معاشی سماجی استحکام سے سامنے آنے والے فوائد
(Shahid Afraz Khan, Beijing)
|
معاشی سماجی استحکام سے سامنے آنے والے فوائد تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین میں قیام کے حالیہ برسوں کے دوران متعدد علاقوں کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا۔ ہر علاقے کی اپنی ایک منفرد کہانی اور کامیابیوں کی دلکش داستان ہے جسے دیکھ کر واقعی چین کی ترقی کا راز کھلتا محسوس ہوتا ہے۔انہی علاقوں میں سنکیانگ بھی شامل ہے جہاں ذاتی مشاہدات کی روشنی میں تعمیر و ترقی کا ایک شان دار سفر دیکھنے کا ملا۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران، چین کے سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے میں نمایاں معاشی اور سماجی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔آج ،سنکیانگ خود اختیار علاقے کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منا رہا ہے اور یہ اپنے سب سے خوشحال دور سے گزر رہا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سماجی استحکام سنکیانگ کی معاشی اور سماجی کامیابیوں کی بنیاد رہا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں، استحکام، امن اور سلامتی کی مضبوط بنیادیں رکھی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں انتشار سے نظم کی جانب تاریخی تبدیلی آئی ہے اور عدم استحکام کی کوششوں کو مؤثر طریقے سے روکا گیا ہے۔
قومی یکجہتی چین میں تمام قومیتوں کی بقا کی کلید ہے اور سنکیانگ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ اس خطے میں بسنے والی تمام قومیتیں چینی قوم کے عظیم خاندان کا رکن ہیں۔ چینی قوم کے لیے اجتماعیت کے مضبوط جذبے کو فروغ دینا سنکیانگ میں طویل مدتی کام کی بنیاد رکھتا ہے۔
عزم اور محنت کے ساتھ، سنکیانگ ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر جدیدیت کی طرف بڑھ رہا ہے۔معاشی ترقی گواہی دیتی ہے کہ سنکیانگ نے کیسے خود کو تیزی سے اقتصادی خوشحالی کے سفر کی جانب گامزن کیا ہے۔ 1955 میں محض 1.23 بلین یوآن سے، سنکیانگ کی جی ڈی پی 2024 تک 2 ٹریلین یوآن سے تجاوز کر چکی ہے۔ خاص طور پر، 2012 سے 2024 تک، سنکیانگ کی جی ڈی پی مستقل قیمتوں پر 7 فیصد کی سالانہ شرح سے بڑھی ہے، جو قومی اوسط سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
سنکیانگ میں سماجی اور ماحولیاتی تبدیلیاں بھی گہرائی سے عیاں ہیں۔ ہزاروں سالوں سے، تکلمکان صحرا ،جو تقریباً جرمنی کے رقبے کے برابر ہے ، نے جنوبی سنکیانگ کے نازک نخلستان کے ماحولیاتی نظام پر مسلسل دباؤ ڈالا۔ ریتلے طوفانوں نے رابطے کو منقطع کر دیا اور اردگرد کے علاقوں کی معاشی و سماجی ترقی میں رکاوٹ ڈالی۔
آج، سنکیانگ نے اس ترقی کی رکاوٹ کو رابطے کے راستے میں بدل دیا ہے۔ صحرا کو پار کرنے والی چار شاہراہوں نے شمال۔جنوب نقل و حمل کے فاصلے کو 300 تا 500 کلومیٹر تک کم کر دیا ہے، جبکہ ہوتان۔روچیانگ ریلوے کی تکمیل نے دنیا کا پہلا صحرائی سرکلر ریل نیٹ ورک تشکیل دیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔
تکلمکان صحرا کے کناروں پر واقع گرین بیلٹ کو مزید وسیع کیا گیا ہے۔ 2024 میں 3,046 کلومیٹر طویل ماحولیاتی حفاظتی بیلٹ کی تعمیر کے ساتھ ہی اس خطے میں ماحولیاتی تحفظ کی کامیابی کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا، جس نے صحرائی توسیع کو مؤثر طریقے سے روکا ہے۔
اپنے قدرتی وسائل اور صنعتی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے، سنکیانگ نے جدید صنعتی نظام کی تعمیر کی کوششوں کو تیز کر دیا ہے۔ یہ خطہ مسلسل 32 سالوں سے چین کا سب سے بڑا کپاس پیدا کرنے والا علاقہ رہا ہے، جہاں جوتائی، بوائی اور کٹائی کے عمل میں مشینری کی شرح 97 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
یہ پیش رفت عوام کے معیار زندگی تک پھیلی ہوئی ہے۔ 2020 کے اواخر میں، ملک بھر میں مطلق غربت کے خاتمے کے ساتھ ہی سنکیانگ میں 30 لاکھ 60 ہزار رہائشیوں کو غربت سے نکالا گیا۔ 2024 میں، سنکیانگ میں شہری باشندوں کی فی کس قابل خرچ آمدنی 42,820 یوآن سالانہ اور دیہی باشندوں کی 19,427 یوآن سالانہ تک پہنچ چکی ہے۔
آج، سنکیانگ کے ہر گاؤں میں لائسنس یافتہ طبی عملہ موجود ہے، اور 1949 سے قبل خطے میں متعدی امراض کی کثرت اور طبی وسائل کی کمی کے باعث محض 30 سال کی عمر کے مقابلے میں آج متوقع عمر 77 سال تک جا پہنچی ہے۔
مزید برآں، حکام نے بزرگوں کی دیکھ بھال، تعلیم، روزگار اور عوامی رہائش جیسے شعبوں میں چیلنجز سے احسن طور پر نمٹتے ہوئے، اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ترقی کے ثمرات سے تمام قومیتیں یکساں طور پر فائدہ اٹھائیں۔
کھلا پن سنکیانگ کی ایک اور نمایاں خصوصیت ہے۔ 2024 میں خطے کا کل بیرونی تجارتی حجم 435.11 بلین یوآن تک پہنچ گیا، جس میں سال بہ سال 21.8 فیصد اضافہ ہوا۔ سنکیانگ کی چین۔یورپ مال بردار ٹرینیں اب 23 روٹس پر چل رہی ہیں، جو 19 ممالک کے 26 شہروں سے منسلک ہیں۔
یہ امر بھی غورطلب ہے کہ سنکیانگ دنیا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ 2024 میں 302 ملین سیاحوں نے یہاں کا دورہ کیا، اور عوامی سیکیورٹی سے اطمینان کی شرح 99.42 فیصد رہی، جو اس کے محفوظ اور مستحکم ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔
سنکیانگ کی ترقی نے عوام کے حصول، اطمینان اور تحفظ کے جذبے کو مضبوط کیا ہے۔ نئے دور میں سنکیانگ کی حکمرانی کے حوالے سے سی پی سی کی رہنمائی اور پورے ملک کی ادارہ جاتی مدد کے تحت، سنکیانگ کی ترقی اور جدیدیت ایک ایسے موڑ پر پہنچ چکی ہے جسے روکنا ناممکن ہے۔ |
|