی جا سکے۔جوں جوں ٹیکنالوجی اور اختراع میں بہتری کا عمل جاری ہے ، ملک کی سازوسامان مینوفیکچرنگ صنعت کی اضافی قدر میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔حالیہ برسوں میں، ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ اور سازوسامان کی مینوفیکچرنگ کی اضافی قدر کی اوسط سالانہ ترقی کی شرح تقریباً 10 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو مقررہ سائز سے بالا تمام صنعتوں کی اوسط سطح سے نمایاں طور پر زیادہ ہے.

اس تناظر میں نہ صرف اسٹیل اور نان فیرس دھاتوں جیسی روایتی صنعتیں بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل اور ذہین ٹیکنالوجیز کا اطلاق کر رہی ہیں ، بلکہ ابھرتی ہوئی صنعتیں جیسے بگ ڈیٹا اسٹوریج اور پروسیسنگ ، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ، بائیو مینوفیکچرنگ اور نئی توانائی کی گاڑیاں بھی اس دور میں جدید پیداوار اور صنعتی ذہانت کی نئی مثالیں قائم کررہی ہیں۔اسی طرح چین کے لیے یہ امر بھی قابل اطمینان ہے کہ انفراسٹرکچر، توانائی، نقل و حمل، تعمیرات، فن تعمیر، سیاحت اور فضلے کے انتظام سمیت تقریبا تمام معاشی اور سماجی شعبوں میں گرین ڈویلپمنٹ بڑے پیمانے پر عملی شکل اختیار کر رہی ہے۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ2023کے اختتام تک ، چین کی ہوا سے بجلی اور فوٹو وولٹک توانائی کی مجموعی انسٹال شدہ صلاحیت 1.05 بلین کلو واٹ تک پہنچ گئی ، جو نئی توانائی کی دنیا کی کل نصب شدہ صلاحیت کا 40 فیصد ہے ، جبکہ تقریباً 9.5 ملین نئی توانائی گاڑیاں فروخت ہوئیں ، جو لگاتار نو سال سے دنیا میں سرفہرست چلی آ رہی ہیں۔اس کے علاوہ چین نے 3657 گرین فیکٹریاں، 270 گرین انڈسٹریل پارک، 408 گرین سپلائی چین انٹرپرائزز قائم کیے ہیں، جو تقریباً 30 ہزار سبز مصنوعات کو فروغ دے رہی ہیں۔ماہرین کے نزدیک چین نے آہستہ آہستہ ایک "جامع چین گرین مینوفیکچرنگ اور مصنوعات" کی فراہمی کا نظام تشکیل دیا ہے۔

مصنوعی ذہانت کے ٹولز کی مدد سے چین میں مزید سائنس فکشن منظر نامے جیسے سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کا فعال ہونا، روبوٹس کا معاشی سماجی ترقی بالخصوص صنعتی پیمانے پر بڑھتا ہوا استعمال اور چپس پر خودکار مائیکرو نینو تھری ڈی پرنٹنگ وغیرہ شامل ہیں۔اس وقت ملک میں مصنوعی ذہانت مستقبل کی صنعتوں کے لئے ایک اہم محرک کے طور پر کام کر رہی ہے ، جو سائنس ٹیک جدت طرازی کے لامحدود امکانات پر مشتمل ہے اور مستقبل کے اعلیٰ معیار کی ترقی کے رجحان کی نمائندگی کرتی ہے۔

حالیہ برسوں میں ، بیجنگ ، شنگھائی ، جیانگسو اور زے جیانگ میں مقامی حکومتوں نے مستقبل کی صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے پالیسیاں اور دستاویزات جاری کی ہیں۔ جدید مصنوعات جیسے ہیومینائڈ روبوٹس، کوانٹم کمپیوٹرز، برین کمپیوٹر انٹرفیسز، 6 جی نیٹ ورک آلات، انتہائی بڑے نئے ذہین کمپیوٹنگ سینٹرز اور جدید ایوی ایشن آلات کی ترقی کے لیے ملک بھر میں بہت سے مقامات پر فعال منصوبہ بندی کی گئی ہے.

چین کو اس حقیقت کا بخوبی ادراک ہے کہ نئے معیار کی پیداواری قوتوں کی تشکیل کو اسٹریٹجک ابھرتی ہوئی صنعتوں اور مستقبل کی صنعتوں کی ترقی سے الگ نہیں کیا جاسکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ چینی حکام پرامید ہیں کہ صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تناظر میں 2025 تک ، چین کی مستقبل کی صنعتوں کے کچھ شعبے بین الاقوامی اعلیٰ درجے کی سطح تک پہنچ جائیں گے۔چین کی یہ کوشش بھی ہے کہ 2027 تک ، ملک کی مستقبل کی صنعتوں کی جامع طاقت میں نمایاں بہتری آئے اور کلیدی بنیادی ٹیکنالوجیز قابل ذکر کامیابیاں حاصل کریں تاکہ چین کو حقیقی معنوں میں ٹیکنالوجی کے میدان میں خودانحصاری کی راہ پر گامزن کیا جا سکے اور ترقی کے سفر کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1385 Articles with 655517 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More