تاریخ گواہ ہے

قبل از تاریخ کا انسان بھی اپنے قبیلے کا سردار اس وقت تک نہیں بن سکتا تھا جب تک کہ اخلاقی طور پر پورے قبیلے میں سب سے اعلیٰ انسان نہ ہو۔خواہ وہ جسمانی طور پر کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اور شکار کرنے کے لئے بہترین ہتھیاروں کے خزانے کا مالک بھی کیوں نہ ہو۔
(گوگل سے لی گئ تصویر)
درج بالا حقیقت کو مؤرخ نے اس لئے قابلِ ِ تاریخ نہ سمجھا کیونکہ اس کا اپنا کردار ہمیشہ ہی مشکوک رہا، کبھی اشرفیوں کی جھنکار میں اس کے سچ کی آواز گُم ہو گئی تو کبھی حاکمِ وقت کی پھنکار نے اس کا گلا دبا دیا۔جوتاریخ ہمیں پڑھنے کو ملی وہ مالِ غنیمت کی مانند موقع پرستی کےخوبصورت کڑہائی والے دستر خوان میں لپٹی ہوئی ہماری لالچ کی بھوک کو مٹانے والی وہ روٹی تھی جس نے ہماری نسلوں کہ ہمیشہ کے لئے مفلوج و اپاہج بنا دیا۔ اس جعلی بھوک کو مٹانے والا کوئی مردِ مجاہد دہائیوں میں کھڑا ہوتا ہے لیکن بے چارا اکیلا ہونے کے ناطے چند گھڑی بھی کھڑا نہیں رہ پاتا، ہاں البتّیٰ اس کی قید و بند کا تماشہ دیکھ کر محظوظ ہونے والے بے شمار موقع پرست اس کے ارد گرد جمع ہو کر طفل تسلیاں دے کر چڑھتےسورج کی پوجا کر کے اپنی نسلوں کی روزی روٹی کا خوب بندو بست کر تے چلے جاتے ہیں۔
حق کی تاریخ گواہ ہے کہ صحیح معنوں میں عروج اس قوم کو نصیب ہؤا جس کے حکمران اُمراء میں سے نہ تھے البتّیٰ اخلاقیات کی بلندیوں پر ضرور فائز تھے اور قوم کے امراء بھی ان کی حکمرانی کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے نظامِ حکومت چلانے میں ان کی مدد کرتے ۔یہ بھی ایک مستند اصول ہے کہ امراء نظامِ حکومت سنبھالنے کے بعد مزید امیر ہوتے چلے جاتے ہیں کیونکہ وہ حکمرانی کے حصول کے لئے غیر اخلاقی ذرائع جو استعمال کرتے ہیں لہٰذا مزید اخلاقی پستی میں گرنے میں ان کو کوئی عار نہیں ہوتی۔

Syed Musarrat Ali
About the Author: Syed Musarrat Ali Read More Articles by Syed Musarrat Ali: 226 Articles with 165358 views Basically Aeronautical Engineer and retired after 41 years as Senior Instructor Management Training PIA. Presently Consulting Editor Pakistan Times Ma.. View More