چین کی ہائی اسپیڈ ریلوے میں لاجواب ترقی

حالیہ برسوں میں چین نے اپنے ہائی اسپیڈ ریلوے کو جدید ترقی سے ہمکنار کیا ہے اور آج ، چین کی فوشنگ بلٹ ٹرین سب سے متنوع آپریٹنگ منظرنامے کے ساتھ دنیا کی تیز ترین کمرشل ٹرین بن چکی ہے۔ 2023 کے آخر تک ، فوشنگ بلٹ ٹرینیں 2.34 بلین کلومیٹر بحفاظت آپریشن سرانجام دے چکی ہیں اور مجموعی طور پر 2.2 بلین مسافروں کو سفری خدمات فراہم کی گئی ہیں۔2013 میں ٹرین کی تیاری کے نقطہ آغاز سے لے کر 2017 میں اس کے متاثر کن آپریشنل آغاز تک ، فوشنگ بلٹ ٹرین چین کی اختراعی صلاحیتوں کی علامت ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ2004میں ، ملک میں ریلوے کی رفتار میں اضافے کی بڑھتی ہوئی مانگ کا سامنا کرتے ہوئے ، چین نے دنیا بھر سے تیز رفتار ریل ٹیکنالوجیز کو ٹریک کرنا شروع کیا اور جاپان ، فرانس ، کینیڈا اور جرمنی سے ٹیکنالوجیز متعارف کروائیں۔تین سال بعد ، حہ شائے تیز رفتار ٹرین باضابطہ طور پر فعال ہوئی ، اور اس کے بعد مصنوعات کا ایک سلسلہ تیار کیا گیا اور بڑے پیمانے پر پیداوار میں ڈالا گیا۔

چین کے ریلوے حکام کے نزدیک کچھ درآمد شدہ ٹرین ماڈلز کو لازمی طور پر مقامی حالات کے مطابق ڈھالنے میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مزید جدت طرازی کی ضرورت ہوتی ہے۔غیر ملکی ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز پر ہر اپ گریڈ یا ترمیم میں لازمی طور پر سافٹ ویئر اپ ڈیٹس شامل ہوتی ہیں ، اور بعض اوقات غیر ملکی ماہرین کی مدد کی بھی ضرورت ہوتی ہے ۔

اگرچہ چین نے حہ شائے سیریز کی ٹیکنالوجیز میں مہارت حاصل کی ، اور بہت سی ٹیکنالوجیز کو آزاد انہ جدت طرازی کے ذریعے تیار اور بہتر بنایا گیا تھا ، لیکن غیر ملکی ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز کے استعمال اور غیر ملکی معیارات کو اپنانے کی وجہ سے ، مزید ترقی محدود تھی۔ لہذا ، چینی معیار کے حامل تیز رفتار ٹرینوں کو تیار کرنا ضروری تھا اور یہی فوشنگ ٹرینوں کی تیاری کا بنیادی سبب بنا۔

فوشنگ ٹرین کی بات کی جائے تو 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والی تیز رفتار ٹرین میں 40ہزار سے زیادہ حصے شامل ہیں، جو میکانکس، دھات کاری، مواد، پاور الیکٹرانکس، کیمیکل انجینئرنگ اور انفارمیشن کنٹرول جیسے مختلف تکنیکی شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔اس کے علاوہ ، چین کے سپر بڑے ریلوے نیٹ ورک ، پیچیدہ جغرافیائی اور آب و ہوا کے حالات ، اور طویل فاصلے اور مسلسل تیز رفتار آپریشن کے ساتھ ، تیز رفتار ٹرینوں کی آزادانہ ترقی کو غیر معمولی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔شور کو کم کرنے کے لئے ، صوتی انسولیشن کے لئے مختلف مواد اور ڈھانچوں پر 3 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے۔ نتیجتا، فوشنگ بلٹ ٹرین ، ٹرین کے ڈبوں میں کم از کم 65 ڈیسیبل کی آواز کی سطح کے ساتھ 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کے قابل ہے۔

