میسی کے ہاتھوں میں نہانے والا کمسن بچہ آج اسٹار فٹ بالر بن گیا

image
 
فوٹوگرافر جان مونفرٹ جب 17 برس قبل ابھرتے ہوئے فٹ بالر لیونل میسی کی ایک تقریب کے دوران تصویر لے رہے تھے تو انہیں یقین تھا کہ ایک دن میسی دنیا کے بڑے فٹ بالر بنیں گے۔ لیکن ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ فوٹو سیشن کے دوران وہ بچہ جو میسی کے ہاتھ میں ہے وہ بھی اسٹار فٹ بالر بنے گا۔

ارجنٹائن کے معروف فٹ بالر لیونل میسی کی تصویر ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں میسی کو چار ماہ کے بچے کو نہلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یہ تصویر خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے فوٹوگرافر جان مونفرٹ نے 2007 میں بچوں کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی ایک مہم کے دوران لی تھی۔

یہ اس زمانے کی بات ہے جب میسی محض 20 برس کے تھے اور وہ ارجنٹائن کی نیشنل ٹیم کے ساتھ ساتھ فٹ بال کلب بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے دنیائے فٹ بال میں اپنا نام بنا رہے تھے۔

سترہ برس بعد آج میسی دنیا کے اسٹار فٹ بالر ہیں۔ لیکن وہ بچہ جسے میسی نہلا رہے تھے وہ بھی آج نہ صرف اسپین کی نیشنل ٹیم کا حصہ ہے بلکہ جرمنی میں ان دنوں جاری ورلڈ یورپیئن چیمپئن شپ کھیل رہا ہے
 
image
 
یہ بچہ کوئی اور نہیں بلکہ لمائن یمل ہے جنہیں یورپین چیمپئن شپ میں سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

لمائن کی عمر اس وقت 16 برس ہو چکی ہے اور وہ اب تک ایونٹ میں اسپین کے بہترین کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔

اسپین کی ٹیم یورپیئن چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے جہاں اس کا مقابلہ منگل کی شب پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجے فرانس سے ہو گا۔

گزشتہ ہفتے یمل کے والد نے انسٹاگرام پر میسی کے ساتھ اپنے بیٹے کے بچپن کی تصویر شیئر کی اور اس پر لکھا کہ " دو لیجنڈز کی ابتدا"۔ جس کے بعد یہ تصویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

جب یہ تصویر فوٹوگرافر مونفرٹ تک پہنچی تو انہیں معلوم نہیں تھا کہ میسی جس بچے کو نہلا رہے ہیں وہ ان دنوں یورپین چیمپئن شپ میں اسپین کی نمائندگی کر رہا ہے۔
 
image
 
مونفرٹ کے ایک دوست نے انہیں بتایا کہ 2007 میں ان کی لی گئی تصویر میں نظر آنے والا بچہ آج اسپین کا اسٹار فٹ بالر بن چکا ہے۔

مونفرٹ 1991 سے اسپورٹس فوٹوگرافر ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی تصاویر پر پہلے کبھی اتنی خوشی نہیں ہوئی جتنی میسی اور یمل کی اس تصویر پر ہو رہی ہے۔

انہوں نے میسی کی اس تصویر کے بارے میں بتایا کہ یونیسیف اور مقامی اخبار ڈائیورو اسپورٹس کے تعاون سے فنڈ اکٹھا کرنے کی ایک سالانہ تقریب کے دوران وہ فوٹوشوٹ کے انچارج تھے جس وقت انہوں نے یہ تصویر لی۔
 
image
 
ان کے بقول یہ تصویر اسپین کے ایک قصبے ماتارو میں لی گئی جہاں لمائن کا خاندان آباد تھا۔

فوٹو شوٹ کے دوران کم سن بچے کو ایک باتھ ٹب میں نہلانا تھا اور یہ کام بچے کی والدہ اور میسی کو سرانجام دینا تھا۔

مونفرٹ کے مطابق میسی بہت شرمیلے تھے اور انہیں علم ہی نہیں تھا کہ بچوں کو کس طرح نہلاتے ہیں یا بچے کو کس طرح اٹھاتے ہیں۔
 
Partner Content: VOA Urdu
YOU MAY ALSO LIKE: