چین میں لوگ اسپرنگ فیسٹیول اور قمری نئے سال کے تفریحی
لمحات سے محظوظ ہونے اور اس سب سے بڑے روایتی تہوار کی خوشیاں اپنے اہل
خانہ، رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ منانے کے لیے آبائی علاقوں کی جانب
رواں دواں ہیں۔ چینی زبان میں چھون یون کے نام سے مشہور اس سفری رش میں چین
کا نقل و حمل کا نظام نئے راستوں، نئی گاڑیوں اور بہتر خدمات کے ساتھ
تعطیلات کے ریکارڈ توڑ سفری سیزن کے لئے بھرپور خدمات فراہم کر رہا ہے۔
چین کی اس سب سے بڑی سفری سرگرمی کو دنیا کی سب سے بڑی عارضی نقل مکانی بھی
قرار دیا جاتا ہے۔رواں سال 29 جنوری سے چین میں قمری نیا سال شروع ہو رہا
ہے جو سانپ کے سال کے طور پر منایا جائے گا۔ توقع ہے کہ رواں سال چودہ
جنوری سے 22 فروری کو ختم ہونے والے سفری رش کے دوران 9 ارب سفری ٹرپس
ریکارڈ کیے جائیں گے، جس میں ریل اور ہوائی جہاز سے سفر کرنے والے مسافروں
کے سفر ریکارڈ بلندیوں کو چھونے کے لئے تیار ہیں۔
یہ اندازہ لگایا ہے کہ اس ٹریول سیزن کے دوران، 7.2 بلین روڈ ٹرپس ، جو
مجموعی سفری سرگرمیوں کا تقریبا 80 فیصد ہیں ، اور 90 ملین سے زیادہ ہوائی
جہاز کے سفر کیے جائیں گے۔ 510 ملین سے زیادہ مسافروں کا ریلوے کے ذریعے
سفر متوقع ہے ، جس میں یومیہ اوسطاً 12.75 ملین سفر ہوں گے ، جو پچھلے سال
کے مقابلے میں 5.5 فیصد زیادہ ہے۔ملک میں اس 40 روزہ سفری سرگرمی کے دوران
لاکھوں افراد سفر کریں گے۔
بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے کی خاطر ، چین کے ریلوے آپریٹر نے
مسافروں کی نقل و حمل کی صلاحیت میں اضافے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کیے
ہیں۔ چالیس روزہ سفری سیزن کے دوران اوسطاً یومیہ 14 ہزار سے زیادہ مسافر
ٹرینیں چلائی جائیں گی ، جس سے یومیہ 5 لاکھ اضافی نشستیں فراہم ہوں گی۔
ریلوے مسافروں کی نقل و حمل کی صلاحیت میں سال بہ سال تقریبا 4 فیصد اضافہ
متوقع ہے۔ اس حوالے سے نئے تیز رفتار روٹ بھی مکمل آپریشنل ہو چکے ہیں ، جس
سے وسطیٰ اور مشرقی علاقوں میں نقل و حمل کی صلاحیت کو تقویت ملی ہے۔ریلوے
منصوبوں کی بدولت سیاحوں کو مقبول سیاحتی مقامات تک رسائی میں آسانی ہوئی
ہے۔
سفری رش کے دوران ملک کے شمالی، جنوبی، مشرقی اور مغربی حصوں میں پھیلے
متعدد روٹس اس عرصے کے دوران لوگوں کی نقل و حرکت میں وسعت اور متحرک نوعیت
کو اجاگر کرتے ہیں، جو چین کے وسیع نقل و حمل کے نیٹ ورک اور ٹرانسپورٹ
نظام کی صلاحیتوں کی کارکردگی کی جانچ کا بھی پیمانہ ہے.یہ رجحان بھی قابل
زکر ہے کہ لوگ ریلوے سے سفر کے علاوہ ، سیلف ڈرائیونگ کا انتخاب بھی کرتے
ہیں۔ لہذا ٹرانسپورٹ حکام نے شاہراہوں کے ساتھ سروس ایریاز کی سہولیات اور
حالات کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ان کوششوں میں نئی توانائی
گاڑیوں (این ای وی) کے لئے اضافی چارجنگ سہولیات،مسافروں کے لیے بیت الخلاء
اور موبائل چارجنگ کی سہولیات وغیرہ شامل ہیں۔
اسپرنگ فیسٹیول کی تعطیلات کے دوران چین بھر میں روایتی لوک ثقافتی
سرگرمیوں اور بہار میلوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے جسے سیاحوں میں ہمیشہ
سے مقبولیت حاصل رہی ہے۔ایسی تقریبات میں مقامی ثقافت کے متنوع رنگ ،زائقے
دار کھانے ،لوک گیت ،رقص وغیرہ جیسی سرگرمیاں وسیع پیمانے پر دیکھنے کو
ملتی ہیں اور لوگ بڑی تعداد میں ایسی تقریبات میں شریک ہوتے ہیں ۔انہی
میلوں کے دوران خصوصی مقامی مصنوعات اور دستکاریوں کی نمائش بھی کی جاتی جس
سے مقامی صنعتوں کے فروغ میں نمایاں مدد ملتی ہے۔
گزشتہ سال دسمبر میں یونیسکو کی جانب سے اسپرنگ فیسٹیول کو غیر مادی ثقافتی
ورثے کی فہرست میں شامل کیے جانے کے بعد یہ پہلا اسپرنگ فیسٹیول ہے ، جس کے
باعث چینی شہریوں میں جوش و خروش بھی دیدنی ہے۔ رواں سال اسپرنگ فیسٹیول کی
تعطیلات 28 جنوری سے 04 فروری تک جاری رہیں گی، جو گزشتہ سالوں کے مقابلے
میں ایک دن زیادہ ہیں، اس سے شہریوں کو مزید تفریحی لمحات سے محظوظ ہونے کا
موقع بھی میسر آیا ہے۔
|