گاڑیوں کی مزاحمت اور توانائی کی کھپت کو کم کرنے کے لئے ، سمولیشن اور ونڈ ٹنل ٹیسٹ کے ذریعہ 40 سے زیادہ مختلف حلوں کا تجزیہ کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں ، ایروڈائنامک مزاحمت میں 14 فیصد کمی واقع ہوئی ، اور فی 100 کلومیٹر فی مسافر توانائی کی کھپت میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی۔ٹرین کے لئے زیادہ سے زیادہ ہارمونک کنٹرول حاصل کرنے کے لئے، تحقیق اور ترقی کی ٹیم ڈیزائن، تجزیہ، ٹیسٹنگ، اور آپٹیمائزیشن کے متعدد سائیکلوں سے گزری. یہ عمل بالآخر ایک جدید کنٹرول ماڈیول کی ترقی کا باعث بنا جو عالمی پایے تک پہنچ گیا ہے۔

فوشنگ تیز رفتار ٹرین کی آزاد انہ جدت طرازی کے دوران ، تحقیق اور ترقی کی ٹیم نے بنیادی کنٹرول ٹیکنالوجیز جیسے ٹریکشن ، بریکنگ ، اور نیٹ ورکنگ کے ساتھ ساتھ پہیے ، ایکسل ، اور گیئر باکس ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ میں کلیدی ٹیکنالوجیوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ٹرین کے ذریعہ اپنائے گئے 254 اہم معیارات میں سے 84 فیصد چینی ہیں۔ ٹرین کے مجموعی ڈیزائن کے ساتھ ساتھ ٹرین باڈی اور بوگی جیسی کلیدی ٹیکنالوجیوں کو آزادانہ طور پر تیار کیا گیا ہے ، اور سافٹ ویئر بھی مکمل طور پر خود تیار کیا گیا ، جس میں مکمل طور پر آزاد دانشورانہ ملکیت کے حقوق شامل ہیں۔

10 ہزار سے زائد سیمولیشنز، گراؤنڈ ٹیسٹ اور لائن ٹرائلز سے گزرنے کے بعد، چینی معیار کی تیز رفتار ٹرین فوشنگ نے 2017 میں اپنا ماڈل سرٹیفکیٹ اور مینوفیکچرنگ لائسنس حاصل کیا۔اسی سال جون میں ، فکسنگ بلٹ ٹرین نے اپنا آغاز کیا۔تین ماہ بعد ، ٹرین نے بیجنگ۔شنگھائی تیز رفتار ریلوے پر 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ تجارتی آپریشن کا آغاز کیا ، اور دسمبر 2019 میں ، اس نے خودکار ڈرائیونگ موڈ میں کام کرتے ہوئے بیجنگ۔ چانگ جیاکو ہائی اسپیڈ ریلوے پر 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار بھی حاصل کی۔تحقیق اور ترقی، مینوفیکچرنگ سے لے کر آپریشنل خدمات تک، 100 سے زیادہ بنیادی کاروباری ادارے اور 2100 سے زیادہ وابستہ ادارے تیز رفتار ٹرینوں کے لئے اجزاء کو ڈیزائن اور تیار کرنے میں شامل ہیں.وسیع تناظر میں فوشنگ بلٹ ٹرین نے پوری ریل ٹرانسپورٹ صنعت کی ترقی کو تحریک دی ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چین کی ریل ٹرانسپورٹ مصنوعات کی صنعت کا پیمانہ 2022 میں تقریباً 480 بلین یوآن (66.05 بلین ڈالر) تک پہنچ گیا ، اور توقع ہے کہ 2025 تک 600 بلین یوآن تک پہنچ جائے گا۔آج ،فوشنگ تیز رفتار ٹرین نے سرحدوں سے باہر بھی اپنے قدم جمائے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر چین کا سنہری سائن بورڈ بن چکا ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1278 Articles with 568630 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More