جدید زراعت ، نئے ثمرات
(Shahid Afraz Khan, Beijing)
|
جدید زراعت ، نئے ثمرات تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
ایک بڑے زرعی ملک کی حیثیت سے چین اپنی جدید زراعت کو مزید بااختیار بنانے کے لئے تکنیکی جدت طرازی پر زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور نئے معیار کی پیداواری قوتوں کو مستقل ترقی دی جا رہی ہے۔چینی فیصلہ سازوں نے بائیوٹیک اور اسمارٹ فارمنگ آلات میں ملک کی تیزرفتار ترقی کے تناظر میں زرعی جدید کاری کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے اور سائنسی جدت طرازی سے فائدہ اٹھانے کا واضح ایجنڈا مقرر کیا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ چین نے حالیہ برسوں میں زرعی تکنیکی اختراع کے لیے پالیسی حمایت اور وسائل میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جس سے اس شعبے کو دنیا کے اعلیٰ درجے میں داخل ہونے میں مدد ملی ہے اور تکنیکی ترقی اور عملی اطلاق میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا جیسی جدید ترین ٹیکنالوجیز اور جدید زرعی مشینری کو پورے کاشتکاری کے عمل میں یکجا کیا جا رہا ہے، جس سے زراعت کے شعبے میں زیادہ سائنسی اور موثر طریقہ کار اپنانا ممکن ہو رہا ہے۔
چینی زراعت میں ایک قابل ذکر تبدیلی فصلوں کے انتظام میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کا متعارف ہونا ہے۔اس وقت چین کے جدید زرعی پارکس میں، خودکار زرعی معائنہ روبوٹس نے چاول کے کھیتوں کی گشت کے لیے روایتی دستی معائنہ کی جگہ لے لی ہے۔ جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈلز سے لیس یہ روبوٹ کیڑوں اور بیماریوں کی اعلیٰ درستگی کے ساتھ نشاندہی کر سکتے ہیں۔
معائنہ روبوٹ پہلے سے طے شدہ راستے پر خودکار طریقے سے گشت کر سکتا ہے۔ اپنے سفر کے دوران، یہ آن بورڈ بلیک لائٹ کیمرے کا استعمال کرتے ہوئے ڈیٹا جمع کرتا ہے۔ اس ڈیٹا کو مصنوعی ذہانت کے ماڈل کے ڈیٹا بیس کے ساتھ یکجا کر کے، یہ کیڑوں اور بیماریوں کی نشاندہی کر سکتا ہے۔
اسی طرح ہائی ٹیک "اسمارٹ برین" سسٹم چینی زرعی ماہرین کو چاول کے بڑے کھیتوں کی دور سے نگرانی کرنے کے قابل بنا رہا ہے۔ یہ سسٹم مٹی، ماحول اور فصلوں کی صحت کے ڈیٹا کو جمع کرتا ہے، اسے کلاؤڈ پلیٹ فارمز پر منتقل کرتا ہے جہاں مصنوعی ذہانت کے ماڈلز معلومات کا تجزیہ کرتے ہیں اور تجاویز فراہم کرتے ہیں۔ یہ فصلوں کی نشوونما کی پیشین گوئی کرتا ہے، پیداوار کا تخمینہ لگاتا ہے اور یہاں تک کہ کیڑوں کے حملوں کی 7 سے 10 دن پہلے پیشین گوئی کرتا ہے، جس سے کسانوں کو بروقت رد عمل اقدامات سے متحرک انتظام کی طرف منتقل ہونے میں مدد ملتی ہے۔
مصنوعی ذہانت سے چلنے والے نظاموں کے علاوہ، نئے آلات فصلوں کی کٹائی کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کر رہے ہیں۔دیہی علاقوں میں فصلوں کی کٹائی کے ایک نئے ہارویسٹر کے متعارف کرانے سے، جو ایک ساتھ پودوں کے تنے اور دانے جمع کرتا ہے، مزدوری کے اخراجات میں کافی کمی آئی ہے۔یہ ہارویسٹر تنوں کی ثانوی پروسیسنگ کی ضرورت ختم کر دیتا ہے، جنہیں اکٹھا کر کے جانوروں کے چارے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جس سے زراعت اور مویشی پروری کے درمیان سرکلر اکانومی کو فروغ ملتا ہے۔نئی مشینری کے فروغ اور اطلاق سے فصلوں کی کٹائی کے نقصانات انتہائی کم ہو چکے ہیں ، جس سے کسانوں کی آمدنی میں نمایاں حد تک اضافہ ہو رہا ہے ۔
ایسے ذہین ہارویسٹرز بھی استعمال کیے جا رہے ہیں جو "ربر چین" سے لیس ہیں تاکہ مکئی کو آہستگی سے کاٹا جا سکے، نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے اور اعلیٰ معیار کی پیداوار کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایسے ہارویسٹرز چین کی جانب سے آزادانہ طور پر تیار کیے گئے ہیں، جو ایک اہم کامیابی ہے کیونکہ ہائی اینڈ مشینری مارکیٹ پر پہلے غیر ملکی کمپنیوں کی اجارہ داری تھی۔اب چین کی اپنی تیار کردہ زرعی مشینیں ملک کی زرعی سلامتی اور خود مختاری کو یقینی بنانے کے لیے بہت اہم ہیں۔
چین کی زراعت میں مزید نئی تکنیکی جہتوں کا ذکر کیا جائے تو ڈرون کا استعمال بھی فصلوں کی بہتر پیداوار میں نمایاں مدد فراہم کرر ہا ہے۔یہ ڈرون، مصنوعی ذہانت سے چلنے والے پلیٹ فارمز کے ساتھ مل کر، بیجائی اور کھاد ڈالنے سے لے کر کیڑوں کے کنٹرول اور کٹائی تک، فصل کی نشوونما کے ہر مرحلے کی نگرانی کرتے ہیں، جس سے کسان ڈیٹا پر مبنی فیصلے کر سکتے ہیں، کارکردگی کو بہتر بنا سکتے ہیں، فصلوں کے نقصان کو کم کر سکتے ہیں اور مجموعی پیداواری صلاحیت کو بڑھا سکتے ہیں۔
حقائق واضح کرتے ہیں کہ ،چین اسمارٹ زراعت کی ترقی کے لئے اپنی حمایت کو مسلسل بڑھا رہا ہے اور مصنوعی ذہانت، بگ ڈیٹا اور کم اونچائی والی ٹیکنالوجیوں کے ایپلی کیشن منظرنامے کو وسعت دے رہا ہے۔اسی طرح زراعت کے شعبے میں معیاری پیداواری قوتوں کو پروان چڑھانے کے لئے اعلیٰ سطح کا ترقیاتی فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے اور دیہی احیاء کو آگے بڑھانے کے لئے مزید ٹھوس اقدامات پر مضبوطی سے عمل درآمد جاری ہے۔ |
|