"نعمت" جس کو ہم نے صحیح استعمال نہیں کیا نمبر 1

(زرعی پاکستان کی تصویر گوگل سے لی گئی ہے)

انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے بعد جو زمین کا ٹکڑا پاکستان کہلاتا ہےاس میں 1971 تک مشرقی پاکستان بھی شامل تھا جو اب بنگلہ دیش کہلاتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی سر زمین میں بے شمار نعمتیں عطا کی تھیں لیکن افسوس ان میں سے کسی کی قدر ہم نے نہ کی۔ آج ہم پاکستان کی زرعی زمین کی بے قدری کے بارے میں ذکر کریں گے۔
1948 میں پاکستان کی زرعی اراضی ملک کے رقبے کا 47.09 فیصد بتائی گئی تھی۔زرعی زمین میں وہ زمین شامل ہے جو قابل کاشت ہے۔ پاکستان کے زرعی شعبے کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے ۔1948ء میں پاکستان کی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ 53 فیصد تھا جو اب 21 فیصد رہ گیا ہے۔ پانچ دریا اور ان سے نکالی گئی نہریں بے شمار زرخیز میدان بناتے ہیں لیکن جہالت و خود غرضی کے باعث خاطر خواہ فوائد نہ مل سکے۔ زرخیز میدانوں میں اینٹیں بنانے کے بھٹے اور دیگر چھوٹی چھوٹی صنعتیں لگانے کا ایک مقابلہ شروع ہؤا تو زراعت کے لئے زمین تنگ ہوتی گئی، رفتہ رفتہ بڑی صنعتیں لگنا شروع ہوئیں تو ساتھ ہی ان کے ملازمین کی رہائشی کالونیاں بھی بننا شروع ہوئیں اور یوں آج نہ تو پاکستان زرعی ملک رہا اور نہ ہے صنعتی انقلاب برپا ہؤا۔ رہی سہی کسر زمین کی اصلاحات کے پروگرام جو شروع کئے گئے انھوں نے تو سارا توازن ہی خراب کردیا جس میں یہ طے کرنا ناممکن ہوگیا کہ بچی کھچی زمین پر کاشتکاری کی جائے یا رہائشی منصوبے بنائے جائیں۔چین نے اپنی زیادہ آبادی کا استعمال ترقی کی راہ میں استعمال کرتے ہوئے دو سال کے لئے فوج میں لازمی بھرتی ہونے کی مانند دو سال کاشتکاری میں مزدوری کو لازمی قرار دیا اور ساتھ ہی وقت کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے زرعی مشینری کی تیاری اور اس کے استعمال کرنے کی شرط بھی لگا دی۔افسوس ہم نے ابھی تک کچھ بھی ایسا نہیں کیا جس سے ہم اللہ کی عطا کی ہوئی زمین سے گیہوں، چاول، کپاس اور گنّا وافر مقدار میں اُگا کر ملکی معیشت کو بہتر بنا سکتے تھے کیونکہ ہماری زمین ان اجناس کے لئے بہترین قرار پائی تھی۔
فَبِاَىِّ اٰلَاۤءِ رَبِّكُمَا تُكَذِّبٰنِ‏ تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
Syed Musarrat Ali
About the Author: Syed Musarrat Ali Read More Articles by Syed Musarrat Ali: 210 Articles with 160746 views Basically Aeronautical Engineer and retired after 41 years as Senior Instructor Management Training PIA. Presently Consulting Editor Pakistan Times Ma.. View More