بھوک اور غربت کے خلاف جنگ کا کامیاب چینی حوالہ

اس میں کوئی شک نہیں کہ چین کی ترقی دنیا کی مشترکہ ترقی کا ایک اہم حصہ ہے۔ چین نے انسانی تاریخ میں ایک معجزہ رقم کرتے ہوئے 800 ملین لوگوں کو غربت سے نکالا ہے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے 2030 کے ایجنڈے کے تحت غربت میں کمی کے ہدف کو مقررہ وقت سے پہلے ہی پورا کر لیا ہے۔وسیع تناظر میں یہ کامیابی چینی حکومت اور عوام کی مضبوط اور متحد کوششوں کا ثمر ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ چین کی پالیسی سازی میں لوگوں کو سامنے اور مرکز میں رکھنا ، کلیدی امر ہے۔

چین نے غربت سے نمٹنے کے لیے ہر گاؤں، ہر گھر اور ہر فرد کے مطابق پالیسیاں اپنائی ہیں۔ پسماندہ علاقوں میں ٹیلنٹ، فنڈز اور ٹیکنالوجیز کو بھرپور طریقے سے منتقل کرتے ہوئے ترقی کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اسی طرح مخصوص خصوصیات کی حامل صنعتوں کو فروغ دیتے ہوئے اور بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرکے غربت زدہ علاقوں کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا گیا ہے۔ چینی قیادت کے نزدیک غربت کا خاتمہ ہمیشہ ایک اہم ترین ترجیح رہی ہے اور اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے چین کے صدر شی جن پھنگ نے ریو ڈی جنیرو میں بھوک اور غربت کے خلاف جنگ کے بارے میں 19 ویں جی 20 سربراہ اجلاس کے پہلے سیشن سے اپنے خطاب میں عالمی ترقی کے لئے چین کی جانب سے آٹھ اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔

پہلا اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔ سلک روڈ فنڈ میں 700 ارب یوآن (96.7 ارب ڈالر) کی اضافی فنانسنگ ونڈوز اور اضافی 80 ارب یوآن (11.1 ارب ڈالر) کی فراہمی کے ساتھ ساتھ، چین کثیر الجہتی بیلٹ اینڈ روڈ کنکٹیویٹی نیٹ ورک کی ترقی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، جس کی قیادت سبز شاہراہ ریشم کی تعمیر کر رہی ہے اور ایک ڈیجیٹل سلک روڈ کو بااختیار بنائے گی۔

دوسرا گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کو نافذ کرنا ہے۔ پہلے سے جاری 1100 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر چین اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تعمیر کیا جانے والا گلوبل ساؤتھ ریسرچ سینٹر اس مقصد کے لیے موزوں ہو اور 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی فنڈز ترقی پذیر ممالک میں غذائی تحفظ ، ڈیجیٹل معیشت اور غربت کے خاتمے جیسے شعبوں میں مدد اور عملی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے استعمال ہوتے رہیں گے۔

تیسرا افریقہ میں ترقی کی حمایت کرنا ہے. شی جن پھنگ نے کہا کہ ستمبر میں منعقدہ چین افریقہ تعاون فورم کے سربراہ اجلاس میں انہوں نے اگلے تین سالوں میں جدیدکاری کو آگے بڑھانے کے لئے افریقہ کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لئے 10 شراکتی اقدامات کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں 360 بلین یوآن (49.7 بلین ڈالر) کی مالی مدد کا وعدہ کیا ہے۔

چوتھا مقصد غربت میں کمی اور غذائی تحفظ پر بین الاقوامی تعاون کی حمایت کرنا ہے۔ چین بھوک اور غربت کے خلاف عالمی اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کرتا ہے، ترقیاتی وزارتی اجلاس بلانے میں جی 20 کی حمایت کرتا ہے، اور خوراک کے نقصان اور ضیاع پر بین الاقوامی کانفرنس کا پرعزم میزبان رہے گا.

پانچواں یہ ہے کہ چین، برازیل، جنوبی افریقہ اور افریقی یونین کے ساتھ مل کر اوپن سائنس میں بین الاقوامی تعاون پر ایک اقدام کی تجویز پیش کر رہا ہے تاکہ گلوبل ساؤتھ کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی میں عالمی ترقی تک بہتر رسائی حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

چھٹا یہ ہے کہ گلوبل ساؤتھ کے فائدے کے لئے عملی تعاون کرنے اور ترقی پذیر ممالک میں صاف توانائی میں سرمایہ کاری بڑھانے کے روڈ میپ اور حیاتیاتی معیشت سے متعلق اعلیٰ سطحی اصولوں جیسے نتائج کو اچھے اثرات کے ساتھ استعمال کرنے میں جی 20 کی مدد کی جائے۔ چین بیجنگ میں واقع جی 20 معیشتوں پر انٹرپرینیورشپ ریسرچ سینٹر کے کام کی حمایت کرتا ہے ، اور ڈیجیٹل تعلیم اور عجائب گھروں اور قدیم آرکائیوز کی ڈیجیٹلائزیشن پر تعاون کی حمایت کرتا ہے۔

ساتواں مرحلہ جی 20 اینٹی کرپشن ایکشن پلان پر عمل درآمد ہے۔ چین مفرور افراد کی وطن واپسی اور اثاثوں کی بازیابی، محفوظ پناہ گاہوں سے انکار اور انسداد بدعنوانی کی استعداد کار بڑھانے میں اپنے ساتھی ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنا رہا ہے۔

آٹھواں اہم معاملہ یہ ہے کہ چین اعلیٰ معیار کے دروازے کھول رہا ہے اور یکطرفہ طور پر اپنے دروازے سب سے انتہائی کم ترقی یافتہ ممالک (ایل ڈی سیز) کے لیے کھول رہا ہے۔ ملک نے ، چین کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھنے والے تمام انتہائی کم ترقی یافتہ ممالک کو 100 فیصد ٹیرف لائنز پر زیرو ٹیرف ٹریٹمنٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اب سے لے کر 2030 تک دیگر ترقی پذیر ممالک سے چین کی درآمدات 8 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔19 ویں جی 20 سربراہ اجلاس کے پہلے سیشن میں بھوک اور غربت کے خلاف گلوبل الائنس کا آغاز بھی کیا گیا۔
چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ چین مشترکہ ترقی کی منصفانہ دنیا کی تعمیر، غربت کو پارینہ قصہ بنانے اور ترقیاتی وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر اقدامات کا خواہاں ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1385 Articles with 654783 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More