سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے دور میں

حالیہ عرصے میں دنیا میں تکنیکی اعتبار سے نت نئی اختراعات مسلسل سامنے آ رہی ہیں جو طرز زندگی میں انقلابی تبدیلیوں کا موجب ہیں۔چین جیسے تکنیکی مضبوط ملک میں آج سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی صنعت، پہلے ہائی آربیٹ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے قیام سے لے کر مواصلاتی سیٹلائٹ لانچ کرنے تک، پھل پھول رہی ہے ۔ ملک کی خلا پر مبنی ٹیکنالوجی سروس کو تھائی لینڈ میں بھی متعارف کرایا گیا اور اس کی آزمائش کی گئی ، جس نے اس کی عالمی صلاحیت کو اجاگر کیا ہے۔

سیٹلائٹ انٹرنیٹ ایک قسم کا انٹرنیٹ کنکشن ہے جس میں خلا میں سیٹلائٹ زمین پر بیس اسٹیشن کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ہر سیٹلائٹ ایک موبائل بیس اسٹیشن کے طور پر کام کرسکتا ہے ، جو دنیا بھر میں صارفین کو آسان انٹرنیٹ تک رسائی کی خدمات فراہم کرتا ہے۔ نہ صرف گہرے پہاڑوں میں بلکہ سمندر اور فضا میں بھی، لوگ اب سیٹلائٹ انٹرنیٹ پر ویب سرفنگ کی خوشی سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں.

سیٹلائٹ مواصلات کا ابتدائی استعمال بنیادی طور پر ٹرانس اوشائنک ٹی وی نشریات اور طویل فاصلے کی ٹیلی فون کالز کے لئے تھا۔ تاہم چینی ماہرین کے مطابق اب ہم سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں ذاتی براڈ بینڈ تک رسائی مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔موبائل انٹرنیٹ کی موجودہ کوریج صرف زمین کی سطح کے ایک چھوٹے سے حصے تک پہنچتی ہے۔ صحراؤں، سمندروں اور جنگلوں میں انٹرنیٹ تک رسائی سیٹلائٹ کنکشن پر منحصر ہے۔ اس کے علاوہ، قدرتی آفات کے دوران جب زمینی بیس اسٹیشنوں کو نقصان پہنچتا ہے، سیٹلائٹ مواصلات خاص طور پر اہم ہو جاتے ہیں.

سیٹلائٹ انٹرنیٹ مسلسل اپنے ایپلی کیشن منظرنامے کو بڑھا رہا ہے۔چینی ماہرین نے ایئر لائن کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایک ایسی سروس کا آغاز کیا ہے جو مسافروں کو اپنے موبائل فون یا دیگر ڈیوائسز کا استعمال کرتے ہوئے ان۔فلائٹ وائی فائی سے منسلک کرنے اور اسٹریمنگ ویڈیوز، ویب براؤزکرنے اور 4 جی کے مساوی رفتار سے ریئل ٹائم میں کھیلوں کے واقعات دیکھنے سے لطف اندوز کرنے کی سہولت دیتی ہے۔

اس سے قبل چین کے دور افتادہ اور دشوار گزار علاقوں میں زمینی بیس اسٹیشنوں کی تعیناتی کبھی ایک مشکل کام ہوا کرتا تھا۔ مقامی پاور گرڈ کا عملہ اکثر غیر مستحکم سگنلز، سست انٹرنیٹ کی رفتار اور خراب رابطے کے ساتھ مصروف عمل رہتا ، لیکن یہ مسائل ماضی کی باتیں ہیں۔آج پاور انسپکٹر آسانی سے ریئل ٹائم ویڈیوز ، ہدایات اور دیگر اعداد و شمار کو 500 کلومیٹر دور واقع مانیٹرنگ سینٹر میں منتقل کرسکتے ہیں ، ایک تکنیکی ترقی جو سیٹلائٹ انٹرنیٹ سے آتی ہے۔

چینی آٹومیکر گیلے کے تحت ایک ٹیکنالوجی انٹرپرائز "جی اسپیس" نے وہیکل سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی ترقی کا آغاز کیا ہے۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین سیٹلائٹ کالز کر سکتے ہیں اور گراؤنڈ نیٹ ورک نہ ہونے پر گاڑی کے نظام کے ذریعے پیغامات بھیج اور وصول کر سکتے ہیں۔ مزید برآں ، گاڑی کے ٹکرانے کی صورت میں ، گاڑی ہنگامی الارم کے لئے سیٹلائٹ مواصلاتی لنکس کا استعمال کرسکتی ہے ، نیز تازہ صورت حال کی اطلاع بھی دے سکتی ہے۔

رواں سال فروری میں ٹیلی کام کمپنی چائنا موبائل نے ایک وائٹ پیپر جاری کیا تھا جس میں مختلف صنعتوں میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے بتدریج انضمام پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ ایک جانب یہ صنعت ، ہنگامی ریسکیو ، سمندری نیویگیشن اور ہوا بازی کے ہوائی آپریشنز میں تکنیکی ترقی کو آگے بڑھائے گی۔ دوسری جانب ، یہ بغیر پائلٹ کے سمندری اور صنعتی آپریشنز سمیت نئے ایپلی کیشن منظرنامے تخلیق کرے گی۔

سیٹلائٹ انٹرنیٹ کو بڑے پیمانے پر صارفین کی مارکیٹ میں لانے کے لئے، موبائل فون اور سیٹلائٹ کے درمیان براہ راست رابطہ ضروری ہے. 2023 میں ، چائنا ٹیلی کام نے موبائل فونز کے لئے براہ راست سیٹلائٹ سروس شروع کرنے کا آغاز کیا۔ ہواوے، آنر اور اوپو جیسے مقامی اسمارٹ فون برانڈز نے بھی سیٹلائٹ کالنگ فیچرز کے ساتھ نئے فون ماڈلز جاری کیے۔

چین کے سیٹلائٹ انٹرنیٹ نے غیر ملکی مارکیٹ تک بھی اپنی رسائی بڑھا دی ہے۔ جون میں چینی نجی کمپنی گلیکسی اسپیس اور تھائی لینڈ کی مہاناکورن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نے بینکاک میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے سیٹلائٹ انٹرنیٹ ایپلی کیشنز کا ریئل ٹائم مظاہرہ کیا ۔

اس تقریب میں 160 کلومیٹر دور واقع ایک کیئر سینٹر میں معمر افراد سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ذریعے سیمینار کے شرکاء کے ساتھ براہ راست ویڈیو کال میں مصروف تھے۔ اس ڈسپلے نے ٹیلی میڈیسن منظرنامے میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی مضبوط حمایت کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔

چینی حکومت 2020 سے سیٹلائٹ انٹرنیٹ انڈسٹری کی پرزور حامی رہی ہے اور اسے قومی ترقیاتی انفراسٹرکچر میں ضم کر رہی ہے۔ بیجنگ اور شنگھائی جیسے خطوں نے اس بڑھتے ہوئے شعبے کی ترقی کے لئے پالیسیاں وضع کی ہیں۔2019 میں ، ایلون مسک اور اسپیس ایکس نے تیز رفتار سیٹلائٹ انٹرنیٹ خدمات کی تخلیق کی قیادت کی۔ اس کے بعد سے سیٹلائٹ اور راکٹ مینوفیکچررز سمیت متعدد چینی نجی اداروں نے اس صنعت میں فعال طور پر سرمایہ کاری کی ہے۔ صنعت کے اندرونی ذرائع کے اندازوں کے مطابق، چین کے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی مارکیٹ کا حجم 2025 تک 44.7 بلین یوآن (تقریبا 6.3 بلین ڈالر) تک پہنچنے کا امکان ہے۔صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ حکام کے نزدیک نجی شعبے کی شمولیت نہ صرف معاشی ترقی کو فروغ دے گی بلکہ صنعت میں آزادانہ جدت طرازی کے لئے ملک کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں بھی کردار ادا کرے گی۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1215 Articles with 502185 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More