چین کو زرعی پاور ہاؤس بنانے کی بنیاد

حالیہ برسوں کے دوران دیہی احیاء میں چین کی نمایاں پیش رفت نے ملک بھر کے کسانوں کے بہتر زندگی کے حصول میں اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور ایک خوبصورت اور ہم آہنگ دیہی علاقے کی تعمیر کو بھی فروغ دیا ہے ، جس میں رہائش اور کام کرنا خوش گوار تجربات بن چکے ہیں۔ابھی حال ہی میں ملک بھر میں چینی کسانوں نے فصل کی کٹائی کا ساتواں تہوار منایا۔سنہری خزاں کے دوران، ملک بھر کے کسان اس وقت فصلوں کی کٹائی میں مصروف ہیں اور کھیتوں میں پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

چین کے صدر شی جن پھنگ نے زراعت، دیہی علاقوں اور دیہی باشندوں سے متعلق کام کو ہمیشہ نمایاں اہمیت دی ہے۔انہوں نے رواں سال فصلوں کی کٹائی کے تہوار سے قبل ملک بھر میں زرعی اور دیہی محاذوں پر کام کرنے والے کسانوں اور ساتھیوں کو تہوار کی مبارک باد پیش کی اور زراعت کے معاشی فوائد کو بڑھانے ، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے اور دیہی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ توانائی پیدا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے پر زور دیا تاکہ کسانوں کو ٹھوس فوائد حاصل ہوسکیں۔ کسانوں کے لیے بھی یہ امر باعث مسرت ہے کہ ہر سال ہارویسٹ فیسٹیول کے دوران، شی جن پھنگ انہیں تہوار کی مبارکباد دیتے ہیں، جس سے انہیں اپنائیت اور گرم جوشی کا خوبصورت احساس ہوتا ہے۔

حالیہ برسوں میں ویسے بھی ملک نے زراعت کو بے مثال اہمیت دی ہے اور اس میں سرمایہ کاری کی ہے جس سے کاشت کاروں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے، آج یہ کسان کاشت کاری میں زیادہ پرامید اور پراعتماد محسوس کرتے ہیں۔عمدہ زرعی پالیسیوں کی بدولت اناج کی صنعت کاری نے تیزی سے ترقی کی ہے اور اناج کے کاشت کاروں کی آمدنی بھی خوب بڑھی ہے جس سے انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔

چین میں غذائی تحفظ کو ویسے بھی انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جاتا ہے۔شی جن پھنگ نے اپنے تہوار کے پیغام میں بھی اس بات کی نشاندہی کی کہ رواں سال نسبتاً شدید قدرتی آفات اور دیگر چیلنجوں کے منفی اثرات کے باوجود ، چین نے موسم گرما میں اناج کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے اور اناج کی مستقل پیداوار کو یقینی بنایا ہے ، اور پورے سال میں اناج کی ایک اور زبردست فصل کی توقع ہے ، جو معاشی بحالی اور بہتری کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے مضبوط حمایت فراہم کرے گا۔

بڑے پیمانے پر پیداوار میں بہتری کو مزید فروغ دینے اور اناج کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے ، چین نے سال کے آغاز سے چار اہم فصلوں مکئی ، سویابین ، گندم ، اور کینولہ کی کاشت پر توجہ مرکوز کی ہے ، اور سات اہم شعبوں میں کوششیں تیز کردی ہیں ، جن میں فصلوں کی نئی ورائٹی ، ٹیکنالوجی انضمام ، اور زرعی مشینری کی مدد شامل ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ چین کا گرین رورل ریوائیول پروگرام ایک ایسا عظیم منصوبہ ہے جس کی منصوبہ بندی اور فروغ شی جن پھنگ نے مشرقی چین کے صوبہ زے جیانگ میں اپنے کام کے دوران کیا تھا۔ملک بھر کے مقامی حکام اس پروگرام کے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے دیہی علاقوں کے احیاء کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں تاکہ دیہی علاقوں کو ، لوگوں کے رہنے اور کام کرنے کے لیے ایک آرام دہ جگہ بنایا جا سکے۔آج، وہ تمام قصبے، بستیاں اور گاؤں جہاں حالات اجازت دیتے ہیں، اب پکی سڑکوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ دیہی علاقوں میں نل کے پانی کا احاطہ نوے فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ فائیو جی نیٹ ورک ملک بھر کے نوے فیصد سے زیادہ گاؤوں کا احاطہ کرتا ہے۔تعلیم، طبی خدمات اور بزرگوں کی دیکھ بھال جیسی بنیادی عوامی خدمات کی مسلسل بہتری کے ساتھ، کسانوں کو دیہی احیاء میں فائدے، خوشی اور تحفظ کا زیادہ احساس ملا ہے۔

چین اس وقت بھی غربت کے خاتمے اور دیہی احیاء میں کامیابیوں کو مستحکم اور وسیع کر رہا ہے۔ ملک نے دیہی احیاء کے لئے قومی امداد حاصل کرنے والی 160 اہم کاؤنٹیوں پر توجہ مرکوز کی ہے ، اور غربت کے خاتمے کے لئے پسماندہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کے لئے 35 ہزار کلیدی دوبارہ آبادکاری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیگر اہم علاقوں پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔

علاوہ ازیں، چین کمزور کڑیوں کو مضبوط بنانے اور ان کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد کر رہا ہے، تاکہ وہ علاقے اور لوگ جنہوں نے غربت سے نجات پائی ہے، جدیدکاری کے عمل کے دوران جامع دیہی احیاء میں پیچھے نہ رہ جائیں اور دیہی احیاء اور جدیدکاری کی کامیابیوں کو اپناتے ہوئے ثمرات سمیٹ سکیں۔چین کی اعلیٰ قیادت پرامید ہے کہ ملک بھر کے کسان اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد دیہی احیاء کے خاکے کو قدم بہ قدم حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کریں گے تاکہ زراعت اور دیہی علاقوں کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ چین کو زرعی پاور ہاؤس بنانے کی بنیاد رکھی جاسکے.
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1387 Articles with 662315 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More