ٹپس فلمز کے بینر تلے بننے والی نئی پنجابی فلم "سربالا جی" 8 اگست 2025 سے پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ یہ فلم مزاح، محبت، دیہی ثقافت اور خاندانی رشتوں سے جڑی ایک ایسی دل کو چھونے والی کہانی پیش کرتی ہے جو ہر عمر کے ناظرین کو متاثر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ سربالا جی کی کہانی "سوچا" نامی ایک شوخ اور زندہ دل نوجوان کے گرد گھومتی ہے، جو شادیوں میں خوشیاں بکھیرنے والا فنکار ہے۔ اس کردار میں جلوہ گر ہیں پنجابی سینما کے سپراسٹار گپی گریوال، جو اپنی جاندار اداکاری، فطری مزاح اور اسکرین پر دلکشی کیلئے جانے جاتے ہیں۔ سوچا ایک ایسا کردار ہے جس کی موجودگی صرف کہانی کو آگے نہیں بڑھاتی بلکہ ناظرین کو ہنسی، خوشی اور جذبات کی ایک حسین دنیا میں لے جاتی ہے۔ فلم کا دوسرا مرکزی کردار "گجن" ہے جو سوچا کا کزن ہے۔ اس کردار کو ادا کیا ہے باصلاحیت اور مقبول اداکار امی ورک نے۔ گجن ایک شرمیلا، حساس اور سلائی میں دلچسپی رکھنے والا نوجوان ہے، جو شادی کے نام سے ہی گھبرا جاتا ہے۔ جب سوچا اُسے چالاکی سے اپنا "سربالا" بننے پر راضی کر لیتا ہے تو فلم کی کہانی ایک غیر متوقع، مزاحیہ اور جذباتی سفر میں داخل ہو جاتی ہے۔ فلم کی کہانی میں مزید رنگ بھرنے کیلئے کئی دلچسپ کردار شامل کیے گئے ہیں جن میں ایک بھاگا ہوا دولہا، ایک ایسی دلہن جو فیشن سے زیادہ کھیتی باڑی سے محبت رکھتی ہے، ڈاکو اور خفیہ محبتوں کی دلچسپ کہانیاں شامل ہیں۔ ان تمام کرداروں کا آپس میں ٹکراؤ اور ان کے درمیان جذباتی اُتار چڑھاؤ فلم کو مزید پرکشش بناتا ہے۔ ہدایتکاری کے فرائض مندیپ کمار نے انجام دیئے ہیں جو پنجابی فلمی صنعت میں اپنی ہنر مندی، ثقافتی بصیرت اور جدید فلم سازی کے امتزاج کیلئے مشہور ہیں۔ انہوں نے "سربالا جی" کو ایک ایسی فلم بنایا ہے جو ایک طرف ناظرین کو قہقہے لگانے پر مجبور کردیتی ہے تو دوسری طرف رشتوں، روایات اور انسانی جذبات پر سوچنے پر بھی مجبور کرتی ہے۔ فلم کی اداکاری ٹیم میں گپی گریوال اور امی ورک کے ساتھ ساتھ سرگن مہتا، نمرات خیرہ، گوگو گل اور بی این شرما جیسے نمایاں نام شامل ہیں۔ ہر اداکار نے اپنی اداکاری سے فلم کو ایک مکمل اور بھرپور پیکیج میں ڈھال دیا ہے۔ ان کے کرداروں میں نہ صرف جان ہے بلکہ پنجابی ثقافت کی خوبصورت جھلک بھی نمایاں طور پر نظر آتی ہے۔ گپی گریوال کی بات کی جائے تو وہ اس فلم کے روح ہیں۔ اُن کا ہر مکالمہ، اندازِ گفتگو، چہرے کے تاثرات اور پنجابی زبان پر قدرت ناظرین کو ایسا تجربہ فراہم کرتی ہے جو ان کے دل میں دیر تک نقش رہتا ہے۔ اُن کی موجودگی فلم کو ایک خاص مقام عطا کرتی ہے جو شائقین کو بار بار سینما کا رخ کرنے پر مجبور کرے گی۔یاد رہے کہ گپی گریوال کی فلم ’’کیری آن جٹا‘‘ کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا تھا، پاکستان میں اس فلم کو ہم فلمز کے بینر تلے پیش کیا گیا اور یہاں بھی اس فلم نے ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔ فلم کا موسیقی بھی اپنی الگ پہچان رکھتا ہے۔ معروف موسیقار ایوی سرا نے فلم کا میوزک کمپوز کیا ہے جو کہ روایتی پنجابی دھنوں اور جدید سازوں کا حسین امتزاج ہے۔ گیتوں میں شامل شاعری دل کو چُھونے والی ہے اور گانوں کی ویڈیوز فلم کے جذباتی تسلسل کو اور مضبوط کرتی ہیں۔ خاص طور پر دیہی مناظر اور رنگین لوک کلچر پر مبنی سیٹ ڈیزائن اس فلم کی روح کو اجاگر کرتے ہیں۔ فلم کا ٹیزر جون میں ریلیز کیا گیا تھا جسے سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی ملی۔ یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر لاکھوں ویوز حاصل کرنے والے اس ٹیزر نے فلم کے لیے ایک مضبوط پیش خیمہ فراہم کیا ہے۔ شائقین کو نہ صرف فلم کے رنگین مناظر اور دلچسپ کہانی نے متوجہ کیا بلکہ گپی گریوال اور امی ورک کی جوڑی کو بھی بے حد پسند کیا گیا ہے۔ سربالا جی دراصل ایک ثقافتی آئینہ ہے جو پنجاب کے دیہی پس منظر، خاندانی بندھنوں، محبت کی سچائی اور سادگی جیسے خوبصورت پہلوؤں کو نہایت ہنر مندی سے اسکرین پر پیش کرتی ہے۔ یہ فلم اُن ناظرین کے لیے ہے جو صرف ہنسنا ہی نہیں چاہتے بلکہ اپنے جذبات کو بھی سینما کے پردے پر محسوس کرنا چاہتے ہیں۔ سربالا جی ایک خالص، خاندانی اور تفریحی فلم ہے جو ہر نسل کے افراد کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ یہ فلم ایک ایسا موقع ہے جو نہ صرف ناظرین کو تفریح فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں اپنی ثقافت، روایات اور رشتوں سے جڑنے کا احساس بھی دلاتا ہے۔یہ فلم 8 اگست سے سینما گھروں کی زینت بن رہی ہے
|