*آخرت میں ہمارے پَلّے کیا ہوگا*




*آخرت میں ہمارے پَلّے کیا ہوگا*



انجینئر! شاہد صدیق خانزادہ


آج کے نفسانفسی کے عالم میں لوگ اتنا وحشی ہوگیا ہے کہ 30 روپے کی خاطر دو بھائیوں کو موت کی وادی میں پہنچا دیتے ہیں اور آخر خود بھی پولیس مقابلہ میں لُقمہ اجل بن جاتے ہیں.

جبکہ اس ہی معاشرے میں دوسری تصویر کا رُخ جو میں نے دیکھا ایک پلاؤ والے کے تھیلے پر جو میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ وہی معاشرہ ہے جہاں دو دن پہلے 30 روپے نہ دینے پر دو بھائی اپنی زندگی سے ہاتھ دو بیٹھے.

جبکہ ادھر جو دیکھا کہ ایک بچّہ دس روپے لے کر پُلاؤ والے کے پاس آیا، ریڑھی پر ٹھہرے ہوئے لڑکے نے چاول دینے سے انکار کر دیا۔۔۔ میں کہنے ہی والا تھا کہ بچّے کو چاول دے دو باقی پیسے میں دوں گا کہ اتنے میں پُلاؤ والا (مالِک) خود آ گیا اور بچّے سے دس روپے لے کر اسے بہت پیار سے شاپر میں چاول ڈال کر دیئے۔

میں نے سوال پوچھا:
"مہنگائی کے اس دور میں دس روپے کے چاول؟"

کہنے لگے:

"بچّوں کیلئے کیسی مہنگائی؟ بچّے تو بچّے ہی ہوتے ہیں۔۔۔ میرے پاس پانچ روپے لے کر بھی آتے ہیں اور میں ان بچّوں کو بھی انکار نہیں کرتا جبکہ پانچ روپے تو صرف شاپر اور سلاد کے بھی نہیں لیکن ہر جگہ منافع نہیں دیکھا جاتا۔۔۔ میں چھوٹی چھوٹی چِکن کی بوٹیاں بھی دیگ میں ڈالتا ہوں اور وہ ان بچّوں کیلئے ہی ہوتی ہیں جو پانچ یا دس روپے لے کر آتے ہیں۔۔۔ وہ چاول کے ساتھ یہ چھوٹی سی بوٹی دیکھ کر جب مُسکراتے ہیں تو مجھے لگتا ہے میری نمازیں اب قبُول ہوئی ہیں۔ آج کے دور میں امیروں کے بچّے پانچ دس روپے لے کر نہیں آتے یہ غریبوں کے ہی بچّے ہوتے ہیں"

یہ میرے سوال کا جواب کم اور انسانیت کا درس زیادہ تھا۔

یہ محبّت کا خالص جذبہ، یہ بچّوں سے محبّت، یہ غریبوں کا احساس۔۔ مجھے سمجھ آ گئی کہ اس چاول والے کے چہرے پر مُسکراہٹ کیوں بسیرا کرتی ہے، اسے دیکھ کر رُوحانیت کا احساس کیوں ہوتا ہے۔۔۔!

سچ ہے ہر جگہ منافع نہیں دیکھا جاتا کیونکہ ہر انویسٹمنٹ اگر دنیاوی فائدے کے لیے کرتے رہیں گے تو آخرت میں ہمارے پَلّے کیا ہوگا۔۔۔؟ ہمیں یہاں کچھ ایسی انویسٹمنٹ ضرور کرنی چاہیے جس کا منافع وہاں ملے گا جہاں کوئی کسی کا نہیں۔۔۔!!!

 

انجینئر! شاہد صدیق خانزادہ
About the Author: انجینئر! شاہد صدیق خانزادہ Read More Articles by انجینئر! شاہد صدیق خانزادہ: 483 Articles with 304076 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.