ٹرین موبائل بازار

چین میں اگر ترقیاتی کمالات کی بات کی جائے تو اس میں ہائی اسپیڈ ریلوے بھی سرفہرست اختراعات میں شامل ہے۔آج ملک میں ہائی اسپیڈ ریلوے نظام 450 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔یہ بات حیرت انگیز ہے کہ چین 2030 تک اپنے ہائی اسپیڈ ریلوے ٹریک کی لمبائی کو 60 ہزار کلومیٹر تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے، جو 2024 کے آخر میں 48 ہزار کلومیٹر تک پہنچ چکا ہے۔ چائنا ریلوے کے مطابق ، ملک اپنے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا جاری رکھے ہوئے ہے لہذا ریلوے نیٹ ورک کا آپریٹنگ مائلیج 2030 تک 1 لاکھ 80 ہزارکلومیٹر تک پہنچنے کی توقع ہے ، جو 2024 کے آخر میں 1 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر تک پہنچ چکا ہے۔

ہائی اسپیڈ ریلوے کی ترقی اپنی جگہ مگر چین نے سست رفتار روایتی ٹرین کو بھی مسافروں کی تفریح کے سامان میں بدل دیا ہے۔اس حوالے سے ایک بہت ہی دلچسپ اسٹوری نظر سے گزری جس میں سنکیانگ میں ایک منفرد ریل سروس مسافروں کو سست رفتار سفر کی تفریح کا ایک بہترین موقع فراہم کر رہی ہے۔ٹرین نمبر 7557 ہر روز سینکڑوں مسافروں کو دارالحکومت ارومچی سے جنوبی سنکیانگ کے ہوتان پریفیکچر تک لے جاتی ہے، جو اس خطے کے 22 شہروں اور کاؤنٹیوں کو جوڑتی ہے۔ اگرچہ چین میں زیادہ تر بلٹ ٹرینیں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے سفر کرتی ہیں ، سنکیانگ میں یہ سست ٹرین اوسطاً 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی کم رفتار سے چلتی ہے۔ اس پورے سفر میں 1960 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جاتا ہے اور یہ سفر 32 گھنٹوں پر محیط ہے۔

یہ سست ٹرین سروس 2011 میں شروع کی گئی تھی اور جلد ہی اس نے مقبولیت حاصل کی.اس ٹرین کا کرایہ 4 یوآن سے 361 یوآن تک ہے ، جس میں کچھ حصے بس یا کار کے متبادل کے مقابلے میں نمایاں طور پر سستے ہیں۔ تاہم ، سست روی اس ٹرین سروس کی واحد منفرد خصوصیت نہیں ہے۔ تیز رفتار ٹرینوں کے برعکس جہاں کسی خاص مہک کا احساس نہیں ہوتا ، ٹرین نمبر 7557 مسافروں کو ایک انوکھی مہک سے متعارف کراتی ہے کیونکہ پھل ، پھول ، دہی اور کباب جیسی مقامی مصنوعات فروخت کرنے والے دکانداروں کی نقل و حرکت دوران سفر ایک معمول ہے۔

کچھ لوگ اس ٹرین سروس کو "موبائل بازار" بھی کہتے ہیں ۔ سنکیانگ وافر مقدار میں دھوپ اور دن کے درجہ حرارت میں نمایاں تغیرات سے فائدہ اٹھاتا ہے ، جو پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کے لئے سازگار حالات پیدا کرتا ہے۔ مقامی پیداوار جیسے خوبانی، انگور، خربوزے، سیب، خوشبودار ناشپاتی، انار، انجیر اور مرچیں دور دور تک مشہور ہیں، اور ٹرین سروس پر بھی اچھی طرح فروخت ہوتی ہیں. یہ تازہ مصنوعات نہ صرف ٹرین میں روشن رنگ اور پرکشش خوشبو لاتی ہیں ، بلکہ ریلوے ٹریک کے کنارے رہنے والے کسانوں کے لئے غربت سے باہر نکلنے کا راستہ بھی بناتی ہیں۔ 2021 کے بعد سے ، ٹرین سروس نے مخصوص بوگیوں کا تعین کیا ہے اور مقامی رہائشیوں کو اپنی زرعی مصنوعات فروخت کرنے میں مدد کے لئے باقاعدگی سے موبائل بازار شروع کیے ہیں۔

موسم گرما اور موسم خزاں میں ،مقامی لوگ مسافروں کو گھریلو پھل، سبزیاں اور دیگر مقامی مصنوعات فروخت کرتے ہیں۔ 180 سے زیادہ رجسٹرڈ کسان گھرانوں نے ٹرین میں اپنی مصنوعات فروخت کرکے پیسہ کمایا ہے۔ بڑے شہروں کی ٹرینوں کے مقابلے میں ٹرین نمبر 7557 کا ماحول قدرے مصروف ہے جہاں دکانداروں کی آوازیں اور موبائل ادائیگیوں کی گونج مسلسل سنائی دیتی ہے۔ کچھ دکاندار لائیو اسٹریم کے ذریعے بھی اپنی مصنوعات فروخت کرتے ہیں ، جس سے ٹرین کو ای کامرس کے پلیٹ فارم میں تبدیل کردیا جاتا ہے۔ دوران سفر مسافر سنکیانگ کے منفرد موسیقی کے آلات اور دستکاری بھی خرید سکتے ہیں ، اور دکانداروں کی بے ساختہ پرفارمنس بھی بعض اوقات ماحول کو خوشگوار بنا دیتی ہے ۔

ٹرین حکام کے مطابق جنوبی سنکیانگ کے بہت سے کسانوں کو اُن کی مدد کی ضرورت ہے، اسی باعث یہ سوچا گیا کہ کیوں نہ سست ٹرین میں ان کی زرعی مصنوعات فروخت کرنے میں مدد کی جائے۔بعدازاں اس منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی اور ساتھ ہی مضبوط حمایت کی پیش کش کی گئی۔ جشن بہار کی تعطیلات کے دوران مقامی فنکاروں کو خصوصی طور پر موبائل ٹرین بازار میں پرفارم کرنے کی دعوت دی جاتی جس سے ایک جاندار جشن کا ماحول پیدا ہوتا ہے۔ روایتی قومیتی لباس میں ملبوس فنکار ٹرین کی نشستوں کے درمیان رقص کرتے ہیں جبکہ سرخ خطاطی کے اشعار اور کاغذ کی پیچیدہ کٹنگ کھڑکیوں کی زینت بن جاتی ہیں۔

ٹرین مسافروں کے نزدیک انہیں یہ موبائل بازار بہت پسند ہے جبکہ مقامی کسانوں کے مطابق ٹرین میں ملک بھر سے اور مختلف قومیتی گروہوں سے تعلق رکھنے والے مسافر موجود رہتے ہیں۔ اس بازار کے ذریعے، اُن کی زرعی مصنوعات کو ملک بھر میں فروخت کیا جا سکتا ہے ۔ ہر موبائل بازار میں،ٹرین عملہ کسانوں کو ان کی مصنوعات فروخت کرنے میں مدد کرتا ہے۔ جشن بہار کی تعطیلات کے دوران موبائل بازاروں میں عام طور پر کسانوں کی لائی گئی تمام مصنوعات دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں فروخت ہو جاتی ہیں۔

مصنوعات کی فروخت کے بعد ٹرین عملہ بھی بعض اوقات کسانوں کے ساتھ جشن منانے کے لیے ان کے ساتھ رقص میں شامل ہوجاتا ہے۔ مسافروں کے لئے، سست ٹرین سروس محض نقل و حمل کے ایک ذریعہ سے کہیں بڑھ کر ہے. یہ مقامی لوگوں کے لئے ایک اقتصادی لائف لائن اور سیاحوں کے لئے ایک ثقافتی مرکز ہے، اور اندرونی علاقوں کو بیرونی دنیا سے جوڑنے والا ایک اہم لنک ہے..
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1416 Articles with 707398 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More