سال 2011 جہاں اور بہت سے واقعات کی بنا پرتاریخ میں یاد کیا جاتا رہے
گا ،وہیں اس سال کی پہچان وہ شادیاں بھی رہیں گی جو رفتہ رفتہ تاریخ کا حصہ
بنتی جارہی ہیں ۔ یہ شادیاں چند انوکھی وجوہات کی بنا پر یادگار کہلائی-
بھارتی تاریخ کی مہنگی ترین شادی
سال 2011ء میں بھارت میں ہی ایک ایسی شادی بھی ہوئی جس کی تفصیلات
کسی دلچسپی سے خالی نہیں۔ 2 مارچ کو ہونے والی یہ شادی بھارتی تاریخ کی اب
تک مہنگی ترین شادی ثابت ہوئی جس میں 15 ہزار باراتی شریک ہوئے جبکہ اس پر
کروڑوں روپے کے اخراجات آئے۔ یہ شادی بھارت کی حکمراں جماعت کانگریس کے
راہنما کنورسنگھ تنوور کے بیٹے للیت سنگھ اور دلہن یوگیتا کی تھی ۔ دلہن کی
رخصتی ہیلی کاپٹر میں ہوئی جو اسے جہیز میں دیا گیا تھا۔ شادی میں شرکت
کرنے والے ہر فرد کو تحفے کے طور پر30گرام سونے اور چاندی کا ایک بسکٹ دیا
گیا ۔ اس کے علاوہ ہر فرد کو ایک سفاری سوٹ، ایک شال اور 2100روپے بطور
تحفہ دیئے گئے ۔
شادی تو شادی ولیمہ بھی قابل ذکر رہا۔ ولیمے میں شرکت کے لئے لڑکے والوں کی
طرف سے 11 ہزار افراد کو دعوت نامے بھیجے گئے جبکہ دلہن کی طرف سے 7ہزار
افراد کو دعوت دی گئی ہے۔ ولیمے میں شرکت کیلئے تمام افراد کو ہوائی جہاز
کے ٹکٹ بھی بھجوائے گئے ۔ لڑکی کو سلامی میں ڈھائی کروڑ روپے دیئے گئے۔
ولیمہ 6 مارچ کو نئی دہلی میں ہوا۔ جہیز کی مد میں 21کروڑ روپے نقد اور
25کروڑ روپے کا ایک گھر دیا گیا ۔ اس گھر میں 11کروڑ روپے کا سامان پہلے سے
موجود تھا۔ بھارت کی روایات کے تحت شادی میں بینڈ باجے والوں کو بھی مدعو
کیا گیا تھا جن پر تقریباً ایک کروڑ روپے نچھاور کئے گئے۔ |
|
برطانوی شہزادے پرنس ولیم اور کیٹ
مڈلٹن کی شادی
رواں سال 29اپریل کو برطانوی شاہی خاندان میں بھی ایک ایسی ہی
یادگار شادی ہوئی جسے دنیا کے کونے کونے میں براہ راست دیکھا گیا۔ یہ شادی
تھی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے پوتے پرنس ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی ۔ شادی
میں 600 غیر ملکیوں سمیت 1900 مہمانوں نے شرکت کی۔ 2 ارب سے زائد لوگوں نے
دنیا بھر میں شادی کی براہ راست تقریب ٹی وی پر دیکھی۔
شادی کی تقریب کے موقع پر لندن میں موجود ایک پاکستانی شہری آصفہ ادریس نے
وائس امریکہ کے نمائندے سے اس شادی کا آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے
بتایا کہ سفید رنگ کے عروسی لباس میں ملبوس کیٹ سادگی و پرکاری کا شاہکار
تھیں تو شہزادہ ولیم بھی فوجی وردی میں بہت جچ رہے تھے ۔ دنیا بھر کی مشہور
لیکن منتخب ہستیوں کی شرکت نے جہاں تقریب کو ایک انوکھا رنگ دیا وہیں دلہن
کے سادہ مگر انتہائی اسٹائلش لباس نے فیشن کی دنیا میں ایک نیا ٹرینڈ
متعارف کرایا۔
|
|
پرنسیس زارا کی شادی
شہزادہ ولیم اور میڈلٹن کی شادی کا جشن جس قدر دنیا کے لئے ایک حسین و جمیل
لمحہ ثابت ہوئی ، اسی خاندان سے تعلق رکھنے والے پرنسیس زارا کی شادی اس
قدر سادگی سے ہوئی کہ سادگی کے سبب ہی اس سال کی ایک اور یاد گار شادی کا
درجہ مل گیا۔یہ شادی ہوئی 30 جولائی کو اور وہ بھی نہایت خاموشی، رازداری
اور سادگی کے ساتھ۔ حتیٰ کہ اس شادی کا اعلان بھی صرف ایک دن پہلے یعنی 29
جولائی کو کیا گیا۔
ملکہ برطانیہ الزبتھ کی پوتی زارا فلپس رگبی کے کھلاڑی مائیک ٹنڈل کے ساتھ
رشتہ ازدواج میں بندھیں۔ شادی اسکاٹ لینڈ کے علاقے ایڈن برگ کے ایک چرچ میں
انجام پائی جبکہ شادی سے ایک روز پہلے استقبالیہ ایک بحری جہاز پر دیا گیا
جس میں شاہی خاندان کے صرف اہم ترین افراد نے شرکت کی۔ |
|
بھوٹان کے شاہ جگمے کھیسر کی کالج
دوست سے شادی
13 اکتوبر کو بھوٹان کے 31سالہ بادشاہ جگمے کھیسر نے اپنی کالج کی دوست اور
ایک عام لڑکی جیٹسن پما سے شادی کی ۔ اس شادی کا جشن مسلسل3 روز تک منایا
گیا۔ دلہا اور دلہن ایک دوسرے کو 14 سال سے جانتے تھے اور ان کا آپس میں
میل ملاپ تھا۔ شادی کی تقریب دارالحکومت پناکھا میں ہوئی۔
جگمے کھیسر بھوٹان کے پانچویں بادشاہ ہیں۔ وہ امریکہ اور برطانیہ سے فارغ
التحصیل ہیں۔ انہیں ہمالیہ کا ”دلکش بادشاہ “بھی کہا جاتا ہے۔وہ 2008ء میں
تخت نشین ہوئے تھے۔ جیٹسن پیما شاہ بھوٹان سے 10 سال چھوٹی ہیں۔
|
|