چین ملک میں اپنے ہائی اسپیڈ ریلوے کے شعبے میں مسلسل
اختراعات پر عمل پیرا ہے جس کی تازہ ترین مثال 450 کلومیٹر فی گھنٹہ کی
رفتار سے چلنے والی نئی ٹرین کا ماڈل ہے۔اس ماڈل کی رونمائی بیجنگ میں کی
گئی جو ہائی اسپیڈ ریل کے شعبے میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔ اس میں آپریشنل
رفتار ، توانائی کی کارکردگی ، اندرونی شور میں کمی اور بریکنگ کی کارکردگی
میں چین کی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا ہے۔اس کے ڈویلپر ،چائنا ریلوے کے
مطابق ، سی آر 450 نے 450 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آزمائشی رفتار اور 400
کلومیٹر فی گھنٹہ کی آپریشنل رفتار حاصل کی ہے۔تجارتی طور پر لانچ ہونے کے
بعد ، سی آر 450 سے سفر کے اوقات میں نمایاں کمی کی توقع ہے ، جس سے
مسافروں کو زیادہ موثر اور آسان سفر کا تجربہ ملے گا۔
تیز رفتاری کے باوجود ،یہ ٹرین کم بریکنگ فاصلوں اور بہتر آپریشنل استحکام
کے ساتھ بہتر حفاظت کو یقینی بناتی ہے۔دوران رفتار مزاحمت میں 22 فیصد کمی
اور مجموعی وزن میں 10 فیصد کمی کے ساتھ اس میں توانائی کی کارکردگی کو
بہتر بنایا گیا ہے ۔مسافر زیادہ آرام دہ سفر سے بھی محظوظ ہو سکتے ہیں ،
کیونکہ اندرونی شور کی سطح 2 ڈیسیبل تک کم ہوگئی ہے اور مسافروں کی گنجائش
میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سی آر 450 میں ٹرین کنٹرول ، ڈرائیور کے تعامل ،
حفاظت کی نگرانی اور مسافر خدمات میں ذہین اپ گریڈ شامل ہیں ، جو تکنیکی
جدت طرازی میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ چین 2030 تک اپنے ہائی اسپیڈ ریلوے ٹریک کی لمبائی
کو 60 ہزار کلومیٹر تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے، جو 2024 کے آخر میں 48
ہزار کلومیٹر تک پہنچ چکا ہے۔ چائنا ریلوے کے مطابق ، چونکہ ملک اپنے ریلوے
کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا جاری رکھے ہوئے ہے لہذا ملک کے ریلوے نیٹ
ورک کا آپریٹنگ مائلیج 2030 تک 1 لاکھ 80 ہزارکلومیٹر تک پہنچنے کی توقع ہے
، جو 2024 کے آخر میں 1 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر تھا۔ریلوے کے شعبے میں ملک کی
فکسڈ اثاثوں کی سرمایہ کاری 2025 میں 590 بلین یوآن (تقریبا 82.08 بلین
امریکی ڈالر) تک پہنچنے کی توقع ہے ، جس میں ایک اندازے کے مطابق 2600
کلومیٹر کی نئی ریلوے پٹریاں سال کے اندر آپریشنل ہوجائیں گی۔
حیرت انگیز طور پر چین کے ریلوے نیٹ ورک نے 2024 میں ریکارڈ 4.08 بلین
مسافروں کے سفر کو سنبھالا ، جو 2023 کے مقابلے میں 10.8 فیصد اضافہ ظاہر
کرتا ہے ، اور توقع ہے کہ یہ اعداد و شمار 2025 میں بڑھتے رہیں گے ، ممکنہ
طور پر 4.28 بلین سفر تک پہنچ جائیں گے۔چین کی ریلوے نے گزشتہ سال مجموعی
طور پر 3.99 بلین ٹن کارگو کی نقل و حمل کی ، جو سال بہ سال 1.9 فیصد زیادہ
ہے ۔چائنا ریلوے کے مطابق ، 2024 میں ، ریلوے کے شعبے میں ملک کی فکسڈ
اثاثہ سرمایہ کاری میں سال بہ سال 11.3 فیصد اضافہ ہوا ، جو 850.6 بلین
یوآن تک پہنچ گئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ
چین۔یورپ مال بردار ٹرینوں نے 2024 میں 19ہزار سفر مکمل کیے ، مصنوعات کے
2.07 ملین بیس فٹ مساوی یونٹ (ٹی ای یو) کنٹینرز کی نقل و حمل کی ، جو سال
بہ سال بالترتیب 10 فیصد اور 9 فیصد زیادہ ہے۔
چینی پالیسی سازوں کے مطابق، متعدد ریلوے لائنیں رابطے کے متعدد علاقائی
کلسٹر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ اس ضمن میں پانچ لاکھ سے زیادہ آبادی
والے 95 فیصد سے زیادہ چینی شہر اب وسیع ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک میں شامل
ہیں ، جو کامیابی سے علاقائی رابطے کو بڑھا رہے ہیں اور بیجنگ ۔ تھیان
جن۔حے بی خطے ،دریائے یانگسی ڈیلٹا ، اور گوانگ دونگ ۔ہانگ کانگ ۔مکاؤ
گریٹر بے ایریا جیسے کلیدی علاقوں میں علاقائی انضمام کے منصوبوں پر
عملدرآمد کے لئے خاطر خواہ مدد فراہم کرتے ہیں۔
